غزہ کے حق میں ایمسٹرڈیم سرخ، ریڈ لائن مارچ میں ۲؍ لاکھ سے زائد افراد شریک

IMG 20261109 WA2366 1


ایمسٹرڈیم، ۹؍ نومبر: فلسطینیوں سے یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف سخت اقدامات کے مطالبے پر اتوار ۸؍ نومبر کو ایمسٹرڈیم میں ہزاروں افراد سڑکوں پر نکلے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نیدرلینڈز کے مطابق چوتھے ’ریڈ لائن‘ مارچ میں ۲؍ لاکھ سے زائد افراد شریک ہوئے۔ پولیس نے اپنا اندازہ جاری نہیں کیا۔
مارچ کا اہتمام ایمنسٹی انٹرنیشنل، آکسفیم نوویب، سیو دی چلڈرن، پی اے ایکس اور دی رائٹس فورم سمیت ۱۳؍ تنظیموں کے اتحاد نے کیا۔ شرکا سرخ لباس میں تھے اور ’فری فلسطین‘ اور ’نسل کشی کے لیے کوئی سرمایہ نہیں‘ کے بینر اٹھائے ہوئے تھے۔ مارچ میوزیم پلین سے شروع ہو کر وونڈل پارک کے اطراف سے گزرا اور شہر کی کئی سڑکوں پر ٹریفک بند رہی۔
مظاہرین نے ڈچ حکومت سے اسرائیل کو اسلحے کی براہِ راست اور بالواسطہ فراہمی روکنے، تجارتی پابندیاں سخت کرنے اور قبضے سے فائدہ اٹھانے والی کمپنیوں سے تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مقررین میں غزہ کی جلاوطن صحافی امل ہیلِس، گلوکارہ نائی بارغوتی، سابق ڈچ وزیر لیلیان پلومین اور بی ڈی ایس کے شریک بانی عمر برغوتی شامل تھے۔
نیدرلینڈز نے اسرائیلی بستیوں کی مصنوعات کی درآمد پر پابندی لگا رکھی ہے اور یورپی سطح پر تجارتی اقدامات کی حمایت کی ہے، مگر منتظمین اسے ناکافی قرار دیتے ہیں۔ وزیر اعظم روب یٹین نے جمعہ کو کہا تھا کہ حکومت غزہ کی صورتِ حال بہتر بنانے اور اسرائیل پر دباؤ بڑھانے کی کوشش کر رہی ہے۔ انہوں نے مارچ میں شرکت سے بھی معذرت کی تھی۔
اسرائیل نسل کشی کے الزام کو مسترد کرتا ہے اور کہتا ہے کہ ۷؍ اکتوبر ۲۰۲۳ء کے حماس حملوں کے بعد اس کی کارروائی دفاعی تھی۔ ان حملوں میں تقریباً ۱۲۰۰؍ افراد ہلاک اور ۲۵۱؍ یرغمال بنائے گئے تھے۔ ۱۰؍ اکتوبر ۲۰۲۵ء کو جنگ بندی کے باوجود غزہ میں حملے اور ہلاکتیں مکمل طور پر نہیں رکیں۔ پولیس نے چار افراد کو حراست میں لیا، تاہم مارچ مجموعی طور پر پُرامن رہا۔

متعلقہ پوسٹ