’حق اور سچ کی آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم و تشدد بند ہونا چاہیے‘
مضبوط جمہوری معاشرے کے لیے صحافت کا آزاد ہونا بہت ضروری ہے، مریم نواز
لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ حق اور سچ کی آواز اٹھانے والے صحافیوں پر ظلم و تشدد بند ہونا چاہیے۔
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن پر پیغام دیتے ہوئے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان، سچائی کے علمبردار ہیں، حق اورسچ کی راہ پر چلنے والے صحافیوں کے ساتھ ہیں اور ان کے حقوق کا تحفظ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو بلا خوف و خطر اپنے فرائض انجام دینے کے لیے محفوظ ماحول فراہم کرنا ریاست کی ذمہ داری ہے، صحافیوں کا تحفظ، آزادی صحافت اور آزادی اظہار جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ صحافیوں کے حقوق کا تحفظ اور ان کے پیشہ ورانہ وقار کا احترام یقینی بنایا جانا چاہیے، احساس ذمہ داری کے ساتھ آزادی صحافت جمہوریت کی اساس ہے، آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوریت کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مضبوط جمہوری معاشرے کے لیے صحافت کا آزاد ہونا بہت ضروری ہے، صحافیوں کو دھمکیاں دینے، تشدد کا نشانہ بنانے اور ہراساں کرنے کے واقعات ناقابل قبول ہیں، صحافیوں کے خلاف جرائم میں ملوث عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لانا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرتی انصاف کے محافظ اور عوام کی آواز ہیں، ظلم، ناانصافی اور جھوٹ کو بے نقاب کرنے والے صحافی ہیرو ہیں۔ بحیثیت وزیر اعلیٰ آزادی صحافت کے تحفظ کی ضامن ہوں۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ بے گھر صحافیوں کے لیے اپنی چھت کا خواب پورا کرنے کے لیے پرعزم ہیں، سچائی کی آواز دبانے کی ہر کوشش معاشرے کے بنیادی حقوق پر حملہ ہے۔ پنجاب میں صحافی اور صحافت محفوظ ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہاں قتل و تشدد کے واقعات ہوئے نہ ہی ہوں گے۔ حکومت پنجاب آزادی صحافت اور صحافیوں کے تحفظ کے اصولوں کی حمایت کرتی ہے۔

