تیرہ اگست 2026 کو پارلیامنٹ کے اجلاس کا ایک منظر۔ (تصویر: سنسد ٹی وی/پی ٹی آئی)
خواتین ریزرویشن لاگو کرنے کے لیے بی جے پی کی قیادت والی حکومت کی حد بندی کے تحت لوک سبھا کی سیٹوں میں توسیع کا منصوبہ اپریل میں پارلیامنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران کامیاب نہیں ہو پایا تھا۔ تاہم، اس وقت سے پارلیامنٹ میں سیاسی جماعتوں کی تعداد کا حساب وکتاب بدل گیا ہے۔ ادھر، اپوزیشن جماعتوں نے یوم آئین پر پارلیامنٹ کا اجلاس بلانے کے حکومت کے فیصلے کو آئین پر حملہ بتایا ہے۔
نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت والی مرکزی حکومت کی جانب سے خواتین ریزرویشن لاگو کرنے کے لیے حد بندی سے متعلق لوک سبھا کی سیٹوں میں توسیع کے متنازعہ منصوبے کو ایک بار پھر سے پیش کیے جانے کی قیاس آرائیوں کے درمیان مرکزی حکومت نے پارلیامنٹ کا اجلاس دوبارہ بلانے کی تاریخوں کو لے کر کئی دنوں سے جاری غیر یقینی صورتحال کو ختم کر دیاہے۔
جمعرات (26 نومبر) کو اعلان کردہ پروگرام کے مطابق، پارلیامنٹ کا اجلاس 30 نومبر سے دوبارہ شروع ہوگا۔ حکومت نے اسے ’ضروری سرکاری کام کاج‘ کے لیے طلب کیا ہے۔
مانسون اجلاس 13 اگست کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کیے جانے کے 105 دن بعد حکومت نے پارلیامنٹ کا اجلاس بلانے کا اعلان کیا ہے۔ 30 نومبر کو جب پارلیامنٹ کا اجلاس دوبارہ شروع ہوگا تو یہ دو اجلاسوں کے درمیان اب تک کا سب سے طویل وقفہ ہوگا۔ یہ اجلاس سرمائی اجلاس کا حصہ نہیں ہوگا، بلکہ مانسون اجلاس ہی کی توسیع ہوگا، جسے ابھی تک باضابطہ طور پر ختم نہیں کیا گیا ہے۔
پارلیامانی امور کے وزیرکرن رجیجو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ حکومت نے لوک سبھا اسپیکر اور راجیہ سبھا کے چیئرمین سے گزارش کی ہے کہ وہ سوموار (30 نومبر) کو لوک سبھا اور بدھ (2 دسمبر) کو راجیہ سبھا کا اجلاس دوبارہ بلائیں، تاکہ ضروری سرکاری کام کاج نمٹایا جا سکے۔
انہوں نے لکھا، ’سرکاری کام کاج کے مدنظر دونوں ایوانوں کا اجلاس 3 دسمبر کو ختم ہو سکتا ہے۔‘
حکومت نے ابھی تک یہ واضح نہیں کیا ہے کہ اس دوران پارلیامنٹ میں کون سے قانون سازی یا دیگر امور انجام دیے جائیں گے۔ تاہم، دی وائر کو جانکاری ملی ہے کہ راجیہ سبھا سکریٹریٹ نے ارکان پارلیامنٹ کو مطلع کیا ہے کہ اس اجلاس کے دوران وقفہ سوال، زیرو آور اور غیر سرکاری بلوں پر بحث نہیں ہوگی۔
دوسری جانب، لوک سبھا سکریٹریٹ نے ارکان پارلیامنٹ کو صرف اتنا بتایا ہے کہ 18ویں لوک سبھا کے آٹھویں اجلاس کا دوسرا مرحلہ سوموار سے شروع ہوگا اور ’سرکاری کام کاج کی ضروریات کے مطابق‘ جمعرات کو ختم ہوگا۔
حکومت کی جانب سے ایوان میں پیش کیے جانے والے کام کاج کی تفصیلات فراہم نہ کیے جانے کے درمیان یہ قیاس آرائیاں تیز ہو گئی ہیں کہ حکومت نے حد بندی بل منظور کرانے کے لیے مطلوبہ تعداد حاصل کر لی ہے۔ اپریل میں پارلیامنٹ کے خصوصی اجلاس کے دوران یہ بل ناکام ہو گیا تھا۔
حکومت نے خواتین ریزرویشن بل کو لاگو کرنے کی آڑ میں حد بندی کے تحت لوک سبھا کی سیٹوں میں توسیع کا منصوبہ پیش کیا تھا۔ ستمبر 2023 میں پارلیامنٹ نے اتفاق رائے سے ناری شکتی وندن ایکٹ، 2023 (128ویں آئینی ترمیمی بل) منظور کیا تھا۔ اس کے تحت لوک سبھا اور ریاستی اسمبلیوں میں خواتین کے لیے 33 فیصد ریزرویشن کا اہتمام کیا گیا تھا۔ تاہم، اس کے نفاذ کو اگلی مردم شماری کے بعد ہونے والی حد بندی سے جوڑ دیا گیا تھا۔
مودی حکومت پہلی بار لوک سبھا میں کوئی آئینی ترمیمی بل منظور کرانے میں ناکام رہی تھی۔ اس کے ساتھ ہی اس سے متعلق حد بندی بل بھی گر گیا تھا۔ اس آئینی (131ویں ترمیمی) بل کو ایوان میں مطلوبہ دو تہائی اکثریت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔
ان دونوں بلوں کے ذریعے نہ صرف لوک سبھا کی مجموعی نشستوں کی تعداد بڑھا کر 850 کرنے کی تجویز تھی، بلکہ پارلیامنٹ میں سیاسی توازن اور مرکز و ریاستوں کے تعلقات میں بھی بنیادی تبدیلیوں کا خدشہ تھا۔
خاص بات یہ ہے کہ 131ویں آئینی ترمیمی بل میں 1976 میں حد بندی پر عائد پابندی ختم کرنے کی تجویز بھی شامل تھی۔ اس کے ساتھ ہی لوک سبھا کی نشستوں کی ریاستوں کے درمیان تقسیم اور پارلیامانی حلقوں کی حد بندی کے لیے 2011 کی مردم شماری کو بنیاد بنانے کی بات کہی گئی تھی۔ بل میں اس کے لیے ’تازہ ترین شائع شدہ مردم شماری‘ کی اصطلاح استعمال کی گئی تھی۔ اپوزیشن جماعتوں نے اس پر اعتراض کیا تھا، کیونکہ 2027 کی مردم شماری کا عمل پہلے ہی شروع ہو چکا تھا۔
آئینی ترمیمی بل کے حق میں 298 اور مخالفت میں 230 ووٹ پڑے تھے۔ اسے منظور کرانے کے لیے حکومت کو اور 54 ووٹوں کی ضرورت تھی۔
اس کے بعد سے بی جے پی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ ترنمول کانگریس، شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) اور عام آدمی پارٹی (عآپ) میں ہوئی ٹوٹ اور کچھ رہنماؤں کے پارٹی تبدیل کرنے کے بعد اتحاد کی صورت حال بدل گئی ہے۔
تمل ناڈو اسمبلی انتخابات کے بعد کانگریس کی جانب سے دراوڑ منیترا کژگم (ڈی ایم کے) کے ساتھ اتحاد ختم کرنے اور اس کے بعد ڈی ایم کے کے انڈیا اتحاد سے باہر ہونے کے فیصلے نے بھی اس قیاس آرائی کو بڑھا دیا ہے کہ کیا یہ جماعت کسی نئے حد بندی بل کے حق میں ووٹ کرے گی۔
سب کی نظریں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شردچندر پوار) پر بھی ہیں، جو انڈیا اتحاد کی ایک اہم اتحادی ہے۔ پارٹی کی رکن پارلیامنٹ سپریہ سولے نے بدھ کو کہا تھا کہ اگر یہ بل ’ملک کے مفاد میں‘ ہوگا تو ان کی پارٹی اس کی حمایت کرے گی۔
اپوزیشن جماعتوں نے پہلے الزام لگایا تھا کہ حکومت نے مانسون اجلاس کو باضابطہ طور پر ختم نہیں کیا ہے، کیونکہ وہ خصوصی اجلاس بلا کر حد بندی بل دوبارہ پیش کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ تاہم، ماہرین کا کہنا ہے کہ 30 نومبر سے شروع ہونے والا اجلاس مانسون اجلاس ہی کی توسیع ہوگا۔
لوک سبھا کے سابق سکریٹری جنرل پی ڈی ٹی آچاریہ نے کہا، ’چونکہ مانسون اجلاس کو ابھی تک باضابطہ طور پر ختم نہیں کیا گیا ہے، اس لیے یہ اسی اجلاس کا اگلا مرحلہ ہوگا۔‘
’آئین پر حملہ‘، اپوزیشن جماعتوں کا الزام
دریں اثنا، اپوزیشن نے الزام لگایا ہے کہ مودی حکومت نے پارلیامنٹ کے اجلاس کا اعلان کرنے کے لیے یوم آئین کو منتخب کیا ہے۔ اپوزیشن کا کہنا ہے کہ حکومت اکثریت حاصل کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں میں پھوٹ اور دل بدلی کا سہارا لے کر حد بندی بل منظور کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔
کانگریس کے رکن پارلیامنٹ جئے رام رمیش نے کہا، ’14 اپریل 2026 کو امبیڈکر جینتی کی شام مودی حکومت نے حد بندی سے متعلق بلوں کو عوامی سطح پر پیش کیا تھا۔ ان بلوں کا جو حشر ہونا چاہیے تھا، وہی 17 اپریل 2026 کی رات کو ہوا۔ اب ’آپریشن لوٹس‘ کے 105 دن بعد یوم آئین کے موقع پر مودی حکومت نے خصوصی اجلاس کا اعلان کیا ہے۔ اسے امید ہے کہ اب وہ آئینی ترمیمی بل منظور کرانے کے لیے ضروری دو تہائی اکثریت حاصل کر لے گی، جبکہ اکثریت حاصل کرنے کا اس کا پورا عمل انتہائی متنازعہ ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا، ’کیا آئین کی اس سے بڑی توہین اور اس پر اس سے بڑا حملہ ہو سکتا ہے؟ لڑائی جاری ہے۔‘
کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا (مارکسسٹ) کے ایم پی جان برٹاس نے بھی مودی حکومت پر الزام لگایا کہ اس نے جان بوجھ کر یوم آئین پرہی اجلاس کا اعلان کیا۔ انہوں نے اسے ہندوستانی جمہوریت کا ’سیاہ اور شرمناک باب‘ قرار دیا۔
انہوں نے کہا، ’حد بندی کے نام پر جو کچھ کیا جا رہا ہے، یعنی اکثریت تیار کرنے کے لیے انضمام، اتحاد، حصول اور خرید و فروخت، وہ آئین پر حملے سے کم نہیں ہے۔ سب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ آئین کو اپنائے جانے کے 77 سال بعد، یوم آئین پر ہی ایسا ہو رہا ہے۔ جس آئین کا مقصد عوام کے مینڈیٹ کی حفاظت کرنا ہے، اسی کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرکے عوامی مینڈیٹ کو کمزور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔‘
راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے رکن پارلیامنٹ منوج کمار جھا نے بی جے پی پر طنز کرتے ہوئے الزام لگایا کہ پارٹی نے ’بہترین برتنوں‘ کا استعمال کرکے سیاسی اعداد و شمار کو اپنے حق میں ’پکا‘ لیا ہے۔
اس سے پہلے جمعرات کی شام مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے خواتین ریزرویشن کے نفاذ میں تاخیر کے لیے کانگریس اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی کو ذمہ دار ٹھہرایا۔ تاہم، انہوں نے حکومت کے متنازعہ حد بندی منصوبے کا کوئی ذکر نہیں کیا۔
انہوں نے کہا، ’کانگریس پارٹی اسے روک رہی ہے۔ میں راہل جی سے کہنا چاہتا ہوں کہ بی جے پی اور ہمارے رہنما مودی کا عزم ہے کہ خواتین کو 33 فیصد ریزرویشن ضرور ملے گا۔ آپ ہمیں روک نہیں سکتے۔‘
اپریل میں جب آئینی (131ویں ترمیمی) بل لوک سبھا میں دو تہائی اکثریت حاصل کرنے میں ناکام رہا تھا، تب امت شاہ نے کہا تھا کہ ملک کی خواتین اپوزیشن کو ’معاف نہیں کریں گی۔‘
انگریزی میں پڑھنے کے لیے یہاں کلک کریں۔

