آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگ سے ٹکرا کر تیل بردار جہاز میں آگ لگ گئی: ایران

IMG 20260930 WA2725


تہران — ایران کی بحریہ نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مشرق میں ایک تیل بردار جہاز سمندری بارودی سرنگوں سے ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں جہاز کو نقصان پہنچا اور اس میں آگ لگ گئی۔
ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق بحریہ نے کہا کہ جہاز نے اپنے ٹریکنگ اور نگرانی کے نظام بند کر رکھے تھے اور ایران کی جانب سے ممنوع قرار دیے گئے خطرناک علاقے سے گزرنے کی کوشش کر رہا تھا۔
بیان میں کہا گیا کہ جہاز ممنوعہ اور غیر محفوظ علاقے میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران بارودی سرنگ سے ٹکرایا، جس سے اسے نقصان پہنچا اور آگ بھڑک اٹھی۔ تاہم ایران نے جہاز کا نام، جھنڈا، نقصان کی حد اور ہلاکتوں کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔
ایرانی بحریہ نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز خلاف ورزی کرنے والے جہازوں کے لیے بند اور غیر محفوظ ہے اور تمام بحری جہازوں کو ایرانی مسلح افواج سے ضروری رابطہ اور ہم آہنگی یقینی بنانی ہوگی۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی سپلائی کے لیے اہم ترین بحری راستوں میں شامل ہے اور جنگ کے آغاز سے قبل دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کی تیل اور ایل این جی سپلائی اسی آبنائے سے گزرتی تھی۔

متعلقہ پوسٹ