عوام کو پیٹرولیم ریلیف دینے کیلیے حکومت اور جماعت اسلامی کی کمیٹی تشکیل دے دی ہے، وفاقی وزیر

federalministerji1793119279 0


حکومت نے عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر ریلیف دینے کیلیے جماعت اسلامی کے ساتھ ملکر ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو مشترکہ تجاویز تیار کرے گی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال اور مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ پوری دنیا ہنگامی صورتحال کا سامنا کر رہی ہے، خطے میں کشیدگی کے باعث عالمی بحران پیدا ہوا۔

انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے تیل کی رسد متاثر ہو رہی ہے، تمام ملکوں میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، ہر ملک اپنے مستقبل کو محفوظ بنانے کیلئے وسائل جمع کر رہا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ ایسے حالات کسی بھی ملک کی معیشت کے لئے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے کوشاں ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان خطے میں کشیدگی کے خاتمے کیلئے اپنا سفارتی کردار ادا کر رہا ہے، ہم خطے میں تناؤ کاخاتمہ چاہتے ہیں تا کہ تیل کی قیمتیں کم ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ملک کے دستیاب وسائل کے مطابق عوام کی ہرممکن مدد کی جا رہی ہے، وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم سے لاکھوں لوگ مستفید ہورہے ہیں۔ احسن اقبال نے بتایا کہ جماعت اسلامی کے وفد نے اپنی تجاویز دی ہیں جبکہ حکومت اور جماعت اسلامی کے ارکان پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ہم مل کر ٹھوس تجاویز کو حتمی شکل دیں گے، عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہمیں پائیدارراستہ اختیار کرنا ہو گا جبکہ فیول ریلیف اسکیم کا دائرہ کاربڑھانے پربھی غورہوگا۔

احسن اقبال نے کہا کہ خطے کے حالات کے تناظر میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے سب اپنا کردار ادا کریں، ملک میں ہنگامے اور مظاہرے کرنے سے ملکی معیشت کے استحکام کا مقصد حاصل نہیں ہو سکتا۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور لیگی رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پورے ملک میں عوام کو پٹرول پرریلیف کی فراہمی جاری ہے، حکومت عام آدمی کو مزید ریلیف دینے کیلئے کوشاں ہے جبکہ جماعت اسلامی کی سوچ بھی یہی ہے کہ عام آدمی کو ریلیف دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کے ہاتھ مضبوط کریں، پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششوں سے صیہونی ایجنڈا ناکام ہوا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ خطے میں پاکستان کی امن کوششوں کی پوری دنیا معترف ہے، ہم خلوص نیت سے عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ ہم جماعت اسلامی کے جذبے کی قدر کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنی حکومت کی دنیا میں امن کے قیام کی کوششوں کو مزید تقویت دینی ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ