اسرائیلی زمینی کارروائی کے بعد وسطی غزہ میں 6 ہزار سے زائد فلسطینی بے گھر


غزہ: اسرائیلی فوج کی وسطی غزہ میں نئی زمینی کارروائی، بمباری اور صلاح الدین اسٹریٹ کی عارضی بندش کے بعد النصیرات اور البریج پناہ گزین کیمپوں کے قریب 6 ہزار سے زائد فلسطینی جبری بے دخلی کا شکار ہوئے ہیں۔ غزہ کے سرکاری میڈیا آفس کے مطابق 1,500 سے زائد خاندان متاثر ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے 18 نومبر کو النصیرات اور البریج کیمپوں کے شمال میں اپنی کارروائی کا آغاز کیا، جسے اس نے مبینہ حماس سرنگ کے خاتمے کی کارروائی قرار دیا۔ اسرائیلی افواج نے "یلو لائن” کے مغرب میں پیش قدمی کی اور صلاح الدین اسٹریٹ کے ایک حصے کو بند کیا، جس سے شہریوں اور امدادی کارکنوں کی نقل و حرکت متاثر ہوئی۔
غزہ کے میڈیا آفس کے ابتدائی اندازوں کے مطابق متاثرہ اور قریبی علاقوں میں چھ رجسٹرڈ پناہ گاہوں میں 630 خاندانوں کے تقریباً 2,855 افراد مقیم تھے، جبکہ ان مراکز کے اطراف تقریباً 235 خاندانوں کے 2,405 افراد رہائش پذیر تھے۔ دفتر نے کہا کہ املاک اور بنیادی پناہ گاہوں کی تباہی سے بڑے مادی نقصانات بھی ہوئے ہیں۔
اسرائیلی فوج نے 19 نومبر کو کارروائی ختم ہونے اور صلاح الدین اسٹریٹ دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا۔ تاہم مقامی رہائشیوں کا کہنا تھا کہ وقفہ وقفہ سے فائرنگ جاری رہنے کے باعث سڑک اب بھی خطرناک تھی اور کئی خاندان واپس نہیں آئے۔
غزہ کے محکمۂ صحت کے مطابق اکتوبر 2025ء میں جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے اب تک 1,600 سے زائد فلسطینی ہلاک ہو چکے ہیں۔ غزہ کے میڈیا آفس نے شہریوں کی جبری بے دخلی اور پناہ گاہوں کے نقصان کو بین الاقوامی انسانی قانون کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اقوامِ متحدہ، ثالثوں اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے

متعلقہ پوسٹ