پاکستان کا پہلا مقامی فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ’’فَأَز‘‘ کا کامیاب تجربہ
میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنس دانوں اور انجینئرز نے کیا
پاکستان نے دفاعی شعبے میں اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے مقامی طور پر تیار کردہ پہلے فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل ’’فَأَز‘‘ کا کامیاب تجربہ کرلیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جدید ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس فَأَز میزائل طویل فاصلے پر دشمن کے فضائی اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ اس کی کامیاب آزمائش پاکستان کی فضائی اور دفاعی صلاحیتوں میں اہم پیش رفت ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ فَأَز میزائل کی پاک فضائیہ میں شمولیت سے اس کی آپریشنل صلاحیتوں اور دفاعی لچک میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ یہ کامیابی ملکی دفاعی صنعت کی تکنیکی مہارت، جدت اور دفاعی شعبے میں خود انحصاری کی عکاس ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق میزائل کے کامیاب تجربے کا مشاہدہ مسلح افواج کے سینئر افسران، سائنس دانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدر مملکت، وزیراعظم، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور تینوں مسلح افواج کے سربراہان نے اس اہم کامیابی پر سائنس دانوں اور انجینئرز کو مبارک باد دی ہے۔

