اگر آپ نے آخری مارول فلم ’ایونجرز: اینڈ گیم‘ دیکھی تھی تو آنے والی فلم ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ سمجھنے کے لیے آپ کو کافی کچھ جاننے کی ضرورت ہے۔
مارول سنیماٹک یونیورس میں گزشتہ سات برسوں کے دوران کئی نئے سپر ہیروز متعارف ہوئے، نئی ٹیمیں بنیں اور ملٹی ورس کی کہانی نے جنم لیا۔
18 دسمبر کو ریلیز ہونے والی فلم میں 25 سال سے زائد عرصے کی مارول کہانیوں کے کردار ایک ساتھ نظر آئیں گے۔
اس بار رابرٹ ڈاؤنی جونیئر آئرن مین نہیں بلکہ خطرناک ولن ڈاکٹر ڈوم کا کردار ادا کریں گے۔
ڈزنی پلس نے فلم سے پہلے 15 فلموں اور ٹی وی شوز کی خصوصی واچ لسٹ جاری کی ہے جسے مکمل دیکھنے میں تقریباً 42 گھنٹے لگ سکتے ہیں۔
اس فہرست میں اصل ’ایکس مین‘ فلمیں شامل ہیں جن کے ذریعے پروفیسر ایکس، میگنیٹو، سائیکلوپس اور میسٹیک جیسے کرداروں کی واپسی کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔
اسی طرح ’ایونجرز‘ اور ’ایونجرز: اینڈ گیم‘کی کہانی بھی اہم ہے، جہاں تھانوس کی تباہی، آئرن مین کی قربانی اور اسٹیو راجرز کی پیگی کارٹر کے ساتھ نئی زندگی کے بارے میں بتایا گیا۔
اس کے علاوہ ’لوکی‘ سیریز ملٹی ورس اور مختلف ٹائم لائنز کی اہمیت واضح کرتی ہے جبکہ ’اسپائڈر مین: نو وے ہوم‘ مختلف کائناتوں کے کرداروں کے ایک ساتھ آنے کا تصور پیش کرتی ہے۔
’ڈاکٹر اسٹرینج ان دی ملٹی ورس آف میڈنیس‘ میں دو کائناتوں کے ٹکراؤ یعنی اِنکرژن کی وضاحت کی گئی ہے، جو نئی فلم کی کہانی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
’شانگ چی‘، ’بلیک پینتھر: واکانڈا فور ایور‘، ’ڈیڈ پول اینڈ وولورین‘ اور ’کیپٹن امریکا: بریو نیو ورلڈ‘ بھی اس فہرست کا حصہ ہیں۔
ان فلموں سے نئے سپر ہیروز اور ان کے تعلقات کی تفصیلات سامنے آتی ہیں۔
مزید برآں ’تھنڈربولٹس (نیو ایونجرز)‘ اور ’دی فنٹاسٹک فور: فرسٹ اسٹیپس‘ کو دیکھنا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔
خاص طور پر فینٹاسٹک فور کی کہانی ڈاکٹر ڈوم سے جڑی ہوئی ہے جبکہ اس کے اختتامی منظر میں بھی ڈوم کی آمد دکھائی گئی تھی۔
مارول کی یہ فہرست مداحوں کو ’ایونجرز: ڈومز ڈے‘ کی پیچیدہ کہانی اور مختلف کرداروں کے باہمی تعلقات سمجھنے میں مدد دے گی۔

