واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ ایران کے خلاف وسیع پیمانے پر فوجی حملوں کے ایک نئے دور پر غور کر رہے ہیں۔ نیویارک ٹائمز کے مطابق، امریکی اور اسرائیلی حکام کے بقول یہ غور و خوض ایران کی فوجی صلاحیتوں سے متعلق نئی انٹیلی جنس معلومات اور اسرائیل کی جانب سے فوری اور فیصلہ کن کارروائی کے بڑھتے دباؤ کے پیشِ نظر ہو رہا ہے۔ تاہم ٹرمپ نے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا ہے۔�
حکام کے مطابق اسرائیل نے امریکہ کو خبردار کیا ہے کہ ایران اپنے میزائلوں اور ڈرونز کا ذخیرہ دوبارہ تعمیر کر رہا ہے اور کیمیائی و حیاتیاتی ہتھیاروں کے پروگرام کو آگے بڑھا رہا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نتن یاہو امریکہ سے ایران کے خلاف چار سے سات دن پر مشتمل مشترکہ فضائی حملوں کی مہم میں شمولیت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔
امریکی انتظامیہ کے اندر بھی ایران پر نئے حملے کی افادیت اور انٹیلی جنس معلومات کی درستی کو لے کر اختلافات موجود ہیں۔ خطے میں امریکی فوجی طاقت کی موجودگی کو حملے کے لیے سازگار موقع سمجھا جا رہا ہے، لیکن حتمی فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔
دوسری طرف، ایرانی وزارتِ خارجہ نے جنوبی ساحلی علاقوں میں مبینہ امریکی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ایرانی مسلح افواج نے خطے میں دو امریکی اڈوں پر پیٹریاٹ فضائی دفاعی نظام اور ڈرون و میزائل لانچنگ پلیٹ فارمز کو نشانہ بنایا۔ وزارت نے کہا کہ ایران دوبارہ جارحیت یا دشمنانہ کارروائی کی صورت میں فیصلہ کن جواب دے گا۔

