پاکستانی جامعات کے ہاسٹلز کا ’امتیازی‘ رویہ

400216 1256441706


میری خوش قسمتی کہہ لیجیے کہ مجھے کبھی پاکستان کے کسی ہاسٹل میں رہنے کا موقع نہیں ملا۔ مجھے ہاسٹل کا پہلا تجربہ چین میں ہوا جو خاصا خوشگوار رہا۔

میری جامعہ میں بین الاقوامی اور چینی طلبہ کے ہاسٹل الگ الگ تھے۔ چینی طلبہ کے ہاسٹلز صنف کی بنیاد پر تقسیم تھے اور رات کو ایک مقررہ وقت پر بند ہو جاتے تھے۔ چینی طلبہ کو اس سے پہلے ہاسٹل واپس آنا پڑتا تھا۔ لڑکے اور لڑکیاں ایک دوسرے کے ہاسٹل میں نہیں جا سکتے تھے، اگرچہ جامعہ میں ان کے میل جول پر کوئی پابندی نہیں تھی۔

دوسری طرف بین الاقوامی طلبہ کے ہاسٹلز میں لڑکے اور لڑکیاں ایک ہی عمارت میں رہتے تھے۔ ان کے لیے کوئی کرفیو نہیں تھا۔ وہ جب چاہتے باہر جا سکتے تھے۔ صفائی کا عملہ روز آتا تھا۔ اس کے علاوہ، ہاسٹل میں طلبہ کو لانڈری اور باورچی خانے کی سہولت بھی موجود تھی۔

طلبہ کی پرائیویسی کا بھی مکمل خیال رکھا جاتا تھا۔ بین الاقوامی طلبہ کو یا تو الگ کمرہ ملتا تھا یا ماسٹرز اور انڈر گریجویٹ کی صورت میں دو طلبہ ایک کمرے میں رہتے تھے جبکہ چینی ہاسٹلز میں ایک کمرے میں چار سے چھ طلبہ رہتے تھے۔ چینی طلبہ اس فرق پر شاکی تو نظر آتے تھے مگر اس سے آگے کچھ نہیں کرتے تھے۔

جنوبی ایشیا کی جامعات کے ہاسٹلز میں بھی امتیاز کچھ کم نہیں ہے۔ یہاں کی جامعات میں پہلے تو طالب علموں کو ہاسٹل ہی نہیں ملتا، مل جائے تو انہیں وہاں کے تمام قوانین ماننے پڑتے ہیں چاہے وہ کتنے ہی امتیازی کیوں نہ ہوں۔ ان اصولوں کی پاسداری نہ کرنے پر طالب علم کو ہاسٹل سے بے دخل بھی کیا جا سکتا ہے۔

پاکستانی جامعات میں لڑکوں اور لڑکیوں کے نہ صرف ہاسٹلز الگ ہیں بلکہ دونوں کے قوانین بھی الگ ہیں۔ کرفیو تقریباً ہر ہاسٹل میں نافذ ہے۔ طلبہ کو ایک مقررہ وقت تک واپس آنا ہوتا ہے اور اس کے بعد انہیں ہاسٹل سے باہر جانے کی اجازت نہیں ہوتی، لیکن اس اصول پر عمل کا طریقہ طالب علم کی صنف کے ساتھ بدل جاتا ہے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

لڑکیوں کے لیے کرفیو ایک سخت حد ہے۔ دیر سے آنے پر بھاری جرمانہ ہوتا ہے، گھر فون کر کے اطلاع دی جاتی ہے اور تین بار دیر ہو جائے تو ہاسٹل سے نکالا بھی جا سکتا ہے۔ بہت سے ہاسٹلز میں روزانہ حاضری لگتی ہے۔ اگر کوئی طالبہ کسی دن حاضری لگوانے سے رہ جائے تو والدین کو فون چلا جاتا ہے۔ یہ سب اس دلیل پر کیا جاتا ہے کہ معاشرہ خراب ہے اور والدین نے جامعہ پر بھروسہ کر کے اپنی بیٹیاں وہاں بھیجی ہیں۔

لڑکوں کے ہاسٹلز میں یہی کرفیو کچھ نرم پڑ جاتا ہے۔ کوئی طالب علم دیر سے آئے تو اسے محض جرمانہ ہوتا ہے، گھر فون نہیں جاتا۔ نہ ہی لڑکوں کی روزانہ حاضری لگتی ہے۔ اگر کوئی لڑکا کرفیو سے پہلے واپس نہ آ سکے تو رات باہر گزار کر صبح ہاسٹل کھلنے پر لوٹ آتا ہے۔ نہ کوئی اسے شک کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور نہ کوئی سوال کرتا ہے۔

پاکستانی جامعات اپنے ہاسٹلز میں رات گئے چھاپوں کے لیے بھی جانی جاتی ہیں۔ آدھی رات کے بعد انتظامیہ ایک ایک کمرے میں جاتی ہے، اکثر بغیر دستک یا اجازت کے اور کونا کونا چھان مارتی ہے۔ بیگ، الماریاں اور دراز کھولے جاتے ہیں، یہاں تک کہ کوڑے دان بھی دیکھے جاتے ہیں۔

ہاسٹل میں طلبہ سے صرف ان کے گھر والے ملنے آ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کسی کو ہاسٹل میں ان سے ملنے کی اجازت نہیں ہوتی۔ انہیں باہر جانے کے لیے بھی گھر والوں کا دستخط شدہ خط دکھانا پڑتا ہے، تب کہیں جا کر انہیں باہر جانے کا پاس ملتا ہے۔

ہاسٹلز میں زیادہ بجلی خرچ کرنے والے آلات جیسے ہیٹر، استری یا کھانا پکانے کا سامان عموماً ممنوع ہوتے ہیں۔ کسی کمرے سے کرلنگ آئرن جیسی معمولی چیز بھی نکل آئے تو سخت سست سنائی جاتی ہیں اور بھاری جرمانہ کیا جاتا ہے۔ دوسری طرف شاید ہی پاکستان میں کوئی ہاسٹل طلبہ کو اے سی یا ہیٹر کی سہولت دیتا ہو۔ طلبہ سخت گرمی پنکھے کے سہارے اور سخت سردی لحاف کے سہارے گزارتے ہیں۔

یہ صورت حال کسی ایک ادارے تک محدود نہیں ہے۔ چھوٹی بڑی تقریباً ہر جامعہ اپنے ہاسٹلز اسی طرح چلا رہی ہے۔ یہ وہی جامعات ہیں جو دنیا کو باصلاحیت گریجویٹس دینے اور پیچیدہ مسائل حل کرنے کا دعویٰ کرتی ہیں لیکن اپنے ہاسٹلز کے لیے ان کے پاس روک ٹوک کے سوا کوئی طریقہ موجود نہیں ہے۔

طلبہ کو محفوظ رکھنے کا ان کے پاس ایک ہی حل ہے: کنٹرول اور روک تھام۔ یہ جامعات اربوں روپے کے پروجیکٹس چلا رہی ہیں مگر کوئی بھی نہ اپنے طلبہ کی آگاہی پر کام کر رہی ہے نہ اس معاشرے کو بہتر بنانے پر جس سے بچانے کے نام پر طلبہ پر یہ ساری پابندیاں لگائی جاتی ہیں۔

اگر معاشرہ واقعی خراب ہے تو اس کا علاج طلبہ کو تالوں میں بند کرنا نہیں بلکہ انہیں اس معاشرے کا سامنا کرنے کے قابل بنانا ہے۔ جو جامعہ اپنے طلبہ کو صحیح اور غلط میں فرق کرنا، خطرے کو پہچاننا اور مشکل میں مدد مانگنا نہیں سکھا سکتی، وہ آدھی رات کو ان کے دراز کھول کر بھی انہیں محفوظ نہیں کر سکتی۔

 ہاسٹل کے دروازے پر کرفیو لگا دینے سے نہ برائی ختم ہوتی ہے، نہ خطرہ ٹلتا ہے۔ بس ذمہ داری انتظامیہ کے کندھوں سے اتر کر طلبہ اور ان کے والدین کے سر آ جاتی ہے اور جامعہ ہر نقصان سے بری الذمہ ہو جاتی ہے۔

یہ طلبہ بالغ ہیں۔ یہ ووٹ دے سکتے ہیں، شادی کر سکتے ہیں اور ملک کا قانون انہیں اپنے فیصلوں کا ذمہ دار مانتا ہے۔ پھر جامعہ کی چار دیواری میں داخل ہوتے ہی ان کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیوں ہونے لگتا ہے۔ ایسے مجرم جن کے بیگ اور کوڑے دان تک کی رات گئے تلاشی لی جاتی ہے؟

ہماری جامعات کو اپنی ترجیحات پر نظر ثانی کرنے کی ضرورت ہے۔ انہیں ایسے پروجیکٹس پر کام کرنا چاہیے جو اس معاشرے کو سب کے لیے محفوظ بنائیں، قوانین کو مضبوط کریں، ان کے درست اطلاق میں حکومت کی مدد کریں اور جواب دہی کا نظام قائم کریں تاکہ اس ملک کا ہر شہری خود کو محفوظ سمجھے اور باعزت زندگی گزار سکے۔

نوٹ: یہ تحریر بلاگر کی ذاتی آرا پر مبنی ہے، جس سے انڈپینڈنٹ اردو کا مفق ہونا ضروری نہیں۔





Source link

متعلقہ پوسٹ