
(ویب ڈیسک)برازیل میں ایک شخص آن لائن محبت کے چکر میں اپنا تمام سامان فروخت کرکے تقریباً 2 ہزار کلومیٹر دور جا پہنچا، لیکن وہاں پہنچ کر اسے معلوم ہوا کہ جس خاتون سے ملنے کی امید لے کر وہ گھر سے نکلا تھا، وہ حقیقت میں موجود ہی نہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق برازیل سے تعلق رکھنے والے 49 سالہ مزدور ایڈیمار روچا مارٹنز نے 2020 میں سوشل میڈیا پر جیسیکا اولیویرا نامی خاتون کا اکاؤنٹ دیکھا تھا،اکاؤنٹ پر شیئر کی جانے والی ویڈیوز میں خاتون خود کو ایک فارم میں رہنے والی ظاہر کرتی تھی اور زندگی گزارنے کے لیے ایک ساتھی کی تلاش میں نظر آتی تھی،میڈیا رپورٹس کے مطابق والدہ کی وفات کے بعد تنہائی کا شکار مارٹنز اس خاتون سے متاثر ہوگئے اور ان کے ساتھ نئی زندگی شروع کرنے کے خواب دیکھنے لگے۔
مزید پڑھیں:دلیر مہندی کی لِپ سنگ پرفارمنس پر ہنگامہ
اسی امید میں انہوں نے 9 اکتوبر کو اپنا سامان فروخت کیا اور بس کے ذریعے تقریباً 2 ہزار کلومیٹر کا سفر کرکے بیلو ہوریزونٹے پہنچ گئے، تاہم منزل پر پہنچنے کے بعد جب وہ خاتون کو تلاش کرنے میں ناکام رہے تو ان پر انکشاف ہوا کہ جیسیکا اولیویرا دراصل مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے تیار کیا گیا ایک فرضی کردار ہے۔
اکاؤنٹ چلانے والے شخص نے دعویٰ کیا کہ اس نے یہ کردار صرف سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کرنے کے لیے بنایا تھا اور مارٹنز کو ملاقات کی دعوت نہیں دی تھی،صورتحال اس وقت مزید مشکل ہوگئی جب مارٹنز کے پاس گھر واپس جانے کے لیے بھی پیسے نہیں بچے، مقامی حکام نے ان کی مدد کرتے ہوئے واپسی کے لیے بس کا ٹکٹ فراہم کیا، یہ واقعہ سوشل میڈیا پر مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ فرضی کرداروں اور آن لائن تعلقات میں حقیقت کی تصدیق کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔

