پنجاب اسمبلی؛ مقدس ہستیوں کی توہین پر سزا میں اضافے کا مطالبہ، صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف قرارداد منظور

punjab assembly1753184035 0



پنجاب اسمبلی میں صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے اور مقدس ہستیوں کی توہین پر سزا میں اضافے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔

حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رکن حنا پرویز بٹ نے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف قرارداد پیش کی، جس سے متفقہ طورپر منظور کرلیا گیا۔

قرارداد میں کہا گیا کہ یہ ایوان 25 نومبر سے 10 دسمبر تک منائی جانے والی صنفی بنیاد پر تشدد کے خلاف 16 روزہ مہم کے موقع پر خواتین کے خلاف گھریلو، نفسیاتی، جذباتی اور آن لائن تشدد کی شدید مذمت کرتا ہے اور یہ ایوان حکومت پنجاب کو خراج تحسین پیش کرتا ہے کہ صوبائی حکومت نے خواتین کی حفاظت اور انصاف کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی ہے۔

متن میں کہا گیا کہ یہ ایوان حکومت پنجاب سے مطالبہ کرتا ہے کہ صوبے بھر میں 16 روزہ مہم کے دوران بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے، مشاہدہ میں آیا ہے کہ خواتین کے خلاف تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔

قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی ہیلپ لائن 080001737 کے بارے میں آگاہی کو مزید فروغ دیا جائے اور کہا گیا کہ یہ ایوان اس عزم کا اظہار کرتا ہے کہ خواتین کا تحفظ صرف16 دن نہیں بلکہ سال کے 365دن ریاست کی ذمہ داری ہے۔

پنجاب اسمبلی میں مقدس ہستیوں کی توہین پر سزا میں اضافے کے لیے قانون سازی کا مطالبہ بھی کیا گیا اور اس حوالے سے قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی ہے، مذکورہ قرارداد اپوزیشن رکن رانا اورنگزیب نے ایوان میں پیش کی اور بتایا کہ پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 298-A کے تحت موجودہ سزا ناکافی  ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقدس ہستیوں کی توہین مذہبی جذبات مجروح کرنے کا باعث بنتی ہے، مقدس ہستیوں کی توہین سے معاشرتی امن اور ہم آہنگی کو نقصان پہنچتا ہے، لہٰذا دفعہ 298-A کے تحت سزا میں اضافے کے لیے ضروری قانون سازی کی جائے۔

قرارداد میں کہا گیا کہ وفاقی حکومت دفعہ 298-A کے تحت سزا میں اضافے کے لیے قانون سازی ترجیحی بنیادوں پر کرے، دفعہ 298-A کے تحت سزا میں اضافے کے لیے مؤثر قانون سازی اور عمل درآمد یقینی بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا کہ مذہبی مقدسات کا احترام اور معاشرتی امن و ہم آہنگی برقرار رکھنے کے لیے قانون سازی کی جائے۔



Source link

متعلقہ پوسٹ