فاران طاہر نے ایک بار پھر مارول کی دنیا میں قدم رکھ دیا، مداح حیران
پاکستانی نژاد امریکی اداکار فاران طاہر دوبارہ ولن بن گئے
پاکستانی نژاد امریکی اداکار فاران طاہر نے 18 سال بعد مارول کی دنیا میں واپسی کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنے معروف ولن کردار سے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی ہے۔
اداکار مارول اسٹوڈیوز کی نئی سیریز ’’ویژن کویسٹ‘‘ کی چھٹی قسط میں رضا کے کردار میں نظر آئے ہیں جسے انہوں نے 2008 کی مقبول فلم ’’آئرن مین‘‘ میں نبھایا تھا۔
فاران طاہر نے فلم آئرن مین میں رضا نامی خطرناک ولن کا کردار ادا کیا تھا جو ٹونی اسٹارک کو اغوا کرلیتا ہے۔ اب تقریباً 18 سال بعد اداکار اسی کردار میں واپس آئے ہیں تاہم اس مرتبہ ان کا حلیہ اور انداز پہلے سے مختلف دکھائی دے رہا ہے۔
سیریز کی نئی قسط میں فاران طاہر اپنے مسلح ساتھیوں کے ہمراہ ویژن کو پکڑنے کی کوشش کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
مارول کی دنیا میں فاران طاہر کی اس واپسی کو پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے ایک اہم پیش رفت اور قابلِ فخر لمحہ قرار دیا جارہا ہے۔

