ایک ہفتے میں 10 ہزار سے زائد غیر ملکی ڈی پورٹ 14 ہزار گرفتار

news 1791790718 5030



news 1791790718 5030

(ویب ڈیسک )سعودی عرب میں اقامہ، لیبر قوانین اور سرحدی سیکیورٹی کی خلاف ورزیوں کے خلاف ملک گیر کارروائی کے دوران تقریباً 14 ہزار افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ 10 ہزار 431 غیر ملکیوں کو ملک سے بے دخل کردیا گیا۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق یکم سے 7 اکتوبر کے دوران متعلقہ سرکاری اداروں کے تعاون سے مشترکہ کارروائیاں کی گئیں، جن میں مجموعی طور پر 13 ہزار 889 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

وزارت داخلہ کی جانب سے ہفتے کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گرفتار افراد میں 6 ہزار 785 افراد اقامہ قوانین کی خلاف ورزی، 3 ہزار 710 سرحدی سیکیورٹی قوانین کی خلاف ورزی کے شبہے میں، جبکہ 3 ہزار 394 افراد کو لیبر قوانین کی خلاف ورزی پر حراست میں لیا گیا۔

حکام نے سعودی عرب کی سرحدوں کے ذریعے غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ایک ہزار 382 افراد کو بھی گرفتار کیا۔ ان میں 66 فیصد ایتھوپیا، 33 فیصد یمن اور ایک فیصد دیگر ممالک کے شہری شامل تھے۔

 یہ بھی پڑھیں:لینڈ نگ کے دوران مسافر طیارے کے سامنے وین آگئی، تحقیقات شروع

اس کے علاوہ سعودی عرب سے غیر قانونی طور پر باہر جانے کی کوشش کرنے والے 34 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا۔

سعودی وزارت داخلہ کے مطابق اقامہ اور امیگریشن قوانین پر عمل درآمد کے لیے 33 ہزار 113 غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی جاری ہے، جن میں 30 ہزار 438 مرد اور 2 ہزار 675 خواتین شامل ہیں۔

حکام نے بتایا کہ 18 ہزار 947 افراد کو سفری دستاویزات کے حصول کے لیے متعلقہ ممالک کے سفارتی مشنز کے حوالے کیا گیا، جبکہ 4 ہزار 596 افراد کو وطن واپسی کے انتظامات مکمل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کے پاس بھیجا گیا۔

 
وزارت داخلہ نے مزید بتایا کہ غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو ٹرانسپورٹ، رہائش یا ملازمت فراہم کرنے کے الزام میں 21 افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

سعودی حکام نے خبردار کیا ہے کہ غیر قانونی طور پر مملکت میں داخل ہونے والوں کی مدد کرنے، انہیں ملک کے اندر ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے، پناہ دینے یا کسی بھی طرح سہولت فراہم کرنے والوں کو سخت سزاؤں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔

وزارتِ داخلہ کے مطابق ایسے جرائم میں ملوث افراد کو 15 سال تک قید اور 10 لاکھ سعودی ریال تک جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔ اس کے علاوہ غیر قانونی افراد کی نقل و حمل کے لیے استعمال ہونے والی گاڑیاں اور انہیں رہائش فراہم کرنے کے لیے استعمال ہونے والی جائیدادیں بھی ضبط کی جا سکتی ہیں۔

وزارت داخلہ نے شہریوں اور رہائشیوں پر زور دیا ہے کہ وہ قوانین کی خلاف ورزی کے بارے میں متعلقہ حکام کو اطلاع دیں۔ مکہ مکرمہ، ریاض اور مشرقی صوبے میں اس مقصد کے لیے ہیلپ لائن 911 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ