
(احمد منصور) اسلامی تعاون تنظیم(او آئی سی) کے سیکرٹری جنرل نے مکہ اور مدینہ پرحوثی شدت پسندوں کےگھناؤنے حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے حوثیوں کےبزدلانہ حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے اعلامیہ کے مطابق او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے مکہ، مدینہ، طائف اور جدہ سمیت دیگر مقامات پر حوثیوں کے بزدلانہ حملوں کو ناقابلِ قبول قرار دیا ہے،سیکرٹری جنرل اسماعیل بن شیخ احمد نے حوثیوں کی جانب سے اسلامی مقدس مقامات کی بے حرمتی کی بھی مذمت کی ہے۔
اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل اسماعیل بن شیخ احمد نے کہاہےکہ میدانِ عرفات کے قریب وادی مغمس کو نشانہ بنانا ثبوت ہے کہ حوثیوں میں مقدس مقامات کا احترام اور عام شہریوں کی حفاظت کا کوئی پاس نہیں۔
مسلم دنیا کو ایک مضبوط اور ذمہ دارانہ موقف اپنانا ہوگا تاکہ حوثی شدت پسندوں کی سرکوبی اور مجرمانہ کارروائیوں کا خاتمہ ہو سکے،اسلامی مقدس مقامات کی بے حرمتی پوری مسلم امت پر حملہ ہے۔
انہوں نے کہاہے کہ اسلامی مقدس مقامات پر حملوں کیخلاف عالمی برادری کی جانب سے فوری کارروائی اور ان حملوں کے ذمہ داروں کا محاسبہ ضروری ہے۔
او آئی سی کے سیکرٹری جنرل نے سعودی عرب کیساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ملکی سلامتی، خودمختاری، علاقائی سالمیت کے اقدامات کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔

