بحرین میں ہفتے کی شب ایرانی حملے کے نتیجے میں ایک صنعتی تنصیب میں آگ بھڑک اٹھی فضائی دفاعی نظام نے حملے ناکام بنا دیے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بحرین کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ حملے کے بعد ایک شہری صنعتی مرکز میں آگ لگ گئی، جس پر قابو پانے کے لیے سول ڈیفنس کی ٹیمیں کارروائی کر رہی ہیں۔
حکام کے مطابق واقعے میں تنصیب کو مالی اور مادی نقصان پہنچا ہے تاہم متاثرہ مقام اور نقصان کی مجموعی تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کی گئیں۔
دوسری جانب بحرین کے سرکاری ٹیلی وژن نے اعلان کیا کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کو روک دیا ہے۔
حملے سے چند منٹ قبل بحرین کی وزارت داخلہ نے شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں کے لیے ہنگامی انتباہ جاری کرتے ہوئے انہیں پرسکون رہنے اور قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہونے کی ہدایت کی تھی۔
وزارت داخلہ نے عوام سے کہا کہ وہ سکیورٹی اداروں کی ہدایات پر عمل کریں اور سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی اطلاعات پر نظر رکھیں۔
یاد رہے کہ یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ کے باعث خلیجی خطے میں کشیدگی مسلسل بڑھ رہی ہے۔
بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے اور حالیہ دنوں میں ملک نے متعدد ایرانی فضائی حملے روکنے کے دعوے کیے ہیں۔
حکام کی جانب سے واقعے کی مزید تفصیلات اور صنعتی تنصیب کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

