موت سے لڑتی ایک بہادر لڑکی

maryam1795556496 0


وہ عمر کے اس حصے میں ہیں جب ہر دن کی ڈالی پھولوں سے بھری ہوتی ہے، آنکھوں میں ست رنگی خواب کِھل رہے ہوتے ہیں، دل میں آرزوئیں چہچہارہی ہوتی ہیں، جذبوں کے گہرے رنگ من میں ہولی کھیلتے رہتے ہیں، اور زندگی بہار ہوتی ہے۔۔۔۔۔لیکن اس کے جسم وجاں پر دھیرے دھیرے خزاں چھارہی ہے۔۔۔رفتہ رفتہ، آہستہ زندگی مُرجھا رہی ہے۔ موت تو اس کی طرف بڑھ رہی ہے۔۔۔۔لیکن خوف اور مایوسی کی ہمت نہیں کہ اس بہادر لڑکی کے قریب بھی آسکیں۔

یہ کہانی ہے مریم یوسف کی۔ اپنی روح میں بی بی مریم کی پاکیزگی سمیٹے مریم قلم کار ہے، اور ایسی حالت میں بھی جب حالات اسے حرف غلط کی طرح مٹانے پر مُصر ہیں، وہ قلم تھامے لفظوں کے اجالے بکھیر رہی ہے۔

 مریم یوسف سے مجھے صادق آباد میں مقیم محترم اکمل شاہد کنگ نے متعارف کرایا۔ کچھ دنوں پہلے واٹس ایپ پر اکمل صاحب کے پیغام ملا:

’’میں آپ کو ایک خاص سلسلے میں میسج کر رہا ہوں۔ میں کسی کی مالی مدد کے لیے نہیں، بلکہ ایک بہادر بیٹی مریم یوسف کی حوصلہ افزائی کے لیے آپ کی حمایت چاہتا ہوں۔

 ہوسکتا ہے اس کی کہانی لاکھوں نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ بن جائے۔ مریم کی عمر صرف 24، 25 سال ہے اور وہ پچھلے کئی سالوں سے جگر اور گردوں کی خطرناک بیماری میں مبتلا ہیں۔ وہ ایک ایسے پیچیدہ اور نایاب مرض کا شکار ہے جو لاکھوں میں کسی ایک کو ہوتا ہے۔ پاکستان میں اس کا علاج ممکن نہیں اور نہ ہی اس کے لیے ضروری ادویات یا انجیکشن یہاں منگوانے کی اجازت ہے، جب کہ متعلقہ بین الاقوامی میڈیسن کمپنی وہ انجیکشن فری اف کاسٹ مریم کو دینے کے لیے تیار تھیں مگر افسوس کہ اب شاید وہ وقت بھی گزر چکا ہے۔ مریم ہفتے میں تین بار ڈائیلیسز کرواتی ہیں۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ اس شدید بیماری کے باوجود ان کا قلم نہیں رُکا۔ وہ مختلف اخبارات (بشمول اس اخبار کے جس سے میں وابستہ ہوں) میں سماجی مسائل پر کالم لکھتی رہی ہیں اور بیماری کے باوجود شاید انہوں نے اپنی ماسٹرز کی ڈگری بھی مکمل کرلی ہے۔ صادق آباد کے لوگوں نے صادق آباد کی سال گرہ کے پروگرام میں ان کی ہمت کو دیکھتے ہوئے انھیں ’بلند حوصلہ بیٹی‘ کا ایوارڈ بھی پیش کیا۔ اس وقت ان کی حالت بہت نازک ہے، وہ کراچی کے ایس آئی یو ٹی میں زیرِعلاج ہیں۔ وہ ایک لاعلاج مرض سے لڑ رہی ہیں لیکن پھر بھی ان کے چہرے پر مسکراہٹ رہتی ہے۔ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ مریم جنوبی پنجاب (بلکہ پورے پنجاب) کی پہلی ایسی بیٹی ہیں جنھوں نے اپنے تمام اعضا عطیہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔‘‘

 اس پیغام میں اکمل صاحب نے مریم کی یہ خواہش بیان کی کہ وہ اپنی کہانی لوگوں کے سامنے لانا چاہتی ہے، تاکہ کسی اور کو علاج کی سہولتیں اور وسائل میسر نہ ہونے کی وجہ سے جان نہ گنوانی پڑے۔

جنوبی پنجاب کے مختلف علاقائی اخبارات میں سماجی مسائل پر لکھنے والی اس لڑکی کو موت سے جنگ لڑتے ہوئے بھی دوسروں کی اور سماج کی فکر ہے۔ اکمل شاہد کنگ کا مختصر پیغام مریم یوسف کی پوری کہانی سنانے کے لیے کافی ہے، لیکن وہ پورا استحقاق رکھتی ہے کہ اس کی داستان تفصیل سے بیان کی جائے۔ زیادہ تو نہیں، لیکن جتنا کچھ میں مریم، اس کی شخصیت اور اسے لاحق بیماری کے بارے میں جان سکا، پیش کیے دیتا ہوں۔

رات گئے اکمل شاہد کا پیغام ملنے کے اگلے روز میں نے ان کے دیے ہوئے مریم یوسف کی والدہ کے نمبر پر کال کی اور ان سے درخواست کی کہ مریم سے بات کروائیں۔ مجھے یقین تھا کہ دوسری طرف سے نقاہت اور مایوسی میں ڈوبی نحیف اور لرزتی آواز سنائی دے گی، لیکن میری سماعت سے ٹکرانے والی آواز زندگی سے بھرپور تھی، ایک جوان، توانا اور ولولوں سے لبریز آواز، جس میں معصومیت گھلی تھی۔

مریم یوسف ان لوگوں میں سے ہے جنھیں علم کی لگن بے کل کیے رکھتی ہے۔ وہ بچپن ہی سے ایک ایسا مرض جھیل رہی تھی جس نے آج اسے بستر سے لگا دیا ہے، لیکن اس نے اپنی تکلیف کو تعلیم کے آڑے نہیں آنے دیا۔ مریم نے کمیپوٹر سائنس جیسے مشکل مضمون میں ایم سی ایس کیا، یوں ایک ایسی سند اس کے ہاتھ آگئی جو فوری روزگار ملنے اور روشن مستقبل کی ضمانت ہے، مگر اس کے علمی ذوق کو قرار نہ آیا اور اس نے ایم اے ایجوکیشن میں داخلہ لے لیا۔ ساتھ ہی 2021 میں لکھنے لکھانے کا سلسلہ بھی شروع کردیا۔ وہ رحیم یارخان اور آس پاس کے دیگر علاقوں سے نکلنے والے مقامی اخبارات میں کالم لکھتی رہی، جو لوگوں کی مشکلات، سماجی مسائل اور زندگی کی تلخ حقیقیوں سے متعلق ہوتے تھے۔ علاقائی مسائل اجاگر کرنے کے باعث مریم کی تحریریں اس کے شہر صادق آباد، رحیم یار خان اور گردونواح کے علاقوں میں شوق سے پڑھی جاتیں اور وہ تیزی سے مقبولیت کا سفر طے کر رہی تھی، اس سچائی سے بے خبر تھی کہ اپنی زندگی کی بدترین مشکل اور تلخ ترین حقیقت سے دوچار ہونے کو ہے۔

ابھی ایم اے ایجوکیشن کا پہلا سال ہی مکمل ہوا تھا کہ یکایک اس کے گردوں نے کام چھوڑ دیا۔ اس باہمت لڑکی نے ایم اے ایجوکیشن کے آخری سال کا امتحان ڈائیلیسز کے دوران دیا۔ وہ بتاتی ہے ایک دن پرچا ہوتا، اور دوسرے دن ڈائیلیسز۔۔۔۔ اور آنے والے دن پھر پرچا۔۔۔۔ڈائیلیسز کا خوف اسے پرچے کی تیاری سے روک پاتا نہ اس تکلیف دہ عمل سے گزر کر ہونے والی نقاہت اس کا حوصلہ کم کرپاتی۔ اس نے نہ صرف امتحان دیا بلکہ کام یاب بھی ہوئی۔ یہ سب بتاتے ہوئے جب اس نے کہا،’’اب میں ایم فِل کا بھی خواب دیکھ رہی ہوں۔۔۔ اللّہ نے چاہا تو وہ بھی پورا ہوجائے گا۔۔۔ باقی جو اللّہ چاہے وہی ہوتا ہے‘‘۔۔۔تو دل کشکول بن گیا اور لبوں پر دعا سسکنے لگی،’’یارب! اس بہادر بیٹی کی امید بچالے، اس پھیلے کشکول میں یہ قیمتی زندگی ڈال دے۔ ‘‘

اپنی بیماری کی تفصیل بتاتے ہوئے مریم کہتی ہے،’’میرے ٹرانسپلانٹ کے عین وقت پر مجھ میں پرائمری ہائپر آزیگیلوریا (Primary hyperoxaluria ) نامی بیماری کی تشخیص ہوئی۔ یہ بیماری جگر میں پائی جاتی ہے۔ اس کی وجہ سے جگر آگزیلیٹس oxalates کنٹرول نہیں کرپاتا اور آگزیلیٹس گردوں میں جمع ہوکر مسلسل پتھریاں بناتے ہیں اور گردے ڈیمیج کرنے کا باعث بنتے ہیں۔ بچپن سے میرے پتھریاں بنتی تھیں اور دونوں گردوں کے متعدد بار آپریشنز بھی ہوئے اور آخر کا گردے کم زور ہو کر ناکارہ ہوگئے۔ اس بیماری کی تشخیص کی غرض سے ڈائیلیسز کے دوران میرا ایک گردہ نکال دیا گیا تھا۔ اب مجھے جگر اور گردے کا کمبائن ٹرانسپلانٹ سجیسٹ کیا گیا ہے جو کافی پیچیدہ اور خطرناک ہے۔ اس کا دوسرا حل Lumasiran(Oxlumo) انجیکشن ہے جس کے استعمال کی پاکستان میں اجازت نہیں، چناں چہ وہ یہاں دست یاب نہیں۔ اگر دست یاب ہو بھی جائے تو اجازت نہ ہونے کی وجہ سے ڈاکٹر کسی بھی مریض کو لگانے سے گریز کرتے ہیں۔ اس انجیکشن کی مدد سے آگزیلیٹس کو کنٹرول کیا جا سکتا ہے اور جگر کے ٹرانسپلانٹ سے بچا جا سکتا ہے۔ محض گردے کا ٹرانسپلانٹ کرکے مریضوں کی جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔‘‘

مریم کے والد ایک نجی ادارے میں ملازم تھے، جو ریٹائر ہوچکے ہیں۔ ان کی تین اولادوں میں مریم سب سے بڑی ہے۔ اس کا چھوٹا بھائی ملازمت کرکے گھر چلارہا ہے اور اسی نے بہن کے لیے اپنا گردہ دینے کا فیصلہ کیا تھا، لیکن پھر پتا چلا کہ اصل مسئلہ جگر کا ہے، جو حل ہوئے بغیر گردے کی ٹرانسپلانٹیشن بے اثر رہے گی۔ مریم کی زندگی بچانے کے لیے کوشش کی گئی کہ اسے بھارت لے جایا جائے، مگر یہ 2025 تھا۔۔۔وہ وقت جب پاکستان اور بھارت باہم برسرپیکار ہوچکے تھے، اور سرحدوں سے دلوں تک نفرت کی آگ بھڑک رہی تھی۔ اس کے باوجود مریم کو علاج کے لیے پڑوسی ملک لے جانے کے جتن کیے گئے، جہاں اس کے علاج پر دو کروڑ روپے لگنا تھے، لیکن کوئی نہ ملا جو اسے جگر دان کرسکے۔

مریم کو لاحق مرض ایک نادر بیماری ہے، جو لاکھوں میں سے کسی ایک کو نشانہ بناتی ہے۔۔۔۔شاید مریم جیسے نایاب لوگوں کو۔۔۔

پرائمری ہائپر آکسیلیوریا (Hyperoxaluria Primary ) ایک نایاب بیماری ہے جس کی خاص علامت گردوں اور مثانے میں بار بار پتھری بننا ہے۔ یہ بیماری اکثر گردوں کے آخری درجے کی ناکامی کا سبب بنتی ہے۔ یہ ایک جان لیوا کیفیت ہے جس میں گردے جسم سے فاضل مادوں اور اضافی سیال کو مؤثر طریقے سے چھاننے (Filtering) اور خارج کرنے کی صلاحیت کھو دیتے ہیں۔ پرائمری ہائپر آکسیلیوریا جسم میں ایک مخصوص مادے آکسیلیٹ (Oxalate) کی ضرورت سے زیادہ پیداوار کے نتیجے میں ہوتی ہے۔ آکسیلیٹ کو گردے خون سے چھان کر پیشاب کے ذریعے فاضل مادے کے طور پر جسم سے خارج کرتے ہیں۔ اس بیماری میں پیشاب کے اندر اس مادے کی مقدار غیرمعمولی طور پر بڑھ جاتی ہے، جسے ہائپر آکسیلیوریا (Hyperoxaluria) کہا جاتا ہے۔ جسم سے خارج ہونے کے عمل کے دوران آکسیلیٹ کیلشیم کے ساتھ مل کر کیلشیم آکسیلیٹ (Calcium Oxalate) بناتا ہے۔ یہ ایک سخت مرکب (Compound) ہے جو گردوں اور مثانے میں بننے والی پتھری کا بنیادی جزو ہوتا ہے۔ وقت گزرنے کے ساتھ گردوں کی کارکردگی کم ہوتی جاتی ہے، یہاں تک کہ گردے جسم میں پہنچنے والے آکسیلیٹ کی اتنی مقدار بھی خارج نہیں کرپاتے جتنی انہیں مل رہی ہوتی ہے۔

اگر جگر مل جائے تو یہ پیاری سی لڑکی ایم فل ہی کے خواب کی تکمیل نہیں کرے گے بلکہ سپنوں کی تتلیوں کے پیچھے بہت دور تک جائے اور ان کے رنگ ہتھیلی پر سجاکر لائے گی۔

 بیماری کے باعث مریم اپنی والدہ کے ساتھ کراچی میں مقیم ہے، جہاں ایس آئی یو ٹی (سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹیشن) میں اس کا ڈائیلیسس ہوتا ہے۔

اپنی بیماری کے دوران مریم نے اہل خانہ کے ساتھ عمرہ ادا کیا۔ واپسی پر اس منور سفر کی بابت اس نے ’’سفرِعشق (اسپتال کے بیڈ سے مکہ اور مدینہ تک)‘‘ کے عنوان سے کالم لکھا۔

وہ لکھتی ہے،’’میری زندگی اتنے کٹھن مراحل سے گزر رہی تھی کہ کبھی سوچ بھی نہیں سکتی تھی کہ اچانک اللّٰہ اور اس کے نبی ﷺ کا بلاوا آجائے گا اور میں حرم میں سجدہ ریز ہوکر اللّٰہ کے سامنے شکر کے آنسو بہا رہی ہوں گی۔ میں گذشتہ ڈیڑھ سال سے جس حالت میں تھی وہ میرے لیے موت سے زیادہ اذیت ناک تھی اور میں اکثر اپنی ماں سے کہا کرتی کہ میں پیدا ہوتے ہی کیوں نہ مر گئی، لیکن پھر اللّٰہ نے مجھے انتہائی خوب صورت سفر نصیب کرکے میری بے رنگ سی زندگی کو جیسے خوب صورت رنگوں سے سجا دیا۔ اس وقت میرے بے اختیار آنسو چیخ چیخ کر کہہ رہے تھے شکر ہے پیدا ہوتے ہی موت نہیں آ گئی ورنہ یہ عظیم سعادت کیسے حاصل ہوتی۔ اللّہ پاک نے تو مجھے چن لیا, وہ بھی اس وقت جب ساری دنیا میری بے بسی کا تماشا دیکھ رہی تھی۔ میں نے بچپن سے ہی جسمانی تکالیف کی وجہ سے پاکستان بھر کے اسپتالوں کی خاک چھانی میرے والدین نے ہمت نہیں ہاری اور نہ میں نے۔ ڈائیلیسز پر آنے کے بعد جب ٹرانسپلانٹ بھی نہ ہوسکا تو یوں لگا جیسے میرے لیے اب سارے راستے بند ہو گئے ہیں، لیکن انسان بھول جاتا ہے کہ جب سارے در بند ہوجائیں تو اس وقت بھی ایک در کھلا ہوتا ہے، وہ ہے اللّٰہ کا در۔‘‘

وہ آگے لکھتی ہے،’’میرے اللّٰہ نے مجھے اتنی ہمت عطا کی کہ باوجود ڈائیلیسز کے چار بار عمرہ کی سعادت حاصل ہوئی اور وہ بھی اپنے قدموں پر۔ تمام زیارتوں کا شرف حاصل ہوا۔ یہ بھی میرے لیے معجزہ تھا۔‘‘

اس کالم کی آخری سطور میں مریم نے لکھا،’’بے شک اللّٰہ ناممکنات کا مالک اور معجزات کا بادشاہ ہے۔‘‘

آئیے ہم بھی دعا کریں کہ ’’اے ناممکنات کے مالک اور معجزات کے بادشاہ! تیرے یقین سے سرشار ہماری اس ہونہار اور پیاری بیٹی کو زندگی اور اس کی خوشیاں عطا فرما، کسی کے دل کی تڑپ کو اس کے جینے کا سبب بنادے۔

بچپن سے بیماری کا درد جھیلتی مریم ایک طرف تعلیم کے میدان میں قدم آگے بڑھاتی رہی دوسری طرف اپنی مصیبت کو بھلاکر لوگوں کے دکھ درد اپنے لفظوں میں پروتی رہی۔ آج بھی اس کا نیکی سے معمور دل دوسروں کے لیے فکرمند ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ اپنی آنکھوں سمیت جسم کے تمام قابل پیوندکاری اعضا عطیہ کرچکی ہے۔

نادر بیماری سے لڑتی مریم ہمارے لیے ہمت، حوصلے، خلوص اور انسانیت کی نایاب مثال ہے۔ وہ صادق آباد ہی کی نہیں، ہم سب کی باہمت بیٹی ہے، جسے ہماری دعاؤں کے ساتھ ہمارے حوصلہ بڑھاتے لفظوں اور امید کے جگنوؤں کی ضرورت بھی ہے۔   n





Source link

متعلقہ پوسٹ