اسلام آباد لانگ مارچ، ’یہ ٹیسٹ میچ ہوگا اور ہم ہی جیتیں گے‘: سہیل آفریدی

398610 1996896850


وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پیر کو کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)  27 ستمبر کو اسلام آباد میں پرامن احتجاج کرے گی اور یہ مختصر نہیں بلکہ ٹیسٹ میچ کی طرح طویل ہو گا جس میں ہم کامیاب ہوں گے۔

پشاور میں دیگر پی ٹی آئی رہمناؤں کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس میں سہیل آفریدی نے کہا:’ہمارے ہاتھوں میں کچھ نہیں ہوگا، ہم سیاسی قوت ہیں اور مسئلہ سیاسی طریقے سے حل کرنے پر یقین رکھتے ہیں۔‘

پی ٹی آئی نے 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے اس حوالے سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے 18 ستمبر کو کہا تھا کہ حکومت اسلام آباد کی جانب مارچ کو ’ہر ممکن طریقے سے‘ روکے گی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس حوالے سے واضح ہدایات دی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا تھا کہ اگر کسی نے فورسز پر فائرنگ کی تو اہلکار خاموش نہیں رہیں گے۔

محسن نقوی نے یہ بھی کہا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں دارالحکومت یا کسی دوسرے صوبے میں بدامنی کی اجازت نہیں دی جا سکتی اور خلاف ورزی کی صورت میں قانونی کارروائی کی جائے گی۔

سہیل آفریدی نے وزیر داخلہ کے بیان کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم بندوق سے مقابلہ نہیں کر رہے۔‘ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کے پاس بندوق نہیں کہ گولی چلائیں، جبکہ کابینہ ارکان پر گولیاں برسائی جا رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان اور بانی پی ٹی آئی کبھی نہیں جھکے، جبکہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کو بھی کل ’اغوا‘ کیا گیا ہے۔

ان کے بقول: ’26 نومبر 2024 کے بعد مسلسل پی ٹی آئی پر ظلم ہوتا رہا، ہمارے پرامن شہریوں پر، جنہیں پاکستان کا آئین حقوق دیتا ہے، گولیاں چلائی گئیں۔‘

انہوں نے کہا کہ گذشتہ دو سالوں میں ہم نے خیبرپختونخوا کے علاوہ کوئی بڑا احتجاج نہیں کیا۔ بطور سیاسی جماعت ہم نے آئینی تمام طور طریقے اپنائے، لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عدالتوں کے احکامات ہیں کہ ہر ہفتے 18 لوگ بانی پی ٹی آئی سے مل سکتے ہیں، لیکن عدالتی احکامات کے باوجود انہیں ملنے نہیں دیا جا رہا۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ وہ پرامن احتجاج کریں گے، اگر کسی نے انہیں احتجاج سے روکنا ہے تو آئین کے ساتھ بتا دیں۔

انہوں نے کہا کہ پارلیمانی اجلاس میں فیصلہ ہوا ہے کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد میں احتجاج کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص انتشار کرنا چاہے گا وہ ان میں سے نہیں ہوگا اور لانگ مارچ میں کسی نے انتشار پھیلانے کی کوشش کی تو وہ ان میں سے نہیں ہوگا۔

وزیراعلیٰ کے مطابق 25 ستمبر کو اسلام آباد جانے کا پلان واضح ہوجائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اتنا بتا دوں کہ یہ ٹیسٹ میچ ہوگا اور ہم ہی جیتیں گے۔‘

ہمارا آخری فیصلہ لانگ مارچ کرنا ہے: بیرسٹر گوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے اس اس موقع پر کہا کہ ’ہم ہمیشہ پرامن تھے اور پرامن رہیں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے گھر کی چار خواتین جیل میں ہیں اور ریاست کو اپنا طرزعمل تبدیل کرنا ہوگا۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ لانگ مارچ کرے گی۔ ’25 مرتبہ ہائی کورٹ گئے، کئی بار سپریم کورٹ گئے لیکن کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔‘

انہوں نے کہا کہ اب ان کا آئینی اور جمہوری حق ہے کہ وہ احتجاج کریں۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا میں حکومت پی ٹی آئی کی ہے لیکن ’اس کا کسی اور کا چل رہا ہے۔‘

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’ہمارا آخری فیصلہ ہے کہ ہم نے لانگ مارچ کرنا ہے اور ہم جا کر رہیں گے۔‘

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے صرف انصاف کے لیے آواز اٹھانی ہے اور اب لانگ مارچ کر کے احتجاج کریں گے۔‘

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقاتیں اور ان کا علاج ان کی ڈیمانڈز ہیں۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ’ہم سیاسی ورکرز ہیں اور بانی پی ٹی آئی کے لیے آواز لازمی اٹھائیں گے۔‘

ان کے مطابق پی ٹی آئی نے ہمیشہ کہا ہے کہ وہی کیا جائے جو آئین اور قانون کے مطابق ہے۔

حکومت کا مارچ روکنے کا اعلان

دوسری جانب وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پیر کو کہا ہے کہ حکومت پی ٹی آئی کا مارچ روکنے کے لیے اقدامات کرے گی اور کسی کو اسلام آباد کی طرف آنے نہیں دیا جائے گا۔

صحافیوں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کا احتجاج کبھی پرامن نہیں رہا اور حکومت انہیں کسی صورت انتشار پھیلانے کی اجازت نہیں دے گی۔‘

وزیر اطلاعات کے بقول: ’ان کی نیت خراب ہے اور طبیعت بھی، لیکن ہم ان کی طبیعت ٹھیک کر دیں گے۔‘





Source link

متعلقہ پوسٹ