پاسپورٹ اور ویزا سروسز معطل!  پریشان کن خبر سامنے آ گئی

news 1795072906 4079



news 1795072906 4079

(24نیوز)پاکستان ہائی کمیشن لندن میں نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سروسز عارضی طور پر معطل کر دی گئیں۔

پاکستان ہائی کمیشن کا کہنا ہے کہ پاکستانی ساحل کے قریب انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی کی اطلاع کے بعد آن لائن رابطوں میں ممکنہ تعطل کے خدشے کے پیش نظر یہ اقدام کیا گیا ہے تاہم کمیشن میں دستاویزات کی تصدیق کی خدمات بدستور جاری رہیں گی، نادرا، پاسپورٹ اور ویزا سروسز کی معطلی انٹرنیٹ رابطوں اور متعلقہ نظام کی مکمل بحالی تک برقرار رہے گی۔

ہائی کمیشن نے برطانیہ میں مقیم پاکستانی شہریوں سے تعاون اور صبر و تحمل کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ انٹرنیٹ سروسز بحال ہوتے ہی تمام معطل شدہ خدمات کی بحالی سے شہریوں کو آگاہ کر دیا جائے گا۔

خیال رہے کہ انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی کے باعث پاکستان بھر میں انٹرنیٹ صارفین کو مشکلات کا سامنا ہے۔

 پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے انٹرنیشنل سب میرین کیبل میں خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ سب میرین کیبل میں پاکستان کے ساحل سے 11 کلو میٹر دور خرابی آئی ہے جس سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ترجمان پی ٹی اے نے کہا کہ تکنیکی خرابی کے باعث انٹرنیٹ سروس کے معیار میں کمی آ سکتی ہے، ٹرانس ورلڈ ایسوسی ایٹس کیبل کنسورشیم کے ساتھ خرابی کی وجہ جاننے کیلیے رابطے میں ہیں، سب میرین کیبل کی مرمت اور سروس بحالی کے متوقع وقت کا تعین کیا جا رہا ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:2035 تک دنیا میں مسلمانوں کی تعداد عیسائیوں سے بڑھنے کا امکان: پیو ریسرچ سینٹر کی پیشگوئی

دوسری جانب پاکستانی سفارتخانے نے آسٹریا، سلوواکیہ اور ہنگری میں مقیم پاکستانی شہریوں کے لیے نابالغ بچوں کے پاسپورٹ کے اجرا اور تجدید سے متعلق نئی ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کے تحت 18 سال سے کم عمر بچوں کی پاسپورٹ درخواست جمع کرواتے وقت والدین دونوں کی موجودگی اور مشترکہ رضامندی لازمی قرار دی گئی ہے۔

 سفارتخانے کے مطابق ای پاسپورٹ سسٹم کے نفاذ کے بعد یہ نئے تقاضے فوری طور پر لاگو کر دیے گئے ہیں، اب نابالغ بچے یا بچوں کے پاسپورٹ کے اجرا یا تجدید کے لیے والد اور والدہ دونوں کو بچے کے ہمراہ سفارتخانے میں ذاتی طور پر حاضر ہونا ہوگا۔

 نئی ہدایات کے تحت اگر بچے کے ساتھ والدین میں سے صرف ایک موجود ہو تو عام حالات میں پاسپورٹ کی درخواست پر کارروائی نہیں کی جائے گی، اس کے علاوہ دونوں والدین کو مشترکہ رضامندی کا تحریری خط بھی جمع کروانا ہوگا، جس پر ان کے دستخط ہوں اور جس میں بچے کے پاسپورٹ کے اجرا یا تجدید کی واضح اجازت دی گئی ہو، تاہم سفارتخانے نے دو مخصوص صورتوں میں اس شرط سے استثنیٰ دیا ہے، پہلی صورت میں اگر نابالغ بچے کی واحد قانونی تحویل والدین میں سے کسی ایک کے پاس ہو تو متعلقہ والد یا والدہ کو اس حوالے سے مستند قانونی دستاویز فراہم کرنا ہوگی،اس مقصد کے لیے عدالتی حکم نامہ یا تحویل سے متعلق کوئی دوسری قانونی طور پر تسلیم شدہ دستاویز قابل قبول ہوگی، دوسری صورت میں اگر والدین میں سے کسی ایک کا انتقال ہو چکا ہو تو زندہ والد یا والدہ کو مرحوم شریکِ حیات کا سرکاری ڈیتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنا ہوگا۔

 پاکستانی سفارتخانے نے آسٹریا، سلوواکیہ اور ہنگری میں مقیم پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ پاسپورٹ کی درخواست جمع کروانے سے قبل تمام نئی شرائط کا جائزہ لیں اور مطلوبہ دستاویزات مکمل کرکے سفارتخانے آئیں۔

 سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ان ہدایات پر عمل کرنے سے درخواستوں کی کارروائی میں ممکنہ تاخیر اور غیر ضروری مشکلات سے بچا جا سکے گا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ