شیخ حسینہ کا دسمبر میں بنگلہ دیش واپس جانے کا اعلان، سزائے موت کے باوجود عزم

shaikh d


نئی دہلی — بنگلہ دیش کی معزول وزیر اعظم شیخ حسینہ نے کہا ہے کہ وہ سزائے موت اور جان کے خطرے کے باوجود دسمبر میں بنگلہ دیش واپس جائیں گی۔ انہوں نے خبررساں ادارے اے ایف پی کو ای میل انٹرویو میں کہا کہ کوئی بھی موت کی دھمکی انہیں اپنے ملک سے دور نہیں رکھ سکتی۔
79 سالہ شیخ حسینہ اگست 2024ء میں طلبہ کی زیرقیادت عوامی تحریک کے بعد اقتدار سے ہاتھ دھو بیٹھیں اور ہندوستان چلی گئیں۔ بنگلہ دیش کے بین الاقوامی جرائم ٹرائبونل نے 2024ء کے مظاہروں کے خلاف پرتشدد کارروائی میں خلافِ انسانیت جرائم کے الزام میں انہیں غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔
شیخ حسینہ نے کہا، ’’میں ان خطرات سے بخوبی آگاہ ہوں جن کا مجھے وطن واپسی پر سامنا ہو سکتا ہے، لیکن میں نے فیصلہ کر لیا ہے اور موت کی کوئی بھی دھمکی مجھے میرے اپنے ملک سے دور نہیں رکھ سکتی۔‘‘ انہوں نے کہا کہ وہ پہلے ہی دسمبر میں واپسی کی تیاری کر رہی ہیں۔
بنگلہ دیشی حکام کا کہنا ہے کہ سزا کے خلاف اپیل کی مدت ختم ہونے کے بعد شیخ حسینہ مزید قانونی چارہ جوئی نہیں کر سکتیں، لہٰذا واپسی پر انہیں سزائے موت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ تاہم شیخ حسینہ نے اپنے خلاف مقدمے کی قانونی حیثیت مسترد کرتے ہوئے اسے سیاسی طور پر متعصبانہ قرار دیا ہے۔
ڈھاکہ نے ہندوستان سے شیخ حسینہ کی حوالگی کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ نئی دہلی نے کہا ہے کہ درخواست کا قانونی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شیخ حسینہ نے واضح کیا کہ وہ اپنی واپسی کے انتظام کے لیے ہندوستان سے مدد نہیں مانگیں گی کیونکہ وہ خود اپنی مرضی سے واپس جانے کا فیصلہ کر چکی ہیں۔
انہوں نے کہا، ’’حوالگی دو خودمختار ریاستوں کے درمیان کا معاملہ ہے۔ ہندوستان اپنے قوانین، پالیسیوں اور قومی مفادات کے مطابق اپنا فیصلہ خود کرے گا۔‘‘
ہندوستانی حکام کے مطابق اگر شیخ حسینہ کو بنگلہ دیش واپس بھیجا جاتا ہے تو ان کی ذمہ داری بنگلہ دیشی فوج اٹھائے گی۔ ہندوستان چاہتا ہے کہ انہیں بحفاظت ڈھاکہ پہنچایا جائے اور واپسی کے دوران کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آئے۔
بی بی سی بنگلہ کی رپورٹ کے مطابق ہندوستان نے حوالگی کے لیے دو شرائط رکھی ہیں: پہلی یہ کہ بنگلہ دیشی فوج شیخ حسینہ کی واپسی کی ذمہ داری سنبھالے اور انہیں فوجی طیارے سے نئی دہلی سے ڈھاکہ لے جائے، جبکہ دوسری یہ کہ بنگلہ دیش انہیں سزائے موت کے خلاف اپیل کا حق دے اور جولائی 2024ء کے قتل کے الزامات میں نئے سرے سے مقدمہ چلائے۔
ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ حوالگی ایک قانونی معاملہ ہے اور اسے قانونی عمل کے مطابق نمٹایا جائے گا۔
شیخ حسینہ نے کہا کہ ان کے خلاف 600 سے زائد جھوٹے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ ان کے وکلاء نے نئی دہلی میں بنگلہ دیش ہائی کمیشن کے ذریعے بنگلہ دیشی پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ کے لیے درخواست دی ہے۔
انہوں نے عوامی لیگ پر حالیہ پیٹرول بم حملوں میں ملوث ہونے کے الزامات بھی مسترد کر دیے۔ تجزیہ کاروں کا خیال ہے کہ شیخ حسینہ کا واپسی کا اعلان سیاسی اہمیت برقرار رکھنے، حامیوں کی وفاداری قائم رکھنے اور عوامی لیگ کو زندہ رکھنے کی کوشش ہے۔
بنگلہ دیش کے بین الاقوامی جرائم ٹرائبونل نے شیخ حسینہ کو 2024ء کے طلبہ احتجاج کے خلاف پرتشدد کریک ڈاؤن میں خلافِ انسانیت جرائم کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی، جبکہ اقوام متحدہ کے مطابق اس تحریک میں تقریباً 1,400 افراد ہلاک ہوئے تھے۔

متعلقہ پوسٹ