
(ویب ڈیسک) وال سٹریٹ جرنل نے ایک بار پھر بتایا ہے کہ ایران کے پاس ڈھائی ہزار خطرناک بیلسٹک میزائل اب بھی موجود ہیں۔
امریکی اور اسرائیلی حملوں میں ایران کے میزائلوں اور اسلحہ ساز تنصیبات کو نشانہ بنائے جانے کے باوجود تہران کے پاس اب بھی 1500 سے 2500 بیلسٹک میزائل موجود ہیں۔ امریکی انٹیلی جنس کے تازہ جائزے نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی فوجی صلاحیت بڑی حد تک تباہ ہونے کی رپورٹیں غیر پختہ تھیں۔
امریکہ کی نیوز آؤٹ لیٹ وال سٹریٹ جرنل کی حالیہ رپورٹ کے مطابق امریکی انٹیلی جنس حکام کا کہنا ہے کہ ایران کے پاس میزائلوں کا بڑا ذخیرہ محفوظ ہے، جو دوبارہ جنگ ہونے کی صورت میں امریکہ اور اتحادی ملکوں کے لئے خطرہ بن سکتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ امریکی انٹیلی جنس کے اس جائزے پر اعتماد کی سطح کم ہے، کیونکہ یہ تعین کرنا مشکل ہے کہ کتنے میزائل فوری طور پر داغے جانے کے قابل ہیں اور کتنے زیر زمین بظاہر ناقابل استعمال تصور کی گئی ذخیرہ گاہوں میں موجود ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: لاوارث بوئنگ 767کی 4 لاکھ ڈالر میں نیلامی، خریدار کا نام خفیہ کیوں رکھا گیا؟
اس رپورٹ کے مطابق ایران نے اپنے میزائلوں کی تیاری اور ذخیروں کی بحالی کا عمل شروع کر رکھا ہے، تاہم اس کی رفتار جنگ سے پہلے کے مقابلے میں سست ہے۔ تہران کے پاس بڑی تعداد میں ڈرون اور کم فاصلے تک مار کرنے والے میزائل بھی موجود ہیں، جو خطے میں اہداف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
وال سٹریٹ جرنل کے مطابق اسرائیلی فوجی حکام کا اندازہ ہے کہ ایران کے پاس 1500 سے زائد بیلسٹک میزائل موجود ہیں، تاہم مختلف علاقائی جائزوں میں ان کی تعداد مختلف بتائی گئی ہے۔
پینٹاگون کی سابق نائب معاون وزیر برائے مشرق وسطیٰ سیمون لیڈین کے مطابق اگر میزائلوں کی کم ترین تعداد کا اندازہ بھی درست مان لیا جائے تو اس کا مطلب ہے کہ ایران جنگ سے پہلے کے اپنے میزائل ذخیرے کا نصف سے زیادہ حصہ بحال کر چکا ہے۔
اس ناقدانہ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایران کے میزائل اور ڈرون حملوں نے مشرق وسطیٰ میں امریکی فوجی تنصیبات، ریڈار سسٹمز اور ابتدائی وارننگ کے نظام کی کمزوریاں بھی ظاہر کی ہیں۔
صدر ٹرمپ کی حکومت نے ایران کی جانب سے نیوکلئیر مواد سے دستبتدار ہونے کے واضح اعلانات اور اپنے "نیولئیر حقوق” پر اصرار کرنے کے باوجود فی الحال ایران کے خلاف ایک اور فوجی کارروائی کے بجائے اقتصادی پابندیوں اور بحری ناکہ بندی کے ذریعے دباؤ برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیئے: عربوں کے خلاف نفرت پھیلانے کی مہم؛ آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کے خطرناک عزائم پر احتجاج شروع کر دیا
اس دوران خلیجی اتحادی ممالک نے ایران کی ممکنہ جوابی کارروائیوں کے خدشے کے باعث دوبارہ جنگ شروع کرنے کی مخالفت کی ہے۔
اسرائیل میں البتہ مختلف نظر سے دیکھا جا رہا ہے؛ اسرائیلی فوجی حکام نے حالیہ ہفتے کے دوران یہ بتایا کہ اسرائیل کو ایران کے خلاف کسی فوجی کارروائی کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ مزید فوجی کارروائیوں کے لئے اسرائیل کو کسی ٹھوس خرطے کی نشان دہی ہونا ضروری ہے۔ اسرائیل کے فوجی حکام سمجھتے ہیں کہ پندرہ سو میزائلوں کا ذخیرہ رکھنے کے باوجود ایران سے اسرائیل کو سر دست کوئی خطرہ نہیں۔

