(ویب ڈیسک)سعودی عرب میں ملازمت کرنے والے پاکستانیوں اور دیگر غیر ملکی کارکنوں کے لیے ملازمت ختم ہونے پر ملنے والی مالی مراعات سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔
جن کے تحت ملازم اپنی ملازمت کے اختتام پر سروس کے سالوں اور بنیادی تنخواہ کے حساب سے اینڈ آف سروس بینیفٹس (اختتامی ملازمت کی مراعات) حاصل کرنے کا حق رکھتا ہے۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ پاکستان کی جانب سے جاری کردہ معلومات کے مطابق سعودی عرب کے لیبر قانون کے تحت ملازمت ختم ہونے پر کارکن کو ابتدائی پانچ سال کی سروس کے لیے ہر سال کی بنیاد پر آدھے مہینے کی تنخواہ کے برابر مراعات دی جاتی ہیں، جبکہ پانچ سال سے زائد ملازمت کرنے کی صورت میں ہر اضافی سال کے لیے ایک مکمل مہینے کی تنخواہ کے برابر مالی مراعات کا حق حاصل ہوتا ہے۔

تاہم ملازم کی جانب سے خود استعفیٰ دینے کی صورت میں مراعات کی شرح ملازمت کی مدت کے مطابق مختلف ہوتی ہے۔
قانون کے تحت دو سے پانچ سال تک ملازمت کرنے والے کارکن کو مجموعی طور پر واجب الادا مراعات کا ایک تہائی حصہ دیا جاتا ہے، جبکہ پانچ سے دس سال تک سروس مکمل کرنے والے ملازم کو دو تہائی مراعات ملتی ہیں۔
اسی طرح دس سال سے زیادہ عرصہ ملازمت کرنے والے کارکن کو استعفیٰ دینے کی صورت میں بھی مکمل اینڈ آف سروس بینیفٹس ادا کیے جاتے ہیں۔
بیورو کی فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق اگر ملازم آجر یا کفیل کی جانب سے سعودی لیبر قانون میں بیان کردہ خلاف ورزیوں یا غلط کاریوں کے باعث ملازمت چھوڑنے پر مجبور ہو تو ایسی صورت میں اسے سروس کی مدت سے قطع نظر مکمل اختتامی ملازمت کی مراعات ملنے کا حق حاصل ہوگا۔
بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ نے کارکنوں، تارکین وطن اور اوورسیز ایمپلائمنٹ پروموٹرز (او ای پیز) کو ہدایت کی ہے کہ ملازمت چھوڑنے یا فائنل سیٹلمنٹ کے وقت کارکن کی مجموعی مدت ملازمت اور بنیادی تنخواہ کو مدنظر رکھتے ہوئے واجب الادا مراعات کا درست حساب لگایا جائے۔
کارکنوں کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ اگر فائنل سیٹلمنٹ میں کسی قسم کا ابہام یا اختلاف ہو تو معاملے کی مکمل جانچ پڑتال اور واجبات کی تصدیق کیے بغیر تصفیے کی دستاویزات پر دستخط نہ کریں، تاکہ وہ اپنے قانونی مالی حقوق سے محروم نہ ہوں۔
یہ بھی پڑھیں: بجلی بندش کا شیڈول جاری

