کراچی: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اب صنعت کاری، برآمدات میں اضافے، پائیدار ترقی اور روزگار کی فراہمی پر توجہ مرکوز کرنے کی متقاضی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نیا ناظم آباد اپارٹمنٹس کی لسٹنگ کے موقع پر گونگ تقریب سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ معاشی استحکام ٹیم ورک اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہے۔ نجی شعبے اور سرمایہ کار ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں کلیدی کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اب معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب بڑھنا ہوگا، جس کے لیے برآمدات پر مبنی اقتصادی نمو ضروری ہے۔ اس عمل سے پیداوار، روزگار، اشیا و خدمات کی ترسیل اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے طویل عرصے سے زیرِ التوا اصلاحات پر سنجیدگی سے عملدرآمد کیا ہے، جبکہ سیاسی اور عسکری قیادت کے باہمی تعاون سے معاشی حالات میں بہتری آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ان شاء اللہ دنیا کے نقشے پر ایک طاقتور معیشت بن کر ابھرے گا۔
شہباز شریف نے بتایا کہ اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ کے ذخائر 21.4 ارب ڈالر جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر 5.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے ترسیلاتِ زر، آئی ٹی برآمدات اور روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی کارکردگی میں بہتری کو بھی حوصلہ افزا قرار دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں برآمد کنندگان، صنعت کاروں اور تعمیراتی شعبے کے لیے سینکڑوں ارب روپے کی ٹیکس مراعات اور سہولیات فراہم کی ہیں۔ انہوں نے تعمیراتی صنعت کو روزگار اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ اب نجی شعبے کو آگے بڑھ کر سرمایہ کاری، جدید مشینری اور پیداواری صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی مفاد کو ذاتی مفادات پر ترجیح دے کر ہی پاکستان کو اس کا جائز مقام دلایا جا سکتا ہے۔

