جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے، ایران
‘امریکا آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے معاہدے میں سنجیدہ ہے تو اس حوالے سے پیش رفت کا امکان موجود ہے’
ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، معاملہ مذاکرات کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے۔
عباس عراقچی نے امریکی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ امریکا آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے معاہدے میں سنجیدہ ہے تو اس حوالے سے پیش رفت کا امکان موجود ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے 7 روزہ منصوبہ پیش کیا، چاہتے ہیں امریکا کچھ مخصوص اقدامات کرے، امریکا یہ اقدامات 5 دن میں مکمل کرسکتا ہے جس کے بعد 6 روز آبنائے ہرمز کھول دی جائے گی جبکہ ساتویں روز حتمی معاہدے کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کردیے جائیں گے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نے جوہری عدم پھیلاؤ معاہدے کی خلاف ورزی نہیں کی، 2025 اور 2026 میں مذاکرات کے دوران امریکا نے ہم پر حملے کیے جس معاہدے پر انہوں نے خود دستخط کیے اسے توڑنے میں صرف 2 ہفتے لگے۔
عباس عراقچی نے مزید کہا کہ ہمارے پاس سفارتکاری کی طرف واپس جانے کی کوئی وجہ نہیں بنتی، اس کے باوجود میں اب بھی سفارتکاری کی کوشش کررہا ہوں، ہمیں امن کا کوئی بھی موقع ضائع نہیں کرنا چاہیے۔

