پاکستان کے پہلے خلا باز محمد ذیشان علی نے تاریخی خلائی مشن پر روانگی سے قبل کہا ہے کہ وہ 25 کروڑ پاکستانیوں کی امیدیں اپنے ساتھ لے کر خلا میں جا رہے ہیں، یہ مشن ان کی منزل نہیں بلکہ ایک طویل سفر کا آغاز ہے، مستقبل میں چاند، مریخ اور اس سے بھی آگے جانے کا خواب پورا کریں گے۔
محمد ذیشان علی نے خلائی جہاز میں سوار ہونے سے قبل خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ خلا میں پاکستان کا نام اپنے کندھوں پر لے کر جائیں گے اور ثابت کریں گے کہ پاک چین دوستی خلا میں بھی حقیقی ہے۔ امید ہے کہ پاکستان اور چین کا خلائی تعاون مستقبل میں متعدد خلائی مشنز تک پھیلے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ صرف ایک خلائی سفر نہیں بلکہ ایک نئی شروعات ہے۔ ہماری منزل صرف خلا تک پہنچنا نہیں بلکہ چاند، مریخ اور اس سے بھی آگے جانا ہے۔
دوسری جانب چینی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اس مشن کے ذریعے پاک چین خلائی تعاون کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔ مشن کے دوران محمد ذیشان علی بطور سائنسی ماہر تقریباً ایک ہفتہ خلا میں قیام کریں گے۔
خلائی مشن کے دوران ذیشان علی کے لیے انگریزی اور چینی زبان میں خصوصی ہدایات کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ ان کی غذائی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے حلال کھانے کا بھی انتظام کیا گیا ہے۔
محمد ذیشان علی کا یہ تاریخی سفر پاکستان کے خلائی پروگرام اور پاک چین سائنسی تعاون کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

