ٹونک کا پہلا حکمراں، امیر خاں

doctor younis hasni1768513836 0


امیر خاں ایک جنگ جو، شیر دل سپاہی ہی نہیں تھا،ایک ہوش مند سیاست داں اور حکمرانی کے آداب کا حامل شخص تھا۔ اس لیے اس نے ’’ٹونکڑا‘‘ نامی خطۂ ارض کو ایک جیتی جاگتی ریاست میں تبدیل کیا۔نظر باغ پیلس اپنی اور بیگمات کی قیام گاہوں کے لیے اور فوجی و دیگر اعلیٰ حکام کے قیام کے لیے اپنی رہائش سے قریب ہی انھیں بسانے کا بندوبست کیا۔

اپنے محلات کی پشت پر تھوڑے فاصلے پر قلعہ تعمیر کرایا تاکہ وہ شہر کو کسی ناگہانی یا ارادی تباہی سے بچانے کے کام آ سکے۔ سیاہ وردی کے حامل فوجی دستے کو ان کے خاندانوں سمیت وسط شہر میں آباد کیا۔ یہ محلہ اب ’’کالی پلٹن‘‘ کے نام سے مشہور ہے۔ شہر سے باہر رسیا پہاڑی کے دامن میں اپنی چھاؤنی قائم کی وہاں فوجی مشقیں بھی ہوتیں ،فوج کی تربیت بھی اور ایک طرح سے چھاؤنی فوجی قیام گاہ بھی تھی۔

 امیر خاں خود ایک پابند صوم و صلوٰۃ مسلمان تھا،  اس لیے اس نے ریاست ٹونک کی حدود میں انگریزی رائج قوانین کے ساتھ ساتھ مسلم فقہ کے تحت عدالتیں قائم کیں۔ رعایا کو اختیار تھا کہ وہ کسی معاملے میں انگریزی قوانین کے تحت فیصلہ چاہتے ہیں یا فقہ اسلامی کے تحت۔ شادی بیاہ، نکاح، طلاق اور خاندانی جھگڑوں میں مسلم فقہی احکامات رائج تھے اور ان پر عمل بھی ہوتا تھا مگر سیاسی امور میں حکومت وقت کے قوانین کے تحت گزارا کرنا مجبوری تھی، جسے قبول کیے بغیر چارہ نہ تھا۔

 ٹونک میں بڑے کنویں سے لے کر موجودہ گھنٹہ گھر تک ایک سیدھی سڑک تھی جس کے دونوں اطراف میں مختلف ناموں سے محلے آباد تھے۔ اس طویل سڑک کے دونوں اطراف سے تھوڑے تھوڑے فاصلے پر ذیلی سڑکیں نکالی گئی تھیں ،اس طرح شہر ایک چوکور شکل اختیار کر گیا تھا۔ بعد میں گھنٹہ گھر اور اس کے اطراف میں دربار ہائی اسکول، سعادت اسپتال کھیل کے میدان اور دیگر محلے آباد ہوئے۔ یہ تعمیرات آہستہ آہستہ اور موقع در موقع کی جاتی رہیں جن کا دورانیہ امیر خاں کے عہد سے لے کر ابراہیم علی خاں کے عہد تک جاتا ہے۔ بہرحال ٹونک کو ایک جیتا جاگتا شہر اور شہری ضروریات کی فراہمی کا حامل شہر بنانے میں امیر خاں اور ان کے ماتحت افسران نے بنیادی کام انجام دیا۔

جیسا کہ امیر خاں مرد میدان تو تھا ہی لیکن وہ ایک صاحب بصیرت سیاست داں بھی تھا۔ اس نے سمجھ لیا تھا کہ ہندوستان میں آزادی کے خواہاں عناصر یکے بعد دیگرے شکست کھا کر بیٹھ رہے یا دنیا سے اٹھا لیے گئے، اس لیے اب یہ اکیلا چنا بھاڑ نہیں پھوڑ سکتا۔ اس لیے اس نے 1817 کے معاہدے کے مطابق پرامن رویہ اختیار کیا اور ساری توجہ ریاست ٹونک کی تعمیر میں لگا دی۔ اس نے مذکورہ معاہدے کی خلاف ورزی کرنے کی کبھی کوشش نہیں کی۔ انگریز حکومت کو امیر خاں سے جو دھڑکا لگا ہوا تھا امیر خاں نے اپنے رویے سے اس کو بے بنیاد قرار دیا اور تمام توجہ چھوٹی سی بستی کو ایک ریاست کی شکل دینے میں صرف کر دی اور اسے ایک جدید ریاست بنا کر دم لیا، جو راجپوتنے کے 22 رجواڑوں میں واحد مسلم ریاست تھی ،جس کا اپنا وجود صرف شہر ٹونک اور اس کے نواح تک محدود نہ تھا بلکہ اس کے کئی پرگنے دور دراز علاقوں تک پھیلے ہوئے تھے۔

امیر خاں کو ریاست ٹونک کی اس ساخت کا بھی احساس تھا، اس لیے وہ کوئی ایسا اقدام کرنے سے گریزاں رہا جو انگریزوں کو کسی انتقامی کارروائی کا موقع دیتا۔ اس نے وہ پرامن رویہ اختیار کیا جو اس چھوٹے سے دیہی علاقے کو ایک شہری حکومت میں تبدیل کرنے کا باعث بنا اور وہ اس میں کامیاب رہا اور اپنے بعد آنے والوں کے لیے ایسا نمونہ چھوڑ گیا جس پر انھیں آبادکاری کے لحاظ سے زیادہ کام کرنے کی ضرورت نہیں۔ امیر خاں دنیا سے رخصت ہوئے تو ان کو یہ اطمینان رہا ہوگا کہ ان کی زندگی رائیگاں نہیں گئی وہ ہندوستان میں ایک چھوٹی سی ہی سہی ’’مسلم ریاست‘‘ کے بانی کی حیثیت سے یاد رکھے جائیں گے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ