اسلام آباد — کابینہ ڈویژن نے جولائی تا ستمبر 2026ء کے دوران صدر، وزیراعظم اور دیگر اعلیٰ سرکاری شخصیات کو ملنے والے تحائف کا ریکارڈ جاری کر دیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کو غیر ملکی دوروں کے دوران ایک کلو خالص سونا سمیت قالین، روضۂ رسول ﷺ کا ماڈل، ٹائی، کف لنکس اور ٹیبل کلاک جیسے تحائف ملے۔ ایک ہزار گرام سونے کا تحفہ کرغیزستان کے سرکاری دورے کے دوران ملا، جو 8 ستمبر کو توشہ خانے میں جمع کرایا گیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو 19 تحائف ملے، جن میں پینٹنگز، پرفیوم، کف لنکس اور کپ شامل ہیں۔ وہ اس فہرست میں سب سے زیادہ تحائف لینے والے شخص ہیں۔
صدر آصف علی زرداری کو میوزیکل انسٹرومنٹس، تیر و کمان کا سیٹ، قالین اور آرائشی اشیاء ملیں، جبکہ وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ، حنیف عباسی اور احد چیمہ بھی تحائف وصول کرنے والوں میں شامل ہیں۔
کابینہ ڈویژن کے مطابق تمام تحائف قانونی طریقے سے توشہ خانے میں جمع کرائے گئے ہیں، تاہم ان کی مالیت کا تخمینہ ابھی جاری ہے۔

