ناروے کی فضائی کمپنی نورس اٹلانٹک کو درپیش مالی مشکلات نے قومی ایئرلائن پی آئی اے کے لیے بھی نئی پریشانی کھڑی کردی، لیز پر حاصل کیے گئے طیارے کی عدم دستیابی کے باعث برطانیہ اور یورپ کے فضائی آپریشن میں خلل پڑنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق نورس اٹلانٹک کے ذریعے یورپی روٹس پر چلنے والی پروازوں کے آپریشن میں مشکلات سامنے آرہی ہیں، جس کے پیش نظر پی آئی اے نے اپنے فلائٹ شیڈول میں تبدیلیوں کی تیاری شروع کردی ہے۔ اس سلسلے میں 23 نومبر کو بوئنگ 777 کے پائلٹس اور فضائی عملے کو داخلی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد سے مانچسٹر جانے والی پیر کی پرواز کے لیے نورس اٹلانٹک کا لیز پر حاصل کردہ طیارہ دستیاب نہیں ہوسکا جس کے باعث پی آئی اے کو اپنا بوئنگ 777 ہنگامی طور پر استعمال کرنا پڑا۔
دوسری جانب لندن سے اسلام آباد آنے والی پرواز پی کے 786 میں بھی دو گھنٹے سے زائد تاخیر کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
فلائٹ ریڈار 24 کے مطابق 24 اور 25 نومبر کو لندن سے اسلام آباد آنے والی پروازوں کے لیے نورس اٹلانٹک کے ڈریم لائنر کے بجائے پی آئی اے کے اپنے بوئنگ 777 طیارے شیڈول کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق طیاروں کی فراہمی کا مسئلہ برقرار رہا تو قومی ایئرلائن کو برطانیہ، یورپ اور کینیڈا کے روٹس پر اپنے دستیاب بوئنگ 777 طیاروں پر انحصار کرنا پڑے گا جس سے دیگر بین الاقوامی پروازوں کا نظام بھی متاثر ہوسکتا ہے۔ ممکنہ شیڈول تبدیلیوں کے باعث فضائی عملے کی پہلے سے منظور شدہ چھٹیاں بھی تبدیل یا منسوخ کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ پی آئی اے نے 9 اکتوبر کو نورس اٹلانٹک سے دو بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر طیارے ویٹ لیز پر حاصل کرنے کا معاہدہ کیا تھا۔ ان میں سے پہلا طیارہ یکم نومبر کو لندن سے پرواز پی کے 786 کے ذریعے اسلام آباد پہنچا تھا۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق نورس اٹلانٹک کو بھاری مالی خسارے اور ادائیگیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔ معاہدہ ختم ہونے کی صورت میں پی آئی اے کو کئی ملین ڈالر کے ممکنہ نقصان کا بھی خدشہ ہے۔ تاہم پی آئی اے کے ترجمان نے اس معاملے پر فوری تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔

