جی ٹی اے 6 کی لانچ نے انٹرنیٹ ٹریفک کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا

gta1795183124 0



دنیا بھر میں سب کو اپنی توجہ کا مرکز بنانے والے ویڈیو گیم ’گرینڈ تھیفٹ آٹو 6‘ (جی ٹی اے 6) کی ریلیز نے برطانیہ میں انٹرنیٹ ٹریفک کا ایک اور نیا ریکارڈ قائم کر دیا۔

برطانوی ٹیلی کام کمپنی ورجن میڈیا او ٹو کے مطابق بدھ کی شب رات 8 سے 10 بجے کے دوران براڈ بینڈ ٹریفک میں گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے میں 9.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ یہ اضافہ گیم کے نصف شب ریلیز سے قبل سامنے آیا۔

کمپنی کے مطابق اس سے پہلے براڈ بینڈ ٹریفک کا ریکارڈ گزشتہ ہفتے جی ٹی اے 6 کے پری لوڈنگ، یعنی گیم کی ریلیز سے قبل اسے ڈاؤن لوڈ کرنے کے باعث قائم ہوا تھا۔

اندازے کے مطابق برطانیہ کے تقریباً 28 لاکھ بالغ افراد گیم کی ریلیز کے پہلے ہی روز اسے کھیلنے کا ارادہ رکھتے ہیں جبکہ ہزاروں افراد نے نصف شب ریلیز کے بعد گیم کھیلنے کے لیے ملازمت سے ایک دن کی چھٹی بھی لے رکھی تھی۔

ورجن میڈیا او ٹو کے ڈائریکٹر آف پروڈکٹ گیرتھ لسٹر نے کہا کہ جہاں کھلاڑی جی ٹی اے 6 میں اپنے پہلے مشنز کے لیے تیار ہو رہے تھے، وہیں کمپنی کی نیٹ ورک ٹیمیں بھی ایک بڑے چیلنج کے لیے تیاری کر رہی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کمپنی گیم کی ریلیز سے قبل مختلف مراحل اور سنگ میل پر نظر رکھے ہوئے تھی اور یہ دیکھنے کے لیے تیار تھی کہ آیا اس کا نیٹ ورک ایک اور ریکارڈ توڑ ٹریفک کا بوجھ برداشت کر سکے گا یا نہیں اور نیٹ ورک نے یہ چیلنج کامیابی سے پورا کیا۔

رپورٹ کے مطابق گیم کی ریلیز سے قبل صارفین کی جانب سے 212 جی بی حجم کا گیم ڈاؤن لوڈ کرنے کے باعث انٹرنیٹ ٹریفک میں گزشتہ ہفتے کے مقابلے میں تقریباً 10 فی صد اضافہ ہوا۔

براڈ بینڈ ٹریفک کا یہ نیا ریکارڈ رواں سال کے آغاز میں آرسنل اور ایٹلیٹیکو میڈرڈ کے درمیان کھیلے گئے فٹ بال میچ کے دوران قائم ہونے والے ریکارڈ سے بھی 13.6 فی صد زیادہ ہے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ