’’آئندہ ساتھ پریس کانفرنس نہیں کروں گا‘‘، خالد مقبول فاروق ستار سے ناراض
آپ دن میں 7،8 پریس کانفرنس کرتے ہیں پھر میں کرتا ہوں، اس میں بھی آپ بولنے نہ دیں گے تو کیسے چلے گا، خالد مقبول
کراچی: پریس کانفرنس میں گفتگو کرنے کا موقع نہ دینے پر ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین خالد مقبول صدیقی سینئر رہنما فاروق ستار سے ناراض ہوگئے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں نے کراچی میں پریس کانفرنس کی جس کے بعد چیئرمین خالد مقبول صدیقی فاروق ستار سے ناراض دکھائی دیے۔
انہوں نے فاروق ستار کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ’’آپ دن میں 7،8 پریس کانفرنس کرتے ہیں پھر میں کرتا ہوں، اس میں بھی آپ بولنے نہ دیں گے تو کیسے چلے گا، اب میں آئندہ نہیں کروں گا‘‘۔
خیال رہے کہ اس سے قبل پریس کانفرنس میں خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے آرٹیکل 140 اے پر ن لیگ سمیت سب متفق ہیں اور پیپلزپارٹی کے بغیر بھی اس کو اکثریت سے پاس کراسکتے ہیں۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا تھا کہ پاکستان میں زیادہ سے زیادہ انتظامی یونٹس ہونے چاہیے، خاندانی حکومتوں اور موروثی سیاست کے خاتمے کا وقت آگیا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے عوام نے گزشتہ روز سڑکوں پر نکل کر اپنا فیصلہ ریکارڈ کرادیا ہے۔ پاکستان کو اب موجودہ حالت میں نہیں چلایا جاسکتا، جاگیردارانہ جمہوریت ملک کا مستقبل نہیں ہوسکتی۔

