ورک ویزا والے کو آف لوڈ نہیں کیا جاتا وزٹ ویزا پر روکنے کی وجوہات ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن

off load1795195081 0



کراچی:

ڈپٹی ڈائریکٹر امیگریشن کراچی ائیرپورٹ شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ کسی بھی مسافر کی آف لوڈنگ کے درپردہ ٹھوس وجوہات ہوتی ہیں، جس میں مالی حیثیت، ہوٹل کی ادا شدہ بکنگ، مطلوبہ کرنسی اور واپسی کا ٹکٹ نہ ہونے سمیت دیگر وجوہات شامل ہیں، ورک ویزا پر آف لوڈنگ کا تاثر درست نہیں۔

اپنے بیان میں انہوں نےکہا ہے کہ ورک ویزا پر آف لوڈنگ کے واقعات انتہائی محدود ہیں کیونکہ ورک ویزا کے دستاویزات کی متعلقہ وزارت پہلے ہی جانچ پڑتال کرتی ہے، آف لوڈنگ کے زیادہ تر واقعات وزٹ ویزا پر سفر کرنے والے مسافروں کے ساتھ پیش آتے ہیں جہاں ان کی مالی حیثیت اور بیرون ملک قیام کے اخراجات برداشت کرنے کی صلاحیت کا جائزہ لیا جاتا ہے۔

شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ ہوٹل کی ادا شدہ بکنگ نہ ہونا، مطلوبہ غیر ملکی کرنسی اور واپسی کا ٹکٹ موجود نہ ہونا بھی مسافروں کی آف لوڈنگ کی اہم وجوہات ہیں ،ایف آئی اے نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وزٹ ویزا پر بیرون ملک روانگی سے قبل اپنے مالی وسائل، ہوٹل کی ادا شدہ بکنگ، مطلوبہ غیر ملکی کرنسی اور واپسی کے ٹکٹ کو یقینی بنائیں تاکہ دوران امیگریشن کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انھوں نے بتایا کہ بیرون ملک سے ڈی پورٹ ہوئے پاکستانیوں کی تعداد آف لوڈنگ کے مقابلے میں چار گنا بڑھ چکی ہے جبکہ ڈی پورٹ ہوئے متعدد پاکستانیوں کو بیرون ملک فوج داری الزامات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے، سعودی عرب سے منشیات کے الزامات میں پاکستانی شہریوں کی ڈی پورٹیشن کے واقعات زیادہ ہیں جبکہ اقامے کی میعاد ختم ہونا اور مقررہ مدت سے زیادہ قیام بھی سعودی عرب سے پاکستانیوں کی ڈی پورٹیشن کی بڑی وجوہات ہیں۔

شہزاد اکبر کے مطابق جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر بیرون ملک جانے والے مسافروں کی رہنمائی اور سہولت کے لیے ایف آئی اے کا پری ڈیپارچر فسیلیٹیشن ڈیسک مکمل طور پر فعال  ہے جہاں مسافروں کو سفری تقاضوں اور امیگریشن کے طریقہ کار سے متعلق معلومات فراہم کی جارہی ہیں۔

اس ڈیسک کا مقصد بیرون ملک جانے والے حقیقی مسافروں کو روانگی سے قبل سفری دستاویزات اور امیگریشن امور سے متعلق رہنمائی فراہم کرنا اور ان کے تحفظات دور کرنا ہے۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے مسافروں کا سفر آسان، ہموار اور پریشانی سے پاک بنانے میں مدد مل رہی ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ