احتجاج کے بعد حراست میں لیے جانے کے بعد عمران خان نے پولیس وین سے اپنی سیلفی پوسٹ کی تھی۔بہ شکریہ: انسٹاگرام/عمران خان
چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کے مطالبہ پر ممبئی میں ہوئے احتجاج میں شمولیت کے بعد اداکار عمران خان کو حکومت نے ہندوستان چھوڑنے کو کہا ہے۔ عمران کے پاس اوورسیز سٹیزن آف انڈیا کارڈ ہے۔ فارن ریجنل رجسٹریشن آفس نے الزام لگایا ہے کہ کمار کے خلاف احتجاج میں شامل ہو کر انہوں نے امیگریشن اینڈ فارینر ایکٹ کی خلاف ورزی کی ہے۔
نئی دہلی: ہندوستانی حکومت نے اداکار عمران خان کو ملک چھوڑنے کو کہا ہے۔ یہ حکم عمران خان کے 10 اکتوبر کو ممبئی میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفیٰ کے مطالبہ کے ساتھ ہوئے احتجاج میں شرکت کے بعد جاری کیا گیا ہے۔
یہ کارروائی ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب ملک بھر میں لوگ گیانیش کمار اور ایس آئی آر (اسپیشل انٹینسیو ریویژن) کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں۔ ان مظاہروں کے دوران پولیس پر مظاہرین کے ساتھ وحشیانہ سلوک کرنے کے الزام لگائے جا رہے ہیں۔
فارن ریجنل رجسٹریشن آفس (ایف آر آر او) نے بالی وڈ سپر اسٹار عامر خان کے بھانجے عمران خان کو نوٹس جاری کرکے 28 اکتوبر تک ہندوستان چھوڑنے کو کہا ہے۔ خبروں کے مطابق، ایف آر آر او نے الزام لگایا ہے کہ گیانیش کمار کے خلاف احتجاج میں شرکت کرکے انہوں نے امیگریشن اینڈ فارینرز ایکٹ، 2025 کی خلاف ورزی کی ہے۔ عمران خان کے پاس اوورسیز سٹیزن آف انڈیا (او سی آئی) کارڈ ہے۔
ایف آر آر او، بیورو آف امیگریشن کے تحت کام کرتا ہے، جو مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی قیادت والی وزارت داخلہ کے ماتحت ہے۔
خبروں کے مطابق، ایف آر آر او نے اس قانون کی دفعہ 7 کا حوالہ دیا ہے۔ یہ دفعہ مرکزی حکومت کو ہندوستان میں غیر ملکی شہریوں کی موجودگی محدود کرنے سمیت دیگر اقدامات کرنے کا اختیار دیتی ہے۔
اس کے علاوہ، قانون کی دفعہ 29 کا بھی حوالہ دیا گیا ہے، جس کے تحت حکومت کسی غیر ملکی شہری کو ملک سے باہر بھیجنے کا حکم دے سکتی ہے۔
ہندوستان ٹائمز نے ممبئی پولیس کے ایک افسر کے حوالے سے بتایا،’ایف آر آر او نے یہ کارروائی کی ہے اور اداکار عمران خان کو نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ وہ او سی آئی کارڈ پر ہندوستان میں رہ رہے ہیں۔ بالی وڈ اسٹار عامر خان کے بھانجے اداکار عمران خان کھار علاقے میں رہتے ہیں اور انہیں نوٹس دیا گیا ہے۔‘
قابل ذکر ہے کہ10اکتوبر کو ممبئی کے اگست کرانتی میدان میں ہوئے احتجاج کے دوران عمران خان کو حراست میں لیا گیا تھا۔ انہوں نے پولیس وین کے اندر سے اپنی ایک تصویر پوسٹ کی تھی، جس کے ساتھ لکھا تھا، ’لگتا ہے، میں ڈرائیو پر جا رہا ہوں۔‘
ایف آر آر او کی یہ کارروائی بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما کریٹ سومیا کی شکایت کے بعد ہوئی ہے۔ سومیا نے الزام لگایا تھا کہ امریکی شہری ہونے کی وجہ سے عمران خان اس طرح کے احتجاجی مظاہرہ میں حصہ نہیں لے سکتے۔
تاہم، عمران خان واحد شخص نہیں ہیں جو اس طرح کی کارروائی کے دائرے میں آئے ہیں۔
گیانیش کمار کے خلاف بنگلورو میں ہزاروں لوگوں کی ریلی میں شرکت کے ایک دن بعد، بنگلورو کے سابق پولیس کمشنر بھاسکر راؤ نے مرکزی وزارت داخلہ کو ایک خط لکھ کر یوٹیوبر دھرو راٹھی کے ’ویزا سے متعلق دستاویز‘ کی جانچ کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ دھرو راٹھی نے بھی اس ریلی میں شرکت کی تھی۔

