آسٹریلیا: فلسطینی مصنفہ رندا عبدالفتاح ایڈیلیڈ رائٹرز ویک 2027ء میں واپسی کرینگی

pal 2710216 d


ایڈیلیڈ — فلسطینی نژاد آسٹریلوی مصنفہ اور ماہرِ عمرانیات ڈاکٹر رندا عبدالفتاح کی ایڈیلیڈ رائٹرز ویک 2027ء میں شرکت کی باضابطہ تصدیق ہو گئی ہے، جبکہ انہیں پچھلے سال میلے سے خارج کرنے کے بعد فیسٹیول انتظامیہ نے معذرت بھی کی تھی۔
ایڈیلیڈ فیسٹیول کے آرٹسٹک ڈائریکٹر میتھیو لٹن نے بتایا کہ رندا عبدالفتاح نے 2027ء کے پروگرام میں شرکت کی دعوت قبول کر لی ہے۔ وہ فرانسیسی مراکشی مصنفہ اور صحافی لیلا سلیمانی کے ساتھ ’بیٹوین دی لائنز‘ کے عنوان سے خصوصی نشست میں شریک ہوں گی، جس کی میزبانی آسٹریلوی براڈکاسٹر جان فران کریں گی۔
یاد رہے کہ جنوری 2026ء میں ایڈیلیڈ فیسٹیول بورڈ نے رندا عبدالفتاح کو 2026ء کے رائٹرز ویک سے خارج کر دیا تھا، جہاں وہ اپنے ناول Discipline پر گفتگو کرنے والی تھیں۔ بورڈ نے ان کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے بونڈی بیچ حملے کے بعد کے قومی ماحول میں ان کی شرکت کو ثقافتی طور پر حساس قرار دیا تھا۔
اس فیصلے کے خلاف آسٹریلیا اور بیرونِ ملک ادبی حلقوں میں شدید احتجاج ہوا۔ تقریباً 180 مصنفین نے میلے سے دست برداری اختیار کی یا بائیکاٹ کی حمایت کی، جس کے بعد میلے کی ڈائریکٹر لوئز ایڈلر نے استعفیٰ دے دیا اور 2026ء کا رائٹرز ویک منسوخ کر دیا گیا۔
فیسٹیول کے نئے بورڈ نے بعد ازاں سابقہ فیصلہ واپس لیتے ہوئے رندا عبدالفتاح سے غیر مشروط معذرت کی اور 2027ء کے میلے میں شرکت کی دعوت دی۔ بورڈ نے کہا کہ فکری اور فنکارانہ آزاد ایک بنیادی انسانی حق ہے اور اس معاملے میں ادارہ اس معیار پر پورا نہیں اترا۔
رندا عبدالفتاح نے معذرت قبول کرتے ہوئے اسے فلسطینیوں کے خلاف نسل پرستی، دباؤ اور سنسرشپ کے خلاف اجتماعی جدوجہد کی کامیابی قرار دیا۔ بعد ازاں انہوں نے 2027ء کی دعوت قبول کر لی، جس کی اب ایڈیلیڈ فیسٹیول نے باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔�
نئی ڈائریکٹر روزمیری ملسم نے پہلے کہا تھا کہ مصنفین کو ان کی سیاسی رائے کے بجائے ان کے ادبی کام کی بنیاد پر مدعو کیا جانا چاہیے، بشرطیکہ وہ نفرت انگیزی یا امتیازی سلوک سے متعلق قوانین کی خلاف ورزی نہ کریں۔

متعلقہ پوسٹ