امریکہ میں ووٹر رجسٹریشن فراڈ کے الزام میں دو ہندوستانی شہری گرفتار

Inquilab 20261020 160807 0000 d


واشنگٹن: امریکی محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ کیلیفورنیا میں مبینہ ووٹر رجسٹریشن فراڈ کی تحقیقات کے دوران دو ہندوستانی شہریوں سمیت 28 غیر شہریوں کو انتخابی جرائم کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا ہے، جن میں سے 11 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
محکمہ انصاف کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں رینچو پالوس وردیس کی 30 سالہ رہائشی امن دیپ کور اور سیکرامینٹو کے 67 سالہ کملیش نونیت لال شاہ شامل ہیں۔ الزام ہے کہ کور نے دسمبر 2022 میں جعلی ووٹر رجسٹریشن کروائی اور نومبر 2024 کے عام انتخابات میں ووٹ ڈالا، جبکہ شاہ پر نومبر 2024 کے انتخابی دن رجسٹریشن کروا کر ووٹ ڈالنے کا الزام ہے۔
یہ کارروائی ’’آپریشن پروٹیکٹ دی ووٹ‘‘ کے تحت کی گئی، جس میں کیلیفورنیا کے تمام چار وفاقی اٹارنی دفاتر شامل ہیں۔ محکمہ انصاف نے کہا کہ الزامات کا سامنا کرنے والے تمام 28 افراد گرین کارڈ ہولڈرز ہیں، جنہیں امریکی شہریت کے جعلی دعوے، غیر قانونی رجسٹریشن اور ووٹ ڈالنے کے الزامات درپیش ہیں۔
کیلیفورنیا کے قائم مقام ڈپٹی اٹارنی جنرل ٹرینٹ میک کاٹر نے کہا کہ یہ تمام ملزمان ان 20 ہزار سے زائد ممکنہ غیر شہری رجسٹرڈ ووٹرز کی فہرست میں شامل تھے، جو گزشتہ ہفتے ریاستی انتخابی حکام کو فراہم کی گئی تھی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ میل بیلٹ کی گنتی سے قبل متعلقہ افراد کی شہریت کی تصدیق کی جائے۔
محکمہ انصاف کے مطابق گزشتہ سات ہفتوں میں وفاقی حکام نے ووٹر رجسٹریشن اور غیر قانونی ووٹنگ کے الزامات میں 20 ریاستوں میں 113 افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے کم از کم 50 پر غیر شہری کے طور پر ووٹ ڈالنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ