امریکا و اسرائیل کا جنگی جنون

2727997 sabirkarbalai 1729367730


مغربی ایشیاء کی موجودہ صورتحال بالخصوص روزمرہ کے امریکی صدر کے بیانات کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ امریکا کے صدر ٹرمپ شدید دباؤ کا شکار ہیں، وہ صبح میں کچھ بیان دیتے ہیں ، دوپہر میں کچھ اور پھر رات میں کچھ اور۔ ٹرمپ کی جانب سے بیان بازی کی اس تمام تر صورتحال نے امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کوایک بار پھر عالمی سیاست اور علاقائی سلامتی کے لیے شدید خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔

حالیہ سفارتی اور عسکری سرگرمیوں، بشمول امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بنجمن نیتن یاہو کے درمیان ہونے والے ٹیلی فونک رابطوں، اسرائیلی قیادت کی اندرونی مشاورت اور امریکی و اسرائیلی خفیہ ایجنسیوں (سی آئی اے اور موساد) کے سربراہان کی ملاقاتوں نے خطے میں کسی بڑی عسکری کارروائی یا دباؤ کی حکمت عملی کے خدشات کو جنم دیا ہے۔ مبصرین اور ناقدین کے مطابق، یہ تمام اقدامات خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑنے اور ایران پر دباؤ بڑھانے کی ایک منظم کوشش کا حصہ معلوم ہوتے ہیں، جس سے خطے کے امن کو سنگین خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

گزشتہ دنوں ذرائع ابلاغ پر آنے والی خبروں کے مطابق ٹرمپ اور نیتن یاہو کے درمیان ہونے والی ٹیلی فونک گفتگو میں اس وقت شدید تناؤ پیدا ہوا جب نیتن یاہو نے ٹرمپ سے ایران پر بڑا حملہ کرنے اور ایران کا کام تمام کرنے کا مطالبہ کیا لیکن اطلاعات کے مطابق ٹرمپ حال ہی میں مڈ ٹرم انتخابات میں شکست کے بعد سیاسی دباؤ کا شکار ہونے کی وجہ سے بھی نیتن یاہو کی بات ماننے کو تیار نہیں تھے، تاہم اس موضوع پر دونوں کے درمیان شدید اور سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

سیاسی و عسکری تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ واشنگٹن اور تل ابیب کی جانب سے اختیار کی جانے والی جارحانہ پالیسیاں درحقیقت خطے میں کشیدگی کو ہوا دے رہی ہیں۔ جہاں ایک طرف نیتن یاہو اور آئزنکوٹ جیسے اسرائیلی رہنماؤں کی ملاقاتیں داخلی و عسکری حکمت ِ عملی کی عکاسی کرتی ہیں، وہیں سی آئی اے اور موساد کے سربراہان کے رابطے اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ انٹیلی جنس اور عسکری سطح پر مشترکہ منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ ناقدین اس صورتحال کو امریکا اور اسرائیل کے جنگی جنون سے تعبیر کرتے ہیں، ان کا موقف ہے کہ مذاکرات اور سفارت کاری کے بجائے عسکری دباؤ اور دھمکیوں کا راستہ اختیار کرنا ماضی میں بھی خطے کے لیے تباہ کن ثابت ہوا ہے اور مستقبل میں بھی اس کے نتائج عالمی معیشت اور امن کے لیے خطرناک ہو سکتے ہیں۔

اسی طرح نیتن یاہو اور ان کے مخالف آئزنکوٹ کے درمیان بھی ایک طویل ملاقات ہوئی ہے جس کا دورانیہ دو گھنٹے تھا۔ تاہم اس طویل ملاقات کے بعد جو میڈیا کے لیے اعلامیہ جاری کیا گیا وہ بے حد مختصر الفاظ پر مبنی تھا جس نے صورتحال کو مزید مشکوک بنایا ہے۔ سیاسی مبصرین کاکہنا ہے کہ اس ملاقات میں بھی دونوں سیاسی مخالفین کے درمیان اس نقطہ پر اتفاق کیا گیا ہے کہ ایران پر حملہ کیا جائے تا کہ ایران کو آیندہ کسی بھی طرح طاقتور ملک کی شکل میں رہنا ،اسرائیل کے لیے خطرناک ہو گا۔

دوسری جانب، ایران کی جانب سے اس صورتحال پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ ایرانی عسکری و سیاسی قیادت، بشمول پاسداران انقلاب کے سابق کمانڈر اور سینئر رہنما جنرل محسن رضائی نے واضح الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ کسی بھی قسم کی جارحیت یا مہم جوئی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔ ایرانی حکام اور اس کے حامی حلقوں کا موقف ہے کہ ایران خطے میں اپنی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کا مکمل حق رکھتا ہے اور بیرونی دباؤ یا دھمکیوں کے سامنے جھکنے کے بجائے مزاحمت کی پالیسی پر گامزن رہے گا۔ ان کے نزدیک خطے میں عدم استحکام کی بنیادی وجہ غیر ملکی مداخلت اور اسرائیل کی توسیع پسندانہ پالیسیاں ہیں۔

حالیہ دنوں میں امریکا کے فضائی نظام میں پیش آنے والے تکنیکی خلل اور ہوائی اڈوں کی عارضی بندش جیسے واقعات نے بھی عالمی سطح پر سیکیورٹی اور نظام کی کمزوریوں پر بحث چھیڑ دی ہے،اگرچہ امریکی حکام کی جانب سے ان واقعات کی مختلف وجوہات بیان کی جاتی رہی ہیں، لیکن خطے میں جاری کشیدگی کے تناظر میں تجزیہ کار اس بات پر زور دیتے ہیں کہ جدید دور کی جنگیں اور تنازعات اب روایتی میدانوں سے نکل کر سائبر، معاشی اور نفسیاتی محاذوں تک پھیل چکے ہیں۔ ایسے ماحول میں کسی بھی سپر پاور کے لیے یکطرفہ عسکری فیصلے کرنا اور نتائج سے بے نیاز ہو جانا انتہائی غیر ذمے دارانہ عمل قرار دیا جا رہا ہے۔

 بین الاقوامی امور کے ماہرین اور مغربی سفارتی ذرائع اس صورتحال کو ایک مختلف زاویے سے بھی دیکھتے ہیں۔ امریکی اور اسرائیلی حکام کا موقف ہے کہ ان کے باہمی رابطے اور انٹیلی جنس تعاون خطے میں استحکام برقرار رکھنے، ایران کے جوہری پروگرام کو روکنے اور خطے میں موجود مسلح گروہوں کی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔ ان کے نزدیک یہ اقدامات جارحیت کے بجائے دفاعی اور احتیاطی تدابیر کے زمرے میں آتے ہیں تاکہ خطے میں کسی بڑے تصادم کو روکا جا سکے۔حقیقت اس کے بالکل بر عکس ہے۔ اس زاویہ کے تحت ہی امریکا اور اسرائیل نے پہلے غزہ، پھر لبنان اور اب ایران کے بعد یمن پر جنگوں کو مسلط کیا ہے۔ ان تمام جنگوں اور نسل کشی کے اقدامات میں امریکا اور اسرائیل براہ راست ملوث رہے ہیں۔

خلاصہ کلام یہ ہے کہ مجموعی طور پر مغربی ایشیا اس وقت ایک انتہائی نازک دوراہے پر کھڑا ہے۔ ایک طرف امریکا اور اسرائیل کی جانب سے دباؤ بڑھانے کی پالیسی ہے تو دوسری طرف ایران کا دوٹوک اور مزاحمتی موقف ہے۔ عالمی برادری اور امن پسند حلقوں کا ماننا ہے کہ طاقت کے استعمال اور جنگی بیانات کے بجائے بامعنی مذاکرات، باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری ہی وہ واحد راستہ ہے جس کے ذریعے خطے کو ایک نئی اور تباہ کن جنگ سے بچایا جا سکتا ہے،لیکن سوال یہ پیدا ہورہاہے کہ کیا امریکا اور اسرائیل عالمی معاہدوں، قراردادوں اور عالمی قوانین کی پاسداری کریں گے؟





Source link

متعلقہ پوسٹ