سابق امریکی محکمہ دفاع کے کنٹریکٹر گیری موشیئر نے دعویٰ کیا ہے کہ خلائی مخلوق (ایلینز) پہلے ہی انسانوں کے درمیان رہ رہی ہیں اور زمین کی آبادی دوبارہ بڑھانے کے منصوبے کے تحت امریکی بحریہ کو مبینہ طور پر خوفزدہ کر رہی ہیں۔
برطانوی اخبار ڈیلی میل کو دیے گئے انٹرویو میں گیری موشیئر نے یہ دعوے ایسے وقت میں کیے ہیں جب امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے حال ہی میں اپنی تازہ ترین یو ایف او فائلیں جاری کی ہیں۔
ڈیلی میل کے مطابق گیری موشیئر ماضی میں امریکی محکمہ دفاع کے کنٹریکٹر رہے ہیں اور جدید فوجی ہتھیاروں کی تیاری کے منصوبوں پر کام کر چکے ہیں۔
ان کی کتاب کے ناشر شِفر کے مطابق موشیئر نے تقریباً 30 سال تک محکمہ دفاع میں انجینئر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔ وہ اب یو ایف او تحقیق سے وابستہ دو تنظیموں، سول فاؤنڈیشن اور سائنٹیفک کولیشن فار یو اے پی اسٹڈیز، سے بھی منسلک ہیں۔
ان کی کتاب ’دے آر ہیر: یو ایف اوز اینڈ دیئر آکیوپنٹس‘ میں یو ایف او سے متعلق موجودہ رپورٹس کے 12 سالہ مطالعے کی بنیاد پر اپنے نظریات پیش کیے گئے ہیں۔
موشیئر کا دعویٰ ہے کہ یو ایف او کی پروازیں، مبینہ اغوا کے واقعات، فصلوں میں پراسرار دائرے اور مویشیوں کی پُراسرار ہلاکتیں دراصل خلائی مخلوقات کی جانب سے انسانوں کو خوفزدہ کرنے کی منصوبہ بند کوششیں ہیں۔
انہوں نے 2004 کے مشہور امریکی بحریہ کے جنگی جہاز یو ایس ایس نِمِٹز کے واقعے کا حوالہ بھی دیا جس میں اس وقت کے کمانڈر ڈیوڈ فریور نے سفید رنگ کی کیپسول نما ایک نامعلوم فضائی شے دیکھنے کی اطلاع دی تھی، جسے بعد میں ٹک ٹیک کا نام دیا گیا۔
موشیئر کے مطابق ایسی اشیا امریکی بحریہ کے لڑاکا طیاروں کا تعاقب کرتی اور ان کے قریب پرواز کرکے اپنی جدید ٹیکنالوجی کا مظاہرہ کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایسا کرکے یہ مخلوقات امریکی فوج کو چیلنج کر رہی ہیں اور اسے اپنی برتری کا احساس دلانا چاہتی ہیں۔
موشیئر نے اپنے دعوے کو ان الفاظ میں بیان کیا ’وہ ہمیں چِڑا رہے ہیں۔‘
تاہم، ان تمام دعوؤں کو اب تک محض قیاس آرائی قرار دیا جا سکتا ہے کیونکہ ایلینز کی زمین پر موجودگی یا انسانوں کے درمیان رہنے کے حوالے سے کوئی مستند سائنسی ثبوت سامنے نہیں آیا۔
Source link

