مغربی بنگال کے گورنر آر این روی

photo 2026 11 18 18.00.46


کتاب کی رسم اجرا کے موقع پر (بائیں سے) آر ایس ایس کے اکھل بھارتیہ سمپرک پرمکھ رام لال، وشو ہندو پریشد کے سرپرست دنیش چندر، آر ایس ایس کے سابق سرکاریہ واہ بھیا جی جوشی، مغربی بنگال کے گورنر آر این روی، چانکیہ وار تا کے مدیر امت جین اور دیگر۔ (تصویر: انکت راج/دی وائر)

مغربی بنگال کے گورنر آر این روی نے آر ایس ایس کی صد سالہ تقریبات کے حوالے سے منعقد ایک پروگرام میں سنگھ کی جم کرتعریف کی اور اسے ’قوم کا محافظ‘ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جب تک آر ایس ایس  ہے، ہندوستان اور اس کا مستقبل محفوظ ہے۔

نئی دہلی: مغربی بنگال کے گورنر آر این روی نے منگل (17 نومبر) کو نئی دہلی میں راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے صد سالہ سال کے حوالے سے منعقد ایک پروگرام میں سنگھ کی جم کر تعریف کی۔ انہوں نے سنگھ کو ’قوم کا محافظ‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب تک آر ایس ایس ہے، ہندوستان اور اس کا مستقبل محفوظ ہے۔ اس دوران انہوں نے کانگریس کا نام لیے بغیر آزادی کے بعد ملک  کےراستہ بھٹکنے اور مذہبی طور پر اپیزمنٹ کی سیاست کا یہ الزام بھی لگایا۔

روی نے تحریک خلافت کا ذکر کرتے ہوئے کانگریس پر ہندوؤں کے قتل عام کے وقت خاموش رہنے کا الزام لگایا۔ تاہم، ان کے اس بیان میں اس وقت کانگریس کے کردار سے متعلق کئی اہم حقائق نظر انداز کر دیے گئے۔ ان کی تقریر میں آر ایس ایس کے نظریے سے مطابقت رکھنے والے کئی سیاسی اور تاریخی دعوے بھی سننے کو ملے۔

روی نے یہ باتیں منگل کو چانکیہ پوری کے سول سروسز آفیسرز انسٹی ٹیوٹ (سی ایس او آئی) کے آڈیٹوریم میں منعقد’بھارت گورو اتسو-2026‘ میں کہیں۔ سنگھ کا نظریاتی مواد شائع کرنے والے ’چانکیہ وار تا پبلی کیشن گروپ‘ کے دس سال مکمل ہونے پر منعقد اس پروگرام کا تھیم’راشٹریہ سویم سیوک سنگھ صد سالہ سال‘ تھا۔

اس موقع پر آر ایس ایس کے سابق سرکاریہ واہ سریش ’بھیا جی‘ جوشی، وشو ہندو پریشد کے سرپرست دنیش چندر اور سنگھ کےاکھل بھارتیہ سمپرک پرمکھ رام لال بھی موجود تھے۔ پروگرام میں ’راشٹریہ سویم سیوک سنگھ: تتھی درپن‘ نامی کتاب کا اجرا بھی کیا گیا۔ اس کتاب کے مرتب وجئے کمار ہیں۔

گورنر روی اس پروگرام کے مہمان خصوصی تھے، جبکہ بھیا جی جوشی نے تقریب کی صدارت کی۔

بھیا جی جوشی اور گورنر کی تقریروں میں مماثلت

گورنر کی تقریر کی ایک خاص بات یہ تھی کہ اس میں بھیا جی جوشی کے خطاب کے  خیالات اور دعووں کی جھلک دکھائی دی۔ دونوں نے ہندوستان کے موجودہ دور کو ایک نئی بیداری کے عہد کے طور پر پیش کیا۔ ساتھ ہی ہندوستان کو دنیا کی قیادت کرنے کے قابل بتایا اور سنگھ کو ملک کی سلامتی اور مستقبل کے لیے اہم قرار دیا۔

بھیا جی جوشی نے اپنے خطاب میں ونایک دامودر ساورکر کی تحریر کردہ ’تاریخ کے چھ سنہری ابواب‘ کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ساتواں سنہری باب موجودہ دور میں لکھا جا رہا ہے، جس کی شروعات شیواجی کی تاج پوشی کے بعد ہوا تھا۔

اس کے بعد روی نے بھی ہندوستان کے موجودہ حالات کے حوالے سے کہا،’کئی ادوار سے گزرتے ہوئے آج ہم اس مرحلے پر پہنچے ہیں۔ ملک نے کروٹ لی ہے۔ سماج میں بیداری پیدا ہوئی ہے اور ایک سازگار ماحول وجود میں آیا ہے۔ …اب ہندوستان بیدار ہو رہا ہے اور اس کے نتائج اور اچھے اثرات ہم دیکھ رہے ہیں…‘

جوشی نے کہا تھا کہ تمام حملوں اور صدمات کے بعد بھی ہندوستان اور اس کی تہذیب زندہ ہیں، کیونکہ ہندوستان موت پر فتح پانے والا ملک ہے۔ کوئی طاقت ہندوستان کو ختم نہیں کر سکتی اور ہندوستان کو عالمی فلاح و بہبود میں اپنا کردار ادا کرنا ہے۔

روی نے بھی اسی طرح  کے خیال  کااظہار کرتے ہوئے کہا،’یہ ہندوستان کی خصوصیت ہے کہ جب جب ہندوستان کی شناخت پر، جب اس کی روحانی بنیاد پر مہلک حملے ہوئے ہیں اور اس پر سوالیہ نشان لگایا گیا ہے، تو ہندوستان کے اندر سے ایک ایسی طاقت پیدا ہوتی ہے جو دوبارہ سماج کو بیدار کرکے ہندوستان کو صرف مٹنے سے ہی نہیں بچاتی، کیونکہ یہ تو سناتن ہے، بلکہ اس کی طاقت میں پھر سے اضافہ بھی کرتی ہے۔‘

photo 2026 11 18 17.57.39
آر ایس ایس کے سابق سرکاریہ واہ سریش ’بھیا جی‘ جوشی۔ (تصویر: انکت راج/دی وائر)

ہندوستان کو دنیا کی قیادت کرنے کے قابل قرار دیتے ہوئے جوشی نے کہا، ’اگر دس سال بعد پوری دنیا ’بھارت ماتا کی جئے‘ کے نعرے لگائے تو حیران مت ہونا۔‘

روی نے بھی اپنے خطاب میں اسی سے ملتی جلتی بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا امید بھری نظروں سے ہندوستان کی طرف دیکھ رہی ہے اور اس سے قیادت کی توقع رکھتی ہے۔ ان کے لفظوں میں،’دنیا جانتی ہے کہ ہندوستان اہل ہے، ہندوستان قیادت کر سکتا ہے اور کر بھی رہا ہے۔‘

بھیا جی جوشی نے اپنے خطاب میں کمیونزم کو ایک منفی نظریہ قرار دیا تھا۔ دوسری طرف روی نے ’ووٹ چوری‘ سمیت حالیہ کسی تحریک کا نام لیے بغیر بعض لوگوں پر ملک میں بھرم اور انتشار پیدا کرنے کا الزام لگایا۔ ان تحریکوں میں بائیں بازو کی رہنما نہا بورا اور دیگر ترقی پسند لوگ سرگرم رہے ہیں۔

روی نے کہا،’ہم دیکھ رہے ہیں کہ کس طرح کچھ لوگ ملک میں بھرم پھیلا کرہماری طاقت کو کمزور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور انتشار پیدا کرنےکی کوشش کر رہے ہیں۔ ہم یہ بھی جانتے ہیں کہ وہ کامیاب نہیں ہوں گے، کیونکہ ہمیں یقین ہے کہ یہ بیدار ہندوستان اس طرح کے منفی نظریات کو کبھی قبول نہیں کرے گا۔‘

دونوں مقررین کی تقریرمیں سنگھ کے حوالے سے بھی مماثلت دکھائی دی۔ جوشی نے کہا کہ ہندوستان کو مضبوط اور طاقتور بنانے کے لیے نیک اوصاف سے آراستہ سویم سیوکوں کے ذریعے سماج کو منظم کرنا سنگھ کا ہدف ہے۔ وہیں روی نے سنگھ کو ’قوم کا محافظ‘ قرار دیتے ہوئے کہا،’ راشٹریہ سویم سیوک سنگھ جب تک ہے، ہندوستان محفوظ ہے۔ ہندوستان کا مستقبل محفوظ ہے۔‘

انہوں نے جوشی کو ’رشی‘ کہہ کر مخاطب کیا۔ سنگھ کے بانی ڈاکٹر کیشو بلی رام ہیڈگیوار اور ان کے بعد آنے والے سرسنگھ چالکوں کو ’قابل احترام‘ قرار دیتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔

گورنر نے کہا کہ ہزاروں پرچارکوں اور لاکھوں سویم سیوکوں کی تپسیا، قربانی اور ایثار کے نتیجے میں سنگھ اس مقام تک پہنچا ہے۔

واضح ہو کہ سنگھ اور اس سے وابستہ لوگوں پر گاندھی کے قتل اور بابری مسجد کے انہدام سمیت کئی پرتشدد واقعات میں ملوث ہونے کے الزام لگتے رہے ہیں۔

خلافت تحریک کے بارے میں کیا کہا؟

روی نے اپنی تقریر میں تحریک آزادی کی تاریخ کی اپنی تشریح پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں تحریک آزادی ایک منظم عوامی تحریک کی شکل اختیار کر رہی تھی، لیکن 1916 آتے آتے فرقہ وارانہ طاقتوں کے ساتھ سمجھوتے ہونے لگے۔ ان کے مطابق، کونسلوں میں مسلم برادری کو الگ نمائندگی دینے کی بات ہوئی اور تحریک آزادی کی قیادت کرنے والی تنظیم نے بھی اس پر رضامندی ظاہر کر دی۔

یہاں ان کا اشارہ کانگریس اور 1916 کے لکھنؤ سمجھوتے کی طرف تھا۔ اس معاہدے کے تحت کانگریس نے مسلم لیگ کے الگ انتخابی نظام کے مطالبے کوتسلیم کیا تھا۔

تاہم، روی کے بیان میں اس پورے واقعہ کو محض سماج کو تقسیم کرنے کے عمل کے طور پر پیش کیا گیا۔

Screenshot 2026 11 18 at 5.53.09 PM 768x674 1

لکھنؤ سمجھوتے کا تاریخی پس منظر اس سے کہیں زیادہ وسیع تھا۔ دسمبر 1916 میں کانگریس اور مسلم لیگ نے برطانوی حکومت سے آئینی اصلاحات اور اپنی حکمرانی کے مطالبے کے لیے ایک مشترکہ منصوبے پر اتفاق کیا تھا۔ اس میں مسلمانوں کے لیے الگ انتخابی حلقوں اور بعض صوبوں میں ان کی آبادی کے تناسب سے زیادہ نمائندگی کی گنجائش بھی شامل تھی۔

یہ فیصلہ یقینی طور پر الگ انتخابی نظام کو تسلیم کرنے والا ایک سیاسی سمجھوتہ تھا اور اس پر تنقید بھی ہوئی تھی۔ لیکن اسے محض فرقہ وارانہ طاقتوں کے سامنے کانگریس کے سپردگی کے طور پر پیش کرنا اس وقت کے مکمل سیاسی حالات کو نظر انداز کرنا ہے۔ اس سمجھوتے کا مقصد برطانوی حکومت کے سامنے مشترکہ سیاسی مطالبات پیش کرنا بھی تھا۔

اس کے بعد روی نے خلافت  کی تحریک کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا،’چند برس بعد ترکی میں خلافت کا خاتمہ ہوا اور اس کے خلاف بغاوت اور مخالفت کسی اسلامی ملک میں نہیں بلکہ ہندوستان میں ہوئی، وہ بھی پرتشدد انداز میں۔ ہزاروں ہندوؤں کا قتل عام ہوا، ہزاروں لوگوں کا جبراً مذہب تبدیل کرایا گیا۔ اور اس وقت تحریک آزادی کی قیادت کرنے والی تنظیم خاموش رہی۔ وہ صرف خاموش ہی نہیں رہی بلکہ اس خلافت کے نظام کو دوبارہ قائم کرنے کے لیے اس نے بھی ان کے ساتھ مل کر آواز اٹھائی۔‘

کانگریس پر اپیزمنٹ کی سیاست کا الزام

روی نے کانگریس کا نام لیے بغیر کہا کہ آزادی کے بعد ملک اپنی راہ سے بھٹک گیا۔ ان کے مطابق، آزادی کے بعد ہندوستان کو اپنے شاندار مقدر کی طرف بڑھنا چاہیے تھا، لیکن ایسا نہیں ہوا۔

انہوں نے الزام لگایا کہ فرقہ وارانہ اپیزمنٹ کی وجہ سے ملک میں زبان، خطے، نسل اور مذہب کی بنیاد پر تقسیم کا عمل شروع ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے تنوع کو اتحاد کے طور پر دیکھنے کے بجائے اختلاف اور تفریق کے طور پر دیکھا جانے لگا۔

تاہم، روی نے یہ واضح نہیں کیا کہ ان کا اشارہ کن پالیسیوں یا واقعات کی طرف تھا۔ انہوں نے نہ تو کسی حکومت کا نام لیا اور نہ ہی اپنے الزامات کی حمایت میں کوئی ٹھوس مثال پیش کی۔

’سنگھ تپسویوں کا پریوار ہے‘

گورنر روی نے اپنے خطاب میں آر ایس ایس کی جم کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا،’ہم سب جانتے ہیں کہ سنگھ تو ایسے تپسویوں کا پریوار ہے جو صرف کام کرتے ہیں۔ اس کا ڈاکیومنٹیشن کرنا جانتے ہیں، لیکن اس کی طرف ان کی توجہ بھی نہیں جاتی۔‘

سنگھ کے قیام کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ جس ماحول میں سنگھ کی بنیاد رکھی گئی، وہ کوئی عام حالات نہیں تھے۔ اس کے بعد انہوں نے 1916 کے لکھنؤ سمجھوتےاور خلافت کا ذکر کیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ ان واقعات کے دوران ملک اپنی راہ سے بھٹک گیا تھا۔اس کے بعد انہوں نے کہا،’تو ایسے حالات میں، قوم کے لیے وقف تپسویوں کا ایک گروہ، ایک پریوار، ساتھ آیا اور راشٹریہ سویم سیوک سنگھ وجود میں آیا۔ تب سے یہ متعدد رکاوٹوں اور مشکلات کا سامنا کرتے ہوئے قوم کی خدمت کرتا آ رہا ہے۔‘

سنگھ کی جانب سے اپنی حصولیابیوں کی تشہیر نہ کرنے کا ذکر کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ انہوں نے سنگھ کو کبھی اپنی حصولیابیوں کی نمائش کرتے نہیں دیکھا۔انہوں نے کہا،’سنگھ کا صد سالہ سال چل رہا ہے۔ میں نے نہیں سنا کہ سنگھ نے اپنی حصولیابیوں کی کوئی نمائش لگائی ہو، جیسا کہ عام طور پر جب بھی کوئی ایسا سنگ میل آتا ہے تو لوگ اور ادارے ایسا کرتے ہیں۔ لیکن سنگھ نے ایسا کچھ نہیں کیا۔ وہ سماج کی تعمیر کے کام کو اور تیزی سے آگے بڑھاتا رہا۔‘

آئینی عہدے پر فائز گورنر کے سیاسی تبصرے پر سوال

آر این روی کی یہ تقریر اس لیے بھی اہم ہے کہ وہ مغربی بنگال جیسے صوبے کے گورنر کے آئینی عہدے پر فائز ہیں۔ گورنر کا عہدہ کسی سیاسی جماعت یا تنظیم کے تئیں وفاداری ظاہر کرنے کا منصب نہیں ہے۔

آئین کے آرٹیکل 159 کے تحت گورنر اپنے عہدے کا حلف لیتے وقت آئین اور قانون کے تحفظ اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے کام کرنے کا عہد کرتے ہیں۔

سپریم کورٹ نے 2010 میں بی پی سنگھل بنام یونین آف انڈیا مقدمے میں گورنروں کے کردار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ گورنروں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ سیاسی طور پر سرگرم نہ ہوں اور ان کی وفاداری کسی سیاسی جماعت کے بجائے آئین کے ساتھ ہو۔ عدالت نے یہ بھی واضح کیا تھا کہ گورنر مرکزی حکومت کے ملازم یا اس کے ایجنٹ نہیں  ہیں۔

اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ گورنر کسی عوامی یا ثقافتی پروگرام میں شرکت نہیں کر سکتے یا انہیں تاریخ، ثقافت اور سماج پر اپنی رائے رکھنے کا حق نہیں ہے۔ لیکن جب کوئی گورنر کسی تنظیم کے پروگرام میں جا کر اسے ’قوم کا محافظ‘ قرار دیتا ہے، اس کے بانیوں اور قیادت کو ’رشی‘ اور ’قابل احترام‘ کہتا ہے اور ساتھ ہی اپوزیشن کے سیاسی نظریات اور تحریکوں کو نشانہ بناتا ہے، تو اس کے آئینی عہدے کی غیر جانبداری پر سوال اٹھنا فطری ہے۔

روی نے اپنی تقریر میں آر ایس ایس کے نظریے اور اس کی خدمات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سنگھ کے رہنے تک ہندوستان محفوظ ہے۔

سوال یہ ہے کہ کیا کسی آئینی عہدے پر فائز شخص کو کسی ایک تنظیم کے بارے میں اس طرح کے سیاسی اور نظریاتی دعوے کرنے چاہیے؟ خصوصی طور پر اس وقت جب ان کی تقریر میں تاریخی واقعات کی یکطرفہ تشریح بھی شامل ہو۔

روی کا  پس منظر

بہار کے پٹنہ میں پیدا ہونے والے آر این روی نے کچھ عرصے تک صحافی کے طور پر کام کرنے کے بعد 1976 میں انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) میں شمولیت اختیار کی۔ اس کے بعد انہوں نے سی بی آئی اور انٹلی جنس بیورو میں خدمات انجام دیں۔ 2012 میں ریٹائرمنٹ کے بعد 2014 میں انہیں وزیر اعظم کے دفتر (پی ایم او) کے تحت آنے والی جوائنٹ انٹلی جنس کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا اور اکتوبر 2018 میں وہ ڈپٹی نیشنل سکیورٹی ایڈوائزر بنے۔

قابل ذکر ہے کہ آر این روی 2014 سے نگا تنظیموں کے ساتھ جاری امن مذاکرات میں مرکزی حکومت کی نمائندگی کر رہے تھے اور 2019 میں انہیں ناگالینڈ کا گورنر بھی مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم، اس کے بعد نگا گروپوں اور کارکنوں کی جانب سے کئی بار ان پر امن مذاکرات کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کرنے کے الزامات لگائے گئے۔

جولائی 2020 میں گورنر روی اور ریاستی حکومت کے درمیان اس وقت تصادم کی صورتحال پیدا ہو گئی تھی، جب روی نے اس وقت کے وزیر اعلیٰ نیفیو ریو کو خط لکھ کر کہا تھا کہ ریاست میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال پوری طرح بگڑ چکی ہے اور انہیں اس معاملے میں مداخلت کرنی پڑے گی۔ اس کے بعد ریاستی حکومت نے اس سلسلے میں ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ ناگالینڈ میں حالات معمول کے مطابق اور پرامن ہیں۔

اس کے بعد 2021 میں انہیں تمل ناڈو کا گورنر مقرر کیا گیا، جہاں اسٹالن حکومت کے ساتھ ان کی کشیدگی کے باعث ان کی مدت تنازعات کا شکار رہی۔ معاملہ یہاں تک بگڑ گیا تھا کہ 2022 میں اس وقت حکمراں ڈی ایم کے کی قیادت والے سیکولر پروگریسیو الائنس نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو ایک میمورنڈم بھیج کر روی کو برطرف کرنے کی درخواست کی تھی۔ اتحاد کا کہنا تھا کہ روی فرقہ وارانہ نفرت کو ہوا دیتے ہیں اور ریاست کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔

اس کے بعد جولائی 2023 میں بھی اس وقت کے وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو کو خط لکھ کر کہا تھا کہ روی گورنر بننے کے اہل نہیں ہیں۔ انہیں عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اسٹالن نے ان پر تمل ثقافت کو ’بدنام‘ کرنے، ’سستی سیاست‘ میں ملوث ہونے اور ’فرقہ وارانہ نفرت‘ پھیلانے کا الزام بھی لگایا تھا۔

اس سال مغربی بنگال میں اسمبلی انتخابات سے ٹھیک پہلے روی کو وہاں کا گورنر مقرر کیا گیا تھا۔ اس وقت کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا تھا کہ یہ فیصلہ ممکنہ طور پر ریاست میں ہونے والے آئندہ اسمبلی انتخابات سے متعلق ہو سکتا ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ