راولپنڈی: دو بیٹیوں سمیت اغوا خاتون قتل، بچیاں بازیاب، دیور گرفتار

lady deadbody1788039313 0



ڈھوک جنگ سے 16 روز قبل دو کمسن بیٹیوں سمیت اغوا ہونے والی 28 سالہ خاتون کو مبینہ طور پر قتل کر دیا گیا، جبکہ پولیس نے دونوں بچیوں کو بحفاظت بازیاب کروا کے خاتون کے دیور کو گرفتار کرلیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق خاتون نبیلہ شاہین کو ڈیڑھ سالہ بیٹی آیت نور اور 4 سالہ شفاء نور سمیت 12 ستمبر کو اغوا کیا گیا تھا۔ واقعے کا مقدمہ تھانہ صدر بیرونی میں خاتون کے بھائی نبیل جاوید کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مقدمے کی تفتیش کے دوران خاتون کے دیور کو شامل تفتیش کیا گیا، جس سے مبینہ طور پر اہم انکشافات سامنے آئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم نے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر جائیداد کے تنازع اور سابقہ مقدمہ بازی کی بنا پر اپنی بھابھی کو مبینہ طور پر گولی مار کر قتل کیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق خاتون کی لاش گڑھے میں دفن کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم دونوں کمسن بچیوں کو بھی قتل کرنے کا ارادہ رکھتا تھا، تاہم پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انہیں بازیاب کروا لیا۔ ڈیڑھ سالہ آیت نور اور 4 سالہ شفاء نور کو گرفتار ملزم کی نشاندہی پر بازیاب کیا گیا۔

پولیس نے گرفتار ملزم سے مزید تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ خاتون کی لاش کی تلاش اور واقعے میں ملوث دیگر افراد کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔



Source link

متعلقہ پوسٹ