جموں میں ایک عارضی کیمپ میں کمبل کی آڑ سے جھانکتی روہنگیا خاتون۔ سرکاری نوٹس کے بعد وہاں بنائی گئیں عارضی پناہ گاہوں کو ہٹایا جا رہا تھا۔ 16 ستمبر 2026۔تصویر: اے پی / چنی آنند
انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس نے میانمار کو 2017 میں روہنگیا کمیونٹی کے خلاف نسل کشی کا قصوروار مانا ہے۔ تاہم ہندوستان میں رہنے والے روہنگیا پناہ گزینوں کو اب بھی حراست میں لیے جانے اور ملک بدر کیے جانے کا ڈر ستا رہا ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ جب تک میانمار میں حالات محفوظ نہیں ہو جاتے، انہیں ہندوستان میں عارضی پناہ دی جائے۔
نئی دہلی: انٹرنیشنل کورٹ آف جسٹس (آئی سی جے) نے 19 نومبر کو ایک اہم فیصلے میں کہا کہ میانمار نے 2017 میں رخائن صوبے میں روہنگیا کمیونٹی کے خلاف نسل کشی کی تھی۔ عدالت نے میانمار کو اس جرم کے لیے ذمہ دار لوگوں کی جانچ کرنے، قصورواروں کے خلاف مقدمہ چلانے اور روہنگیا کمیونٹی کو ہوئے نقصان کی تلافی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
تاہم، ہندوستان میں رہنے والے روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے اس فیصلے کے بعد بھی غیر یقینی صورتحال برقرار ہے۔ انہیں اب بھی ڈر ہے کہ انہیں حراست میں لیا جا سکتا ہے یا ملک بدر کیا جا سکتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک میانمار میں حالات محفوظ نہیں ہو جاتے، ہندوستان کی حکومت کوانہیں یہاں عارضی پناہ دینی چاہیے۔
روہنگیا ایکٹوسٹ صادق شالوم نے دی وائر سے بات چیت میں کہا کہ آئی سی جے کے فیصلے پر عملدرآمد کرانے کے لیے عدالت کے پاس اپنی کوئی طاقت نہیں ہے۔ اس فیصلے پر عمل کرنا میانمار پر منحصر کرتا ہے۔
انہوں نے کہا،’عدالت نے کہا ہے کہ روہنگیا کمیونٹی کو عزت اور وقار کے ساتھ اپنے وطن واپس جانے کا حق ملنا چاہیے۔ لیکن یہ بھی ممکن ہے کہ میانمار اس فیصلے پر عمل نہ کرے۔ اس لیے فی الحال روہنگیا پناہ گزینوں کے لیے میانمار واپسی کا راستہ آسان نہیں ہے۔‘
آئی سی جے نے گامبیا کی جانب سے میانمار کے خلاف دائر معاملےمیں یہ فیصلہ سنایا ہے۔ اس معاملے میں 11 ممالک نے بھی مداخلت کی تھی۔ عدالت کے 15 میں سے 9 ججوں نے تسلیم کیا کہ میانمار نے روہنگیا کمیونٹی کی نسل کشی کی۔ عدالت نے یہ بھی پایا کہ میانمار نے نسل کشی روکنے، اس کے ذمہ دار لوگوں کو سزا دینے اور اس طرح کے جرائم کی روک تھام کے لیے ضروری قوانین بنانے سے متعلق اپنی ذمہ داریوں کی خلاف ورزی کی۔
عدالت نے میانمار کو ہدایت دی ہے کہ وہ نسل کشی سے متعلق جرائم کی جانچ کرے اور ضرورت پڑنے پر ملزمین کے خلاف مقدمہ چلا کر انہیں سزا دے۔ اسے روہنگیا برادری کی محفوظ، رضاکارانہ اور باعزت واپسی کے لیے بھی قدم اٹھانے ہوں گے۔ عدالت نے بے گھر خاندانوں کو دوبارہ ملانے اور کمیونٹی کوہوئے نقصان کے لیے معاوضہ دینے کی بھی ہدایت دی ہے۔ معاوضے کی رقم اور اس کے طریقے پر عدالت بعد میں فیصلہ کرے گی۔ اس سلسلے میں میانمار کو دو سال کے اندر ایک رپورٹ سونپنی ہوگی۔
بتادیں کہ 25 اگست 2017 کو میانمار کے رخائن صوبے میں فوج نے روہنگیا کمیونٹی کے خلاف بڑے پیمانے پر پرتشدد کارروائی شروع کی تھی۔ اقوام متحدہ نے اس فوجی کارروائی کو ’نسلی تطہیر کی ایک واضح مثال‘ قرار دیا تھا۔
ہندوستان میں اب بھی ڈر کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں روہنگیا پناہ گزین
ہندوستان میں رہنے والے روہنگیا پناہ گزینوں کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے ایکٹوسٹ نے کہا کہ ان کی برادری کے لوگوں کے ذہنوں میں اب بھی ڈرہے۔ خصوصی طور پر ان خاندانوں میں یہ ڈر زیادہ ہے جن کے لوگوں کو پہلے ہندوستان سے ملک بدر کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا، ’ان کے خاندان ابھی بھی ذہنی اذیت سے گزر رہے ہیں، کیونکہ وہ اپنے بچھڑے ہوئے رشتہ داروں سے دوبارہ نہیں مل سکے ہیں۔ جب بھی پولیس یا سرکاری اہلکار تصدیق کے لیے آتے ہیں تو لوگوں کے دلوں میں ڈرپیدا ہو جاتا ہے۔‘
انہوں نے دہلی کے وکاس پوری علاقے کی مثال دیتے ہوئے بتایا کہ وہاں پولیس ہر ایک یا دو ہفتے میں روہنگیا لوگوں کے پاس آتی ہے اور ان سے لیز سے متعلق دستاویز طلب کرتی ہے۔ اس دوران ان کی تصدیق کی جاتی ہے۔

ایکٹوسٹ نے کہا، ’ایسے میں ہمیشہ یہ ڈر بنا رہتا ہے کہ کہیں پچھلی بار کی طرح دوبارہ کچھ نہ ہو جائے۔ خصوصی طور پر ان لوگوں میں یہ ڈر زیادہ ہے جن کے خاندان کے لوگوں کو ملک بدر کیا گیا تھا۔‘ ان کے مطابق ملک بدر کیے گئے لوگوں سے اب رابطہ ہو پا رہا ہے، لیکن ان کے خاندانوں کا دوبارہ ملنا ممکن نہیں ہو سکا ہے۔
غور طلب ہے کہ روہنگیا پناہ گزینوں کی شناخت اور ملک بدری کے حوالے سے وزارت داخلہ نے 2 مئی 2025 کو تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کو ایک ہدایت نامہ جاری کیا تھا۔ اس میں ملک کے اندر رہنے والے مشتبہ بنگلہ دیشی شہریوں اور روہنگیا کی پہچان کرنے، انہیں حراست میں رکھنے اور ملک بدر کرنے کا عمل طے کیا گیا تھا۔
اس ہدایت نامے کے تحت ہر ضلع میں پولیس کے ماتحت اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) اور ہولڈنگ سینٹر قائم کرنے کو کہا گیا تھا۔ اس میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ اگر حراست میں لیا گیا کوئی شخص ہندوستان کی کسی دوسری ریاست کا شہری ہونے کا دعویٰ کرتا ہے تو متعلقہ ریاست کو 30 دن کے اندر اس کی شناخت کی تصدیق کرنی ہوگی۔ اس مدت کے دوران اس شخص کو ہولڈنگ سینٹر میں رکھنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ اگر مقررہ مدت میں متعلقہ ریاست کی جانب سے رپورٹ موصول نہیں ہوتی تو فارنرز رجسٹریشن آفیسر (ایف آر او) اس کی ملک بدری کی کارروائی کر سکتا ہے۔
اس سلسلے میں نامہ نگار نے وزارت داخلہ کو ای میل بھیج کر آئی سی جے کے فیصلے کے بعد ہندوستان کی روہنگیا پالیسی سے متعلق سوال پوچھے ہیں۔ ان میں روہنگیا پناہ گزینوں کو حراست میں لینے اور ملک بدر کرنے کی پالیسی پر نظرثانی، میانمار بھیجنے سے پہلے ان کی سلامتی کا جائزہ لینے اور پہلے ملک بدر کیے گئے لوگوں کے خاندانوں کو دوبارہ ملانے کے بارے میں معلومات طلب کی گئی ہیں۔
وزارت سے یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ کیا وہ 2 مئی 2025 کو جاری کیے گئے ملک بدری سے متعلق ہدایت نامے پر نظرثانی کرے گی۔ جواب موصول ہونے پر رپورٹ کو اپڈیٹ کیا جائے گا۔
آئی سی جے کے فیصلے پر ہندوستان نے کیا کہا؟
آئی سی جے کے فیصلے پر 20 نومبر کو وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ ہندوستان نے عدالت کے فیصلے کا نوٹس لیا ہے؛
’ہندوستان میانمار کے رخائن صوبے سے بے گھر ہونے والے روہنگیا لوگوں کی محفوظ، جلد اور مستقل واپسی کی مسلسل حمایت کرتا رہا ہے۔ اسی سمت میں، جیسا کہ آپ جانتے ہیں، ہندوستان نے ’آپریشن انسانیت‘ کے تحت پانچ مرحلوں میں امدادی سامان بھیج کر بنگلہ دیش میں روہنگیا پناہ گزینوں کے کیمپوں کی مدد کی تھی۔ اس کے علاوہ ہندوستان نے میانمار میں رخائن صوبے کے ترقیاتی پروگرام کی بھی حمایت کی ہے۔‘
اس سلسلے میں نامہ نگار نے وزارت خارجہ کو بھی ای میل بھیج کر آئی سی جے کے فیصلے اور نسل کشی روکنے نیز قصورواروں کو سزا دلانے کے سلسلے میں ہندوستان کی ذمہ داریوں پر جواب طلب کیا ہے۔ ای میل میں یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ کیا ہندوستان میانمار سے آئی سی جے کے فیصلے پر عمل کرنے کی اپیل کرے گا۔ وزارت کا جواب موصول ہونے پر رپورٹ کو اپڈیٹ کیا جائے گا۔
’ میانمار لوٹنا چاہتے ہیں، لیکن وہاں حالات محفوظ ہوں‘
آئی سی جے نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ روہنگیا کمیونٹی کے لوگوں کو محفوظ، رضاکارانہ اور باعزت طریقے سے اپنے گھروں کو واپس جانے کا موقع ملنا چاہیے۔ اس پر ایکٹوسٹ نے کہا کہ روہنگیا کمیونٹی کے لوگ اپنے وطن واپس جانا چاہتے ہیں، لیکن اس کے لیے وہاں کے حالات کا محفوظ ہونا ضروری ہے۔
انہوں نے کہا، ’اگر میں اپنی بات کروں تو میانمار میرا اپنا ملک ہے۔ کون اپنے ملک واپس نہیں جانا چاہے گا؟ ہندوستان میں رہنا ہمارے لیے پناہ لینے جیسا ہے۔ یہ کوئی مستقل حل نہیں ہے۔ مستقل حل تو ہمارے اپنے ملک میں ہی ہے۔‘
انہوں نے مزید کہا کہ میانمار میں اب بھی جبر جاری ہے۔ وہاں ہر روز بم دھماکے ہوتے ہیں اور لوگ مارے جا رہے ہیں۔ ایسے میں روہنگیا کمیونٹی کے لوگ اسی وقت واپس جانا چاہیں گے جب انہیں وہاں تحفظ، عزت اور مکمل شہریت حاصل ہو۔
انہوں نے کہا، ’اگر وہاں کے حالات بہتر ہو جائیں، ہمیں عزت اور وقار کے ساتھ واپس لوٹنے کا موقع ملے اور مکمل شہریت دی جائے تو یقیناً ہر کوئی اپنے ملک واپس جانا چاہے گا۔ آج بھی تمام لوگوں کو اپنا ملک یاد آتا ہے۔‘
من آنگ ہلائنگ کی جوابدہی پر سوال
آئی سی جے نے میانمار کو نسل کشی اور اس سے متعلق دیگر جرائم کے ذمہ دار لوگوں کی جانچ کرنے اور ضرورت پڑنے پر ان کے خلاف مقدمہ چلانے کی ہدایت دی ہے۔ لیکن ایکٹوسٹ کا ماننا ہے کہ میانمار کے موجودہ سیاسی حالات میں اس ہدایت پر عمل کرنا آسان نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 2017 میں روہنگیا کمیونٹی کے خلاف ہونے والی نسل کشی میں میانمار کے فوجی حکمراں من آنگ ہلائنگ کا کردار تھا اور آج وہی ملک کے صدر ہیں۔
ایکٹوسٹ نے کہا، ’آئی سی جے نے فیصلہ تو سنا دیا ہے، لیکن ہم من آنگ ہلائنگ ہی سے کہہ رہے ہیں کہ وہ خود کو سزا دیں۔ آخر وہ خود کو سزا کیوں دیں گے؟ اگر ان سے اوپر کوئی ہوتا تو شاید ایسا ممکن بھی ہوتا۔ لیکن جن لوگوں کو قصوروار پایا گیا ہے، انہیں سزا ملے گی، یہ بات مجھے فی الحال حقیقت سے دور نظر آتی ہے، کیونکہ خود وہی شخص صدر کی کرسی پر بیٹھا ہے۔‘
ہندوستان سے عارضی پناہ دینے کا مطالبہ
ایکٹوسٹ نے کہا کہ جب تک میانمار میں حالات معمول پر نہیں آ جاتے اور محفوظ نہیں ہو جاتے، ہندوستان کی سرکار کو یہاں رہنے والے روہنگیا پناہ گزینوں کو عارضی پناہ دینی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا کمیونٹی کے لوگ ہندوستان میں ہمیشہ کے لیے آباد نہیں ہونا چاہتے۔ میانمار میں حالات بہتر ہونے پر وہ اپنے وطن واپس چلے جائیں گے۔
انہوں نے کہا، ’ہماری برادری کے خلاف نسل کشی ہوئی ہے۔ اس لیے تمام روہنگیا نسل کشی سے بچ جانے والے لوگ ہیں۔ جب تک میانمار میں حالات معمول پر نہیں آ جاتے اور محفوظ نہیں ہو جاتے، ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان کی حکومت یہاں رہنے والے پناہ گزینوں کو عارضی پناہ دے اور انہیں یہاں رہنے کی اجازت دے۔‘
انہوں نے کہا کہ ہندوستان جیسے میزبان ملک کا کردار اس وقت بہت اہم ہے۔ روہنگیا پناہ گزین پہلے ہی نسل کشی اور بے دخلی کے باعث ذہنی اذیت سے گزر رہے ہیں۔ ایسے میں حکومت کی جانب سے ان کے یہاں رہنے کے حوالے سے یقین دہانی انہیں راحت پہنچا سکتی ہے۔

ایکٹوسٹ نے کہا، ’اگر حکومت ہمیں یہ بھروسہ دے کہ جب تک میانمار میں حالات ٹھیک نہیں ہوتے، ہم ہندوستان میں رہ سکتے ہیں تو اس سے لوگوں کو ذہنی سکون ملے گا۔ لیکن اب بھی لوگوں کے ذہنوں میں یہی سوال رہتا ہے کہ انہیں کب حراست میں لے لیا جائے گا، کب ملک بدر کر دیا جائے گا۔ اس غیر یقینی صورتحال کے باعث لوگ مسلسل خوف کے ماحول میں زندگی گزار رہے ہیں۔‘
دی وائر میں شائع اپنے ایک مضمون میں انسانی حقوق کی وکیل اور سپریم کورٹ میں ایڈووکیٹ آن ریکارڈ تنیمہ کشور بھی اسی طرح کے انتظام کی حمایت کرتی ہیں۔ وہ لکھتی ہیں کہ ہندوستان کو اپنی سلامتی اور امیگریشن سے متعلق خدشات پر غور کرنے کا حق ہے، لیکن روہنگیا کمیونٹی کو صرف غیر قانونی تارکین وطن کے نظریے سے دیکھنا مناسب نہیں ہوگا۔
انہوں نے کہا ہے کہ آئی سی جے کے فیصلے کے بعد ہندوستام کے سامنے یہ سوال بھی ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائے کہ روہنگیا پناہ گزینوں کو ایسے حالات میں واپس نہ بھیجا جائے جہاں انہیں اب بھی جبر کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے یا نسل کشی کے اثرات سے متعلق مسائل برقرار ہیں۔ ان کے مطابق، ہندوستان کو نسل کشی کے لیے جوابدہی طے کرنے، متاثرین کو معاوضہ دلانے اور ان کے حقوق اور وقار کے تحفظ کے لیے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کرنی چاہیے۔
معلوم ہو کہ ہندوستان نے 1959 میں نسل کشی جیسے جرائم کی روک تھام اور سزا سے متعلق کنونشن کو باضابطہ طور پر قبول کیا تھا۔ اس کنونشن کے آرٹیکل 1 کے تحت رکن ممالک نے نسل کشی روکنے اور اس کے ذمہ دار لوگوں کو سزا دینے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔ 9 فروری 2022 کو وزارت داخلہ کی جانب سے راجیہ سبھا میں دیے گئے ایک جواب سے بھی اس بات کی تصدیق ہوتی ہے۔

دو سو سے زیادہ تنظیموں نے فیصلے کا خیرمقدم کیا
آئی سی جے کے فیصلے کے بعد میانمار کی 219 روہنگیا اور دیگر شہری سماجی تنظیموں نے ایک مشترکہ بیان جاری کرکے اس کا خیرمقدم کیا۔ رپورٹ کے مطابق، ان تنظیموں نے کہا کہ عدالت نے اس سچائی کی تصدیق کی ہے جس کے بارے میں روہنگیا کمیونٹی کے لوگ تقریباً ایک دہائی سے دنیا کو بتاتے رہے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ روہنگیا کمیونٹی کی تباہی کسی جنگ کا المیہ یا اس سے جڑی زیادتی نہیں تھی، بلکہ یہ میانمار کی فوج کی جانب سے منصوبہ بند طریقے سے کی گئی نسل کشی تھی۔
تنظیموں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ اس فیصلے پر مکمل طور پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے روہنگیا کمیونٹی کی شناخت کو تسلیم کرنے، ان کی شہریت بحال کرنے، محفوظ اور باعزت واپسی یقینی بنانے اور میانمار کی فوجی قیادت کی مجرمانہ جوابدہی طے کرنے کا مطالبہ کیا۔
ایک دوسری رپورٹ میں برطانیہ میں قائم برمی روہنگیا آرگنائزیشن کے صدر تن کھن کے حوالے سے کہا گیا کہ یہ فیصلہ دنیا بھر کے روہنگیا لوگوں کے لیے انتہائی جذباتی لمحہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کئی دہائیوں سے ان کی برادری کو شناخت اور شہریت سے محروم رکھا گیا، ان کے حقوق چھینے گئے، لوگوں کو قتل کیا گیا، خواتین کے ساتھ ریپ کیا گیا اور انہیں ملک چھوڑنے پر مجبور کیا گیا۔
آئی سی جے کا فیصلہ روہنگیا کمیونٹی کے لیے انصاف کی سمت ایک اہم قدم ہے۔ تاہم اس کے بعد بھی میانمار میں جوابدہی طے ہونا اور بے گھر افراد کی محفوظ واپسی یقینی بنانا باقی ہے۔ہندوستان میں رہنے والے پناہ گزینوں کا فی الحال سب سے بڑا مطالبہ یہی ہے کہ جب تک ان کے ملک میں حالات محفوظ نہیں ہو جاتے، انہیں ہندوستان میں رہنے کی ضمانت دی جائے۔
ہندوستان اور روہنگیا
ہندوستان میں تقریباً 40 ہزار روہنگیا پناہ گزین رہتے ہیں، جن میں سے 16,500 یو این ایچ سی آر کے پاس رجسٹرڈ ہیں۔ انہیں کارڈ جاری کیے گئے ہیں تاکہ انہیں ظلم وجبر، من مانی گرفتاریوں، حراست اور ملک بدری سے بچنے میں مدد مل سکے۔
لیکن ہندوستان کی حکومت تمام روہنگیا پناہ گزینوں کو غیر قانونی قرار دیتی ہے۔ ایک انٹرویو میں مرکزی وزیر کرن رجیجو نے واضح طور پر کہا تھا کہ یو این ایچ سی آر کی رجسٹریشن کی کوئی اہمیت نہیں ہے،’وہ (یو این ایچ سی آر) ایسا کر رہے ہیں، ہم انہیں رجسٹریشن کرنے سے روک نہیں سکتے۔ لیکن ہندوستان پناہ گزینوں سے متعلق معاہدے کا دستخط کنندہ نہیں ہے۔‘
رجیجو کی بات حقائق کے اعتبار سے درست ہے۔ ہندوستان 1951 کے پناہ گزین کنونشن اور 1967 کے اس کے پروٹوکول کا دستخط کنندہ نہیں ہے۔ اس لیےہندوستان اس بین الاقوامی معاہدے کے تحت پابند نہیں ہے۔ پناہ گزینوں کو ملک بدر نہ کرنا اس کنونشن کا ایک بنیادی اصول ہے۔
تاہم، ہندوستان نے تاریخی طور پر پناہ گزینوں کو پناہ دی ہے( مثلاً تبتی، بنگلہ دیشی اور سری لنکن تمل) ، لیکن یہ مکمل طور پر حکومت کا پالیسی سے متعلق فیصلہ رہا ہے۔ ملک میں پناہ گزینوں کے لیے اب تک کوئی واضح قومی قانون نہیں بنایا گیا ہے۔

