کراچی؛ ہیوی گاڑیوں سے جان لیوا خونی حادثات تھم نہ سکے، 12 سالہ لڑکے سمیت 6 افراد جاں بحق

traffic accident1791054150 0



کراچی میں ہیوی گاڑیوں سے جان لیوا خونی حادثات تھم نہیں سکے اور مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 12 سالہ لڑکے سمیت 6 افراد جاں بحق اور ایک نوجوان زخمی ہوگیا۔

ریسکیو کے مطابق کورنگی بلال چورنگی کے قریب بس کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا، متوفی کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں ان کی شناخت 30 سالہ راشد کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی نوجوان 17 سالہ مسعود نور بشیر کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جاں بحق اور زخمی دونوں سگے بھائی ہیں۔

عوامی کالونی پولیس کا کہنا تھا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر ڈرائیور کو گرفتار کر کے بس کو قبضے میں لیا اور تھانے منتقل کر دیا، اس حوالے سے مزید تفتیش کا عمل جاری ہے۔

سائٹ سپرہائی وے نیو سبزی منڈی کے قریب بوریوں سے لدے ہوئے ٹریلر کی زد میں آکر ایک شخص جاں بحق ہوگیا جن کی لاش چھیپا کے رضا کاروں نے عباسی شہید اسپتال پہنچائی، پولیس کے مطابق حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کو گرفتار کر کے ٹریلر کو قبضے میں لے لیا ہے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ متوفی کے قبضے سے ایسی کوئی چیز برآمد نہیں ہوئی جس سے ان کی شناخت میں مدد مل سکے تاہم اس حوالے سے پولیس کوششیں کر رہی ہے، ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش تلاش ورثا کے لیے سرد خانے میں رکھوا دی گئی ہے۔

دریں اثنا سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب سپر ہائی وے جمالی پل بائیکو پمپ کے قریب تیز رفتار دودھ کی سوزوکی الٹنے سے ڈرائیور سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے، حادثے کی اطلاع ملتے ہی چھیپا کے رضا کار موقع پر پہنچ گئے اور جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی اسپتال منتقل کر دیا۔

 چھیپا حکام کے مطابق حادثے میں جاں بحق ایک شخص کی شناخت 45 سالہ سدھر کے نام سے ہوئی اور دوسرے متوفی کی شناخت کے حوالے سے پولیس مزید تفتیش اور کوششیں کر رہی ہے۔

ادھر کورنگی کازوے ندی شاہراہ بھٹو کے قریب ٹریفک حادثے میں نوعمر لڑکا جاں بحق ہوگیا، جس کی لاش چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئی، ریسکیو حکام کا کہنا تھا کہ فوری طور پر متوفی کی شناخت نہیں ہو سکی جس کی عمر 12 سال کے قریب بتائی جاتی ہے جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آیا۔

ریسکیو کے مطابق شاہراہ فیصل ڈرگ روڈ انڈر پاس کے قریب ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا، متوفی کی لاش جناح اسپتال لے جائی گئی، چھیپا حکام کا کہنا تھا کہ متوفی موٹر سائیکل پر سوار تھا جبکہ حادثہ نامعلوم گاڑی کی ٹکر سے پیش آنے کا بتایا جا رہا ہے ، متوفی کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی تاہم ان کی عمر 55 سال ہے۔

متعلقہ تھانوں کی پولیس دونوں ٹریفک حادثات میں جاں بحق افراد کی شناخت کے حوالے سے کوششیں اور مزید تفتیش کر رہی ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ