انڈونیشیا کے نائب صدر جبران راکا نے ڈگری تنازع کے درمیان استعفیٰ دے

جکارتہ — انڈونیشیا کے نائب صدر جبران راکابومنگ راکا نے تعلیمی قابلیت اور ڈگری سے متعلق بڑھتے تنازع کے درمیان نائب صدارت کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ انہوں نے اپنا استعفیٰ پارلیمنٹ کے ایوان بالا، یعنی پیپلز کنسلٹیٹو اسمبلی (ایم پی آر) کی قیادت کو جمع کرایا، جس کی تصدیق اسپیکر احمد مزانی نے کی۔
39 سالہ جبران، سابق صدر جوکو ویدوڈو کے بیٹے ہیں اور 2024ء کے انتخابات میں صدر پرابوو سوبیانتو کے ساتھ نائب صدر منتخب ہوئے تھے۔ ان کے خلاف سوالات اس وقت شدت اختیار کر گئے جب انڈونیشیا کی آئینی عدالت اور سپریم کورٹ نے گذشتہ ماہ کہا کہ بیرونِ ملک حاصل کردہ تعلیم سے متعلق جمع کرائے گئے دستاویزات انتخابی شرائط پر پورے نہیں اترتے۔
سپریم کورٹ نے جبران کے لیے 2019ء میں جاری کی گئی ہائی اسکول مساوی سند کو بھی کالعدم قرار دیا تھا۔ انڈونیشیائی قانون کے مطابق صدر یا نائب صدر کے امیدوار کے لیے سینئر سیکنڈری اسکول یا اس کے مساوی تعلیمی سرٹیفکیٹ کا ہونا ضروری ہے۔
اس فیصلے کے بعد آٹھ سیاسی جماعتوں کے کم از کم 120 اراکین پارلیمنٹ نے ایک عرضی دائر کی تھی، جس سے ایک ایسا پارلیمانی عمل شروع ہوا جو جبران کے مواخذے تک جا سکتا تھا۔
جبران نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ان کا استعفیٰ ذاتی فیصلہ ہے اور اس کا ڈگری سے کوئی تعلق نہیں، تاہم انہوں نے تسلیم کیا کہ یہ قدم حکومت کی کارکردگی کو برقرار رکھنے اور طویل سیاسی بحران سے بچنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔
انڈونیشیا کے آئین کے مطابق نائب صدر کے عہدے کی خالی ہونے پر نئے انتخابات نہیں ہوتے۔ صدر پرابوو دو امیدواروں کے نام ایم پی آر کو بھیجیں گے، جبکہ اسمبلی کو ان میں سے نئے نائب صدر کے انتخاب کے لیے زیادہ سے زیادہ 60 دن کی مہلت ہے۔

متعلقہ پوسٹ