ایران کا شہری صنعتی تنصیب پر حملہ ’وحشیانہ جارحیت‘: بحرین

400119 1053008493


بحرین میں حکام کے مطابق ایران نے ہفتے کو ایک شہری صنعتی تنصیب کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہاں آگ بھڑک اٹھی اور عمارت کو نقصان پہنچا۔

بحرین کی وزارت داخلہ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ ’ایران کی وحشیانہ جارحیت کے نتیجے میں ایک شہری صنعتی تنصیب کو نشانہ بنایا گیا، جس سے جائے وقوعہ پر آگ لگ گئی۔ سول ڈیفنس کا عملہ آگ پر قابو پانے کی کوشش کر رہا ہے۔‘

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق تنصیب کو مالی نقصان پہنچا ہے، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں۔

تاہم بیان میں حملے کا مقام واضح نہیں کیا گیا ہے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بحرین کی فوج نے کہا کہ فضائی دفاعی نظام نے ہفتے کو ایران کے متعدد فضائی حملوں کو ناکام بنایا۔

بحرین ڈیفنس فورس کی جنرل کمانڈ کے مطابق ان حملوں کو فضا میں روکنے کے نتیجے میں میزائلوں اور ڈرونز کا ملبہ گرا، جس سے معمولی مالی نقصان ہوا، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

بیان میں تہران پر مملکت کے خلاف اپنی ’منظم دشمنانہ پالیسی‘ جاری رکھنے کا الزام بھی عائد کیا گیا۔

اس سے قبل بحرین کی وزارت داخلہ نے شہریوں کو ممکنہ خطرے سے خبردار کیا تھا تاہم بعد میں خطرہ ٹلنے کا الرٹ جاری کیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے دو مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ انہوں نے بحرین کے مشرقی ساحل پر واقع سترہ جزیرے کے اوپر دھوئیں کے بادل اٹھتے دیکھے۔

اس جزیرے پر متعدد صنعتی تنصیبات موجود ہیں، جن میں سرکاری آئل کمپنی باپکو کی ریفائنری بھی شامل ہے۔

ستمبر کے بعد خلیجی ممالک پر ایرانی حملوں میں وقفے کے بعد رواں ماہ بحرین کو کئی مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے۔

بحرین میں امریکی بحریہ کا پانچواں بیڑا موجود ہے۔ فروری میں امریکہ اور اسرائیل کے ایران پر حملوں کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے ابتدائی مرحلے میں بحرین کو شدید حملوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔





Source link

متعلقہ پوسٹ