وزیراعظم شہباز شریف نے چین کی 77 ویں سالگرہ پر مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ چین کا عالمی امن اور ترقی میں اہم کردار ہے اور ہم چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے دوسرے مرحلے میں داخل ہو رہے ہیں۔
وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی جمہوریہ چین کے قیام کی 77ویں سال گرہ کے موقع پر تقریب سے خطاب کیا اور کہا کہ چین کے قومی دن کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے اور اس موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ اور چین کے عوام کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تاریخی دن عظیم چینی قوم کی ثابت قدمی، اتحاد اور ناقابل تسخیر جذبے کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، عالمی امن، استحکام اور ترقی میں چین کا انتہائی اہم کردار ہے، صدر شی جن پنگ کی دوراندیش قیادت میں چین نے انسانی ترقی، سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں میں بے مثال ترقی کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ 2026 کا سال پاکستان اور چین کے مشترکہ سفر میں ایک خصوصی اہمیت رکھتا ہے، پاکستان اور چین اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سال گرہ منا رہے ہیں، ہمارے دل ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں اور ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہماری دوستی نے ہمیشہ وقت کے ہر امتحان، خواہ وہ زلزلے ہوں، طوفان ہوں یا سیلاب، سامنا کیا ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) ہماری دیرینہ دوستی اور اپنے عوام کے لیے زیادہ خوش حال اور ترقی یافتہ مستقبل کے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اب ہم سی پیک کے اگلے مرحلے سی پیک 2.0 میں داخل ہو رہے ہیں، نئے فیز میں صنعت کاری، خصوصی اقتصادی زونز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت، زراعت، کان کنی اور معدنیات پر خصوصی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ زراعت کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت انتہائی خوش آئند ہے، پاکستان سے تعلق رکھنے والے ایک ہزار زرعی گریجویٹس کے پہلے گروپ نے چین میں اپنی تربیت مکمل کر لی ہے، مزید ایک ہزار افراد پر مشتمل اگلا گروپ چین جانے کے لیے تیار ہیں، یہ ہمارے نوجوانوں کی صلاحیتوں اور ان کے مستقبل میں ایک قیمتی سرمایہ کاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان چین تعلقات ہماری خارجہ پالیسی کا بنیادی ستون ہیں، رواں سال مئی میں صدر شی جن پنگ کے ساتھ گفتگو ہماری دیرینہ دوستی کی ایک مضبوط تجدید عہد تھی، ہم دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان طے پانے والی اہم مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے پوری طرح پرعزم ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ چینی زبان کا ایک خوبصورت قول ہے دور دیس میں موجود مخلص دوست، دور کی سرزمین کو قریب کر دیتا ہے، یہ الفاظ ہمارے دونوں عظیم ممالک کے درمیان دوستی اور قربت کی بہترین عکاسی کرتے ہیں۔
چینی سفیر جیانگ زائڈونگ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ چین اور پاکستان ہر موسم کے تزویراتی تعاون کے شراکت دار ہیں، پاکستان اپنے اصولی مؤقف، وسیع عالمی وژن اور اعلیٰ سفارتی بصیرت کے باعث بین الاقوامی سطح پر بڑھتا ہوا اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کثیرالجہتی اور بین الاقوامی تعاون کی حمایت کی، خطے اور اس سے باہر امن و سلامتی کے تحفظ میں اہم کردار ادا کیا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے 81ویں اجلاس سے خطاب میں پاکستان کے قومی مفادات کا مضبوطی سے دفاع کیا۔
چینی سفیر نے کہا کہ اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں بین الاقوامی اور علاقائی مسائل پر پاکستان کے مؤقف کو پیش کیا گیا جس سے عالمی برادری کی جانب سے سراہا گیا، گزشتہ 75 برسوں کا شان دار سفر ثابت کرتا ہے کہ چین اور پاکستان ایسے دوست ہیں جنہوں نے خوشی اور غم میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور چین ہر وقت بھائیوں کی طرح ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے، وزیر اعظم شہباز شریف نے مختلف شعبوں میں چین پاکستان عملی تعاون کو ہمیشہ بہت اہمیت دی ہے۔
Source link

