امریکی وسط مدتی انتخابات: ٹرمپ کا وعدہ، ریپبلکن کامیاب ہوئے تو ہر بالغ شہری کو ۵؍ ہزار ڈالر

trump trick d


واشنگٹن،(ایجنسی): امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اگر ریپبلکن پارٹی آئندہ وسط مدتی انتخابات میں ایوان نمائندگان اور سینیٹ میں کامیابی حاصل کرتی ہے تو ان کی انتظامیہ ہر بالغ امریکی شہری کو ۵؍ ہزار ڈالر ادا کرے گی۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری ویڈیو میں انہوں نے اس منصوبے کو "ٹرمپ ڈیوڈنڈ” قرار دیا اور اسے کسٹم ڈیوٹی سے حاصل ہونے والی آمدنی اور ملکی اقتصادی کارکردگی سے جوڑا۔ ان کا کہنا تھا کہ کانگریس میں ریپبلکن اکثریت انہیں اس پر عمل درآمد کا موقع فراہم کرے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کی انتظامیہ کسٹم ڈیوٹی سے بڑی رقم جمع کر رہی ہے اور امریکی معیشت مضبوط ہے۔ ڈیموکریٹس کی کامیابی کی صورت میں انہوں نے ٹیکسوں میں اضافے اور معاشی مشکلات کا خدشہ ظاہر کیا۔ انہوں نے دسمبر ۲۰۲۵ء میں فوجی اہلکاروں کو دیے گئے ۱۷۷۶؍ ڈالر کے "واریرز الاؤنس” کا بھی حوالہ دیا۔
رپورٹس کے مطابق تقریباً ۲۴۵؍ ملین بالغ شہریوں کو ۵؍ ہزار ڈالر فی کس دینے پر مجموعی لاگت ۱ء۲؍ ٹریلین ڈالر سے زیادہ ہو سکتی ہے۔ اس تجویز پر عمل درآمد کے لیے کانگریس کی منظوری درکار ہوگی، جبکہ ماہرین نے اس کی مالی اعانت اور بجٹ پر اثرات کے بارے میں سوالات اٹھائے ہیں۔
ٹرمپ نے یہ تجویز پہلی بار ستمبر میں ریپبلکن پارٹی کی مڈٹرم کانفرنس میں پیش کی تھی۔ بعد ازاں نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ زیادہ آمدنی والے افراد کو اس سے باہر رکھنے پر غور کیا جا سکتا ہے اور اس کی مالی اعانت کسٹم ڈیوٹی کی آمدنی سے ہو سکتی ہے۔

متعلقہ پوسٹ