اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے سیکٹر ایف ایٹ تھری میں نواب آف بہاولپور فیملی کے گھر چوری کے مقدمے میں گرفتار چھ ملزمان کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ اظہر ندیم نے پیر کو کیس کی سماعت کی۔ پولیس کے مطابق ملزمان کو مدعی مقدمہ کے تتمہ بیان پر نامزد کیا گیا ہے اور ان سے قیمتی نوادرات سمیت دیگر چوری شدہ سامان برآمد کرنا ہے۔
پولیس نے ملزمان کے سات روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی، تاہم عدالت نے تین روزہ ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزمان کو سات اکتوبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
ملزمان کے خلاف تھانہ مارگلہ میں مقدمہ درج ہے۔
اس سے قبل پولیس نے بہاولپور کے سابق نواب کے خاندان کے ایک فرد کی رہائش گاہ سے نوادرات کی چوری کے الزام میں چھ افراد کو گرفتار کیا تھا۔
بہاولپور کے سابق نواب کے خاندان کے ایک فرد کی رہائش گاہ سے تقریباً دو کروڑ روپے (72 ہزار 438 ڈالر) مالیت کے نوادرات چوری کر لیے گیے تھے۔
یہ واقعہ ایف-ایٹ تھری کے علاقے میں پرنس بہاول عباس خان عباسی کے گھر میں پیش آیا۔ وہ نواب صلاح الدین عباسی کے بیٹے ہیں۔
مبینہ طور پر چوری ہونے والی اشیا میں چاندی کی تخت نما کرسی، چاندی کی سیڑھیاں، پیالے، سونے کی پلیٹیں اور مجسمے شامل ہیں۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
اس حوالے سے اسلام آباد پولیس نے پیر کو ایک بیان میں بتایا کہ تھانہ مارگلہ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی، سیف سٹی کیمروں اور انسانی ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے واردات میں ملوث چھ ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ قیمتی اشیا میں سے 70 سے 80 فیصد مال مسروقہ برآمد کر لیا گیا۔
اسلام آباد میں بہاولپور کے سابق نواب کے خاندان کے ایک فرد کی رہائش گاہ سے گھریلو ملازم نے تقریباً دو کروڑ روپے (72 ہزار 438 ڈالر) مالیت کے نوادرات چوری کیے جسے گرفتار کر لیا گیا۔ https://t.co/pZutsPWPFB
— Independent Urdu (@indyurdu) October 4, 2026
ان کا کہنا ہے کہ مزید برآمدگی اور دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا گیا۔
اس سے قبل اتوار کو پولیس نے بتایا تھا کہ ریاست بہاولپور کے نشان والی سونے کی اشیا، ریاستی نشان والا چاندی کا تاریخی فریم، پرانی بندوقیں اور تلواریں بھی چوری ہونے والی اشیا میں بتائی گئی ہیں۔
مارگلہ تھانے کے انچارج محمد عمران نے اتوار کو عرب نیوز کو بتایا تھا کہ معاملہ ایک گھریلو ملازم کی جانب سے چوری کا ہے، جسے گرفتار کر کے تفتیش کی گئی۔
ان کے مطابق ملزم نے بہاولپور کے نواب کے خاندان کا ورثہ اور نوادرات چرائے جن کی مالیت تقریباً دو کروڑ روپے ہے۔

