تل ابیب: اسرائیل کے نگراں وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کیمیائی ہتھیار تیار کر رہا ہے اور ایسے اشارے بھی ملے ہیں کہ تہران اپنے جوہری پروگرام کو دوبارہ فعال کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
کاٹز نے منگل کو تل ابیب میں اپنے دفتر میں اسرائیلی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جون 2025 میں اسرائیل اور امریکہ کے ایران کی اہم جوہری تنصیبات پر حملوں کے بعد تہران نے اپنا جوہری پروگرام دوبارہ شروع نہیں کیا، تاہم ایسے اشارے مل رہے ہیں کہ وہ ایسا کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
انہوں نے کیمیائی ہتھیاروں کے مبینہ پروگرام کی پیش رفت یا مقام کے بارے میں تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل ایران کو ایسے ہتھیار حاصل کرنے سے روکنے کے لیے اقدامات کرے گا۔
دوسری جانب اخبار "دی ٹائمز آف اسرائیل” نے بدھ کو ایک رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیل کو ایک دہائی سے زائد عرصے سے ایران کی مبینہ کیمیائی ہتھیاروں کی تیاری کا علم تھا۔ اسرائیلی سرکاری نشریاتی ادارے "کان” نے معاملے سے واقف ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ 2018 میں اسرائیل کے ہاتھ لگنے والے ایرانی جوہری دستاویزات کے ذخیرے میں کیمیائی ہتھیاروں کے مبینہ پروگرام سے متعلق مواد بھی موجود تھا، لیکن یہ دستاویزات ان فائلوں کے ساتھ نہیں لے جائی گئیں جن کا براہِ راست تعلق ایران کے جوہری پروگرام سے تھا۔

