چین میں موسلادھار بارشوں کے باعث نیشنل ہائی وے کا ایک بڑا حصہ منہدم ہو گیا
مقامی حکومت اور پولیس کے محکموں نے متاثرہ سڑک کو فوری طور پر بند کردیا
چین کے جنوب مغربی شہر چونگ چنگ میں کئی روز سے جاری موسلادھار بارش کے باعث نیشنل ہائی وے جی 242 کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جس کے بعد حکام نے سڑک کو ٹریفک کے لیے بند کرکے علاقے کو سیل کردیا۔
چینی حکام کے مطابق وو شی کاؤنٹی میں نیشنل ہائی وے جی 242 کا تقریباً 15 میٹر طویل اور 3 میٹر چوڑا حصہ شدید بارش اور سیلابی پانی کے ریلے کی زد میں آکر تباہ ہوا جبکہ سڑک کا تقریباً نصف بیس بہہ گیا اور سڑک کی سطح کو شدید نقصان پہنچا۔
خطرے کی اطلاع ملتے ہی مقامی حکومت اور پولیس کے محکموں نے متاثرہ سڑک کو فوری طور پر بند کردیا اور گاڑیوں و پیدل افراد کا داخلہ روک دیا تاکہ کسی ممکنہ ثانوی حادثے سے بچا جاسکے۔
حکام کے مطابق بارش کا سلسلہ جاری رہنے کے باعث فی الحال متاثرہ علاقے میں اہلکاروں یا بھاری مشینری کو بھیجنا محفوظ نہیں۔ مرمتی کام بارش رکنے، دریائی پانی کی سطح کم ہونے اور پہاڑی علاقے و سڑک کی بنیاد مکمل طور پر مستحکم ہونے کے بعد شروع کیا جائے گا۔
چونگ چنگ میونسپل ہائیڈرولوجیکل مانیٹرنگ اسٹیشن کے مطابق پیر کی صبح 8 بجے سے منگل کی صبح 8 بجے تک شہر کے بیشتر علاقوں میں درمیانی سے شدید بارش ہوئی، جبکہ بعض علاقوں میں انتہائی موسلادھار بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے باعث 37 چھوٹے اور درمیانے درجے کے دریاؤں میں پانی کی سطح ایک سے پانچ میٹر تک بلند ہوئی، جن میں 5 دریا خطرے کی حد سے بھی تجاوز کرگئے۔ تاہم منگل سہ پہر 3 بجے تک تمام دریاؤں میں پانی کی سطح دوبارہ الرٹ لیول سے نیچے آگئی۔

