امریکا میں ایک مسافر طیارے کے باتھ روم کا نل اچانک خراب ہونے سے جہاز کے اندر پانی پھیل گیا۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کے مطابق فرنٹیئر ایئرلائنز کی ڈینور سے ڈیٹرائٹ جانے والی پرواز دوران سفر باتھ روم کے واش بیسن سے پانی رسنے کے باعث مشکل میں پھنس گئی۔
طیارے کے اگلے حصے میں موجود نل سے پانی تیزی سے بہنے لگا اور مسافر کیبن کے فرش اور گزرگاہ تک میں پھیل گیا اور تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔ شدید بد انتظامی پر مسافر بھی برہم ہوگئے۔
پائلٹ نے فضائی ٹریفک کنٹرول کو ہنگامی پیغام دیتے ہوئے بتایا کہ پانی کی بڑی مقدار طیارے کے برقی نظام کو نقصان پہنچا سکتی ہے جس کے بعد شکاگو کے اوہیر ہوائی اڈے پر ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق طیارے میں سفر کرنے والے ایک پلمبر نے پانی بند کرنے میں مدد کی تاہم اس وقت تک کیبن کا فرش بھیگ چکا تھا اور طیارے کا رخ تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا جاچکا تھا۔
فرنٹیئر ایئرلائنز نے تصدیق کی کہ باتھ روم کے نل میں خرابی کے باعث پرواز کا رخ موڑا گیا۔ طیارہ بحفاظت اتر گیا اور کسی مسافر یا عملے کے رکن کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ مسافروں کو متبادل طیارے سے منزل مقصود بھیجا گیا۔

