لاس اینجلس / تہران (نمائندہ خصوصی): ایرانی فٹبال فیڈریشن نے اعلان کیا ہے کہ قومی ٹیم فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں اپنے پہلے گروپ میچ سے صرف ایک روز قبل میکسیکو سے لاس اینجلس پہنچے گی، جہاں وہ ۱۵؍ جون کو نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کرے گی۔
فیڈریشن کے ترجمان امیر مہدی علوی کے مطابق ٹیم فیفا کے شیڈول کے تحت چارٹرڈ پرواز کے ذریعے سفر کرے گی۔ ٹورنامنٹ کے دوران ایرانی ٹیم کا قیام میکسیکو کے شہر تیخوانا میں ہوگا، تاہم تینوں گروپ میچز امریکہ میں کھیلے جائیں گے — ۱۵؍ جون کو نیوزی لینڈ، ۲۱؍ جون کو بلجیم اور ۲۶؍ جون کو سیئٹل میں مصر کے خلاف۔ اگلے دو میچوں کے لیے ٹیم ۲؍ روز قبل متعلقہ شہروں میں موجود ہوگی۔
ویزہ تنازعہ: امریکہ اور ایران کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کے باعث انتظامیہ اور مینجمنٹ کے ۱۵؍ اراکین کو امریکی ویزے جاری نہیں کیے گئے، جس نے اس تنازعے کو مزید ہوا دی ہے۔
وارننگ: ایرانی وزیر کھیل احمد دنیامالی نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسٹیڈیم میں اسلامی جمہوریہ ایران کے علاوہ کوئی اور جھنڈا یا سیاسی علامت دکھائی گئی یا قانون شکن نعرے بازی ہوئی تو ٹیم آفیشل میچ رکوا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فیفا قوانین کے تحت سیاسی علامات کی سخت ممانعت ہے اور اس مسئلے سے نمٹنا میزبانوں کی ذمہ داری ہے۔
واضح رہے کہ فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کا انعقاد امریکہ، میکسیکو اور کنیڈا کی مشترکہ میزبانی میں ہو رہا ہے اور ٹورنامنٹ جمعرات سے باضابطہ طور پر شروع ہو چکا ہے۔

