
(ویب ڈیسک )وسطی امریکی ملک گوئٹے مالا میں مسلح حملے کے دوران رکن پارلیمنٹ اور تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کے بعد حکومت نے دو مشرقی علاقوں زاکاپا اور ایزابال میں 30 روز کے لیے ایمرجنسی نافذ کر دی ہے، جس کے تحت سکیورٹی فورسز کو گرفتاریوں، گھروں میں بغیر وارنٹ داخل ہونے اور عوامی اجتماعات منتشر کرنے کے وسیع اختیارات دے دیے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق گوئٹے مالا کی حکومت نے ہفتے کے روز ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کیا۔ نئے حکم نامے کے تحت کھلے مقامات پر اجتماعات محدود کیے جا سکیں گے جبکہ سکیورٹی اہلکار ضرورت پڑنے پر طاقت کے ذریعے ہجوم کو منتشر بھی کر سکیں گے۔
حکومتی حکم نامہ فوری طور پر نافذ العمل ہو گیا ہے اور اس کی مدت 30 روز مقرر کی گئی ہے۔
ایمرجنسی کے نفاذ کا فیصلہ 6 نومبر کو زاکاپا کے علاقے ریو ہونڈو میں ہونے والے ایک خونریز مسلح حملے کے بعد کیا گیا، جس میں رکن پارلیمنٹ جولیو سیزر پورٹیلو پاز شدید زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ حملے میں تین پولیس اہلکار بھی مارے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ انتظامیہ نے یورپی ممالک کی نیندیں اڑا دیں!
گوئٹے مالا کے صدر برنارڈو آریوالو نے بعد ازاں تین پولیس اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔
حکام نے تاحال حملے میں ملوث عناصر کی شناخت ظاہر نہیں کی، تاہم ملک کے مشرقی علاقوں میں منظم جرائم پیشہ گروہوں کے بڑھتے ہوئے اثرورسوخ پر تشویش پائی جاتی ہے۔
دوسری جانب امریکا نے رواں ہفتے زاکاپا میں سرگرم متعدد جرائم پیشہ گروہوں کو دہشت گرد تنظیمیں قرار دیا ہے اور ان پر میکسیکو کے منشیات اسمگلنگ کرنے والے کارٹلز سے روابط رکھنے کا الزام عائد کیا ہے۔
گوئٹے مالا کی حکومت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ریاست شہریوں کی زندگیوں، تحفظ اور امن کی حفاظت کے لیے پرعزم ہے اور ایمرجنسی کے اقدامات کا مقصد مقامی آبادی کو تحفظ فراہم کرنا ہے۔
حالیہ اقدامات کے بعد زاکاپا اور ایزابال میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور عوامی اجتماعات پر پابندیوں میں اضافہ متوقع ہے۔

